طاہر احمدیہ سیکنڈری سکول کیلاہوں، سیرالیون میں جلسہ یوم مسیح موعود اور مقابلہ حفظ شرائط بیعت
مکرم انیس احمد صاحب مربی سلسلہ و استاد طاہر احمدیہ سیکنڈری سکول کیلاہوں، دارو ریجن سیرالیون تحریر کرتےہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے طاہر احمدیہ سیکنڈری سکول کیلاہوں، دارو ریجن سیرالیون میں مورخہ 23؍مارچ 2022ء کو جلسہ یوم مسیح موعود علیہ الصلوٰةوالسلام کا انعقاد کیا گیا۔ الحمدللہ علی ذالك۔
جلسہ سے قبل مختلف کلاسز کےطلباء و اساتذہ کو تلاوت، نظم اور یوم مسیح موعود کی مناسبت سے مختلف موضوعات پر تقاریر تیار کروائی گئیں۔ مورخہ 23؍مارچ بروز بدھ صبح 10بجے سکول کے احاطہ میں خاکسار کی زیر صدارت جلسہ یوم مسیح موعود علیہ الصلوٰةوالسلام کاآغاز ہوا۔
جلسہ کا آغاز طالب علم عزیزم ابوبکر سیسے نے سورة الجمعہ کی ابتدائی آیات کی تلاوت سے کیا جبکہ ترجمہ عزیزم فوڈے موسی باؤنے پیش کیا۔ بعد ازاں ایک طالب علم عثمان کمارا نے مسیح کی آمد ثانی کے متعلق حدیث پیش کر کے اس کی تفصیل بتائی۔ اس کے بعد عزیزہ زینب محمود نے حضرت مسیح موعودؑ کا منظوم کلام ’’حمد و ثنا اسی کو جوذات جاودانی‘‘ مترنم آواز میں پڑھ کر سنایا۔
بعد ازاں مکرم محمد ایف کروما صاحب پرنسپل طاہر احمدیہ سیکنڈری سکول نے 23؍مارچ کا پسِ منظرو اہمیت بیان کی۔ ازاں بعد ایک طالب علم برائما واندی نے دس شرائط بیعت پڑھ کر سنائیں۔ پھر ایک استاد مسٹر مایا نے احمدیہ عقائد کے موضوع پر تقریر کی اس کے بعد ایک اور استاد مسٹر علی ایف کروما نے احمدی اور غیر احمدی میں فرق کے موضوع پر تقریر کی۔
اس کے بعد سرکٹ مشنری مولوی ابراہیم محمود صاحب نے مسیح کی آمد از روئے احادیث کے موضوع پر تقریرکی اور آخر پر خاکسار نے یوم مسیح موعود کی اہمیت اور ہم یوم مسیح موعود کیوں مناتے ہیں؟ کے موضوع پر تقریرکی۔ دوران جلسہ مناسب مواقع پر طلباء کی جانب سے نعرہ ہائے تکبیر بھی بلند ہوتے رہے۔ جلسہ کے آخر پر جلسہ میں کی گئی تقاریر پر مبنی سوالات کیے گئے درست جوابات دینے والے طلباء کو نقد انعامات دیے گئے۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت روحانی جلسہ کا اختتام ہوا۔ جلسے میں طاہر احمدیہ سیکنڈری سکول نیز احمدیہ مسلم پرائمری سکولز کیلاہوں کے 550 طلباء و اساتذہ نے شرکت کی۔
مقابلہ حفظ شرائط بیعت
ماہ مارچ کے آغاز میں یوم مسیح موعود کی مناسبت سے سکول میں مقابلہ حفظ شرائط بیعت کااعلان کیا گیا اور طلباء کو دس شرائط بیعت کے پرنٹس دیے گئے۔ 22؍مارچ کو مقابلہ حفظ شرائط بیعت کروایا گیا جس میں مختلف کلاسز سے 35 طلباءوطالبات نے حصہ لیا۔ سرکٹ مشنری مولوی ابراہیم محمود مومو، مسٹر مایا اور خاکسار نے فرائض منصفی ادا کیے۔ مقابلہ حفظ شرائط بیعت میں اول برائما واندی کلاس SS Arts 1دوم فوڈے موسی باؤکلاس JSS 3 B جبکہ سوم یوسف تھامس کلاس2SS Arts؍قرار پائے اوراگلے دن 23؍مارچ کو جلسہ یوم مسیح موعود کے موقع پر مقابلہ حفظ شرائط بیعت میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو انعامات دیے گئے ۔
درخواست ِدعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کے ایمان واخلاص میں برکت ڈالے اور ان کو جلسہ کی برکات اور مقاصد سے بھر پور حصہ پانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین ۔
(رپورٹ: ذیشان محمود۔ مربی سلسلہ سیرالیون)