احمدیہ آرکائیوز اینڈ ریسرچ سنٹر
(Ahmadiyya Archives & Research Center)
(حدیقۃ المہدی، الفضل انٹرنیشل) جلسہ سالانہ برطانیہ میں کارڈ دکھانے اور سیکیورٹی چیکنگ کروانے کے بعد کھلے احاطہ میںداخل ہوں تو دائیں طرف بازار ہے۔ سامنے ضیافت کے بڑے بڑے خیمہ جات اور بائیں طرف سنٹرل دفاتر اور نمائش کے خیمہ جات لگے ہوئے ہیں۔ جن کے سامنے بنی میٹل کی سڑک پر چلتے ہوئے ہر دس قدم پر کوئی نہ کوئی نمائش آپ کے قدم روک کر اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ ان نمائشوں میں ایک ARC کا ریسرچ سنٹر بھی ہے جس کے مدیر المہام آصف محمود باسط صاحب ہیں۔ ARC کا قیام 2014ء میں ہوا اور 2016ء میں جلسہ پر ARC نے اپنی نوادرات شرکائے جلسہ کو دکھانے کے لئے پیش کیں ۔ اس محکمہ کو قائم کرنے کا محرک Professor Ron Geaves بنے جنہوں نے قادیان اور ربوہ کا دورہ کرنے اور جماعت کے قدیم لٹریچر کو دیکھنے کے بعد اس کا ذکر حضرت خلیفۃ المسیح سے کیا۔چنانچہ حضور نے آصف محمود باسط صاحب کو یہ ذمہ داری سپرد کی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام دنیا کی جماعتوں کا ریکارڈ، پرانی نادر کتب، سلسلہ کا قدیم لٹریچر، خطوط ، تبرکات، نیوز پیپر کٹنگز، یہاں ریکارڈ میں رکھی جائیں گی۔ اس بار بھی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے تبرکات، جن میں حضور کے بال، کوٹ کا ٹکڑا، تولیے کا ایک حصہ، نمائش میں خوبصورت شیشے کے شوکیس میں موجود ہے۔ سلسلے کے قدیم لٹریچر کے سرورق کی فوٹوکاپیاں بھی رکھی گئیں ہیں۔
1899ء میں تحفۂ قیصریہ کا فرنٹ پیج ہے۔ اسلامی اصول کی فلاسفی کے پہلے ایڈیشن کا سرورق، انگریزی ترجمہ 1910ء کا فرنٹ حصہ، یہ کتاب Teaching of Islam کے نام سے Luzac & Co, 46 Great Russel Street نے شائع کی تھی۔
براہین احمدیہ، فصل الخطاب، انگلستان مشن کی ماضی میں شائع ہونے والی خبروں کے تراشے، حضرت المصلح الموعود رضی اللہ عنہ کے لندن مشن کو خطوط وغیرہ، اس قسم کا تاریخی مواد نمائش میں رکھا ہے جس کو لوگ بہت دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں۔
تبرکات اور ریکارڈ کو پروفیشنل طریق پر محفوظ بنایا جارہا ہے۔ یہ نمائش جلسے کے تینوں روز صبح سے رات گئے تک کھلی رہے گی۔ البتہ خواتین کے لیے ہفتے کے روز حضور کے خواتین سے خطاب کے بعد تیسرے پہر کے سیشن کے آغاز تک اور اتوار کو عالمی بیعت کے بعد اختتامی اجلاس کے آغاز تک کا وقت مخصوص کیا گیا ہے۔
(جلسہ سالانہ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے الفضل کی ویب سائیٹ www.alfazl.comسے استفادہ کیجیے۔ اور موبائل فون پر الفضل کی ایپلیکیشن انسٹال کرنے کے لیے Google Play Store یا Apple App Store پر جا کر alfazl لکھ کر تلا ش؍ سرچ کیجیے اور جلسے کے متعلق تازہ بتازہ خبروں سے لطف اندوز ہوئیے۔)
(رپورٹ: عرفان احمد خان)