پروگرام بسلسلہ یوم خلافت بواکے ریجن، آئیوری کوسٹ
مکرم باسط احمد صاحب مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کے فضل سے امسال بھی ماہ مئی میں بواکے (Bouaké) ریجن میں یوم خلافت کے حوالہ سے مختلف پروگرامز منعقد کیے گئے جن کی ایک جھلک پیش خدمت ہے۔
1۔ بواکے شہر(Bouaké)
بواکے شہر میں ماہ مئی میں 3خطبات بعنوان خلافت مکرم ابراہیم صلہ صاحب معلم سلسلہ نے دیے اسی طرح بعد از نماز مغرب دو درس اور بعد از نماز فجر بھی دو مرتبہ خلافت کے موضوع پر درس دیے گئے۔ مورخہ 29؍مئی بروز اتوار مسجد فضل عمر بواکے میں ایک جلسہ کا اہتمام کیاگیا جو کہ خاکسار (ریجنل مشنری) کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت و نظم کے بعد مکرم صلہ ابراہیم صاحب معلم سلسلہ نے برکات خلافت کے عنوان سے تقریر کی۔ بعد ازاں ڈاکی ساگا ہارون صاحب صدر جماعت بواکے نے خلافت کی بابت صحائف قدیم اور قرآن و حدیث میں پیش گوئیاں کےعنوان پرتقریرکی۔ اس کے بعد خاکسار نے منصب خلافت اور خلافت سے ذاتی تعلق کی اہمیت و ضرورت کے عنوان سے تقریر کی۔مکرم کونے داؤد صاحب صدر خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ نے خلافت کے زیر انتظام قائم نظام شوریٰ نیز شوریٰ آئیوری کوسٹ 2022ء کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں دلچسپ مجلس سوال و جواب کا بھی انعقاد کیاگیا۔دعا کے ساتھ اس بابرکت اجلاس کا اختتام ہوا اور تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیاگیا جو کہ لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ کی ایک ٹیم نے تیار کیا۔
2۔ نیاکارا جماعت(Niakara)
نیاکارا جماعت میں دوران مئی 2 خطبات بعنوان خلافت مکرم جاراسوبا سلیمان صاحب لوکل مشنری نے دیے۔ اسی طرح بعد از نماز مغرب دو مرتبہ دروس کے ذریعے بھی خلافت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ مورخہ 28 مئی بروز ہفتہ نیاکارا شہر میں لوکل مشنری نیاکارا کی زیر صدارت ایک جلسہ خلافت کا بھی انعقاد کیا گیا۔ جس میں مکرم جاراسوبا سلیمان صاحب نے حاضرین سے خلافت کی ضرورت اور اہمیت کے بارہ میں خطاب کیا۔
3۔ Diembrossedougou جماعت
Diembrossedougou جماعت میں مئی کے دوران دو خطبات جمعہ مکرم مینزہ وترا صاحب معلم سلسلہ نے بعنوان خلافت دیے۔ اسی طرح نماز مغرب کے بعد 3 مرتبہ درس بابت اہمیت و برکات خلافت دیے گئے۔
4۔ پےکاہا جماعت (Pekaha)
پےکاہا جماعت میں 29؍مئی کوبعد از نماز مغرب ایک اجلاس بابت خلافت کا انعقاد ہوا جس میں لوکل مشنری مکرم جارا سوبا سلیمان صاحب نے برکات خلافت کے عنوان پر تقریر کی۔ الحمد للہ علی ذالک
اللہ تعالیٰ ہم سب کو خلافت سے ہمیشہ وابستہ رہنے اور اس کی برکات سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عبد النور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)