پہلا جلسہ سالانہ پرنسپ
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سےمورخہ 21؍مئی 2022ء کو پرنسپ جزیرہ پر جماعت کو اپنا پہلا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جلسہ سالانہ کا عنوان تھا ’’خلافت امن وسلامتی، عدل اور بھائی چارہ کی ضامن ہے‘‘۔ جلسہ سالانہ کے لیے یہاں کے تمام نومبائعین کو مدعو کیا گیا تھا۔ اسی طرح جلسہ کا ریڈیو پر بھی اعلان کیا گیا۔ جلسہ کے دن فجر سے قبل شدید بارش شروع ہوگئی اور جلسہ ختم ہونے سے کچھ دیر قبل تک ہوتی رہی۔ پہلا جلسہ ہونے کی وجہ سے بڑی گھبراہٹ تھی کی لوگ زیادہ شامل نہیں ہوسکیں گے کیونکہ عمومی طور پر اس جزیرہ کے لوگ بارش میں گھروں سے نہیں نکلتے۔ چنانچہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں فوری طور پر دعا کاخط لکھا گیا جس کے نتیجے میں بارش نومبائعین کو جلسہ میں شرکت کرنےسے روک نہ پائی اور 11 مختلف مقامات سے 117 افراد جلسہ میں شامل ہوئے۔ الحمد للہ
مورخہ 21؍مئی صبح دس بجے جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نظم سے کیا گیا۔ جلسہ میں درج ذیل عناوین پر چار تقاریر ہوئیں:
1۔جلسہ سالانہ کی اہمیت وبرکات
2۔نماز باجماعت کی اہمیت
3۔قرآن پاک نجات کا سرچشمہ ہے
4۔خلافت امن وسلامتی، عدل اور بھائی چارہ کی ضامن
پہلی دو تقاریر کے بعد بیس منٹ کا وقفہ کیا گیا جس میں شاملین جلسہ کو ریفریشمنٹس دی گئیں۔ وقفہ کے بعد وسرے اجلاس کا آغاز دوبارہ تلاوت اور نظم کے ساتھ ہوا۔ تقاریر سے قبل بعض نومبائعین نے اپنے احمدی ہونے پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ اسی طرح مجلس سوال و جواب بھی ہوئی۔ آخری دو تقاریر کے بعد خاکسار (مبلغ انچارج و صدر جماعت) نے دعا کروائی جس کے بعد بعض ترانے پیش کیے گئے۔ جلسہ کے اختتام پر نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ پھر شاملین جلسہ نےکھانا تناول کیا اور اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔ تمام نومبائعین پہلی دفعہ جلسہ سالانہ میں شامل ہو کر بہت خوش ہوئے۔
تاثرات
محترم جوزےایمانوئل صاحب نے کہا کہ میں پہلی دفعہ جلسہ میں شامل ہوا ہوں۔ مجھے بہت خوشی ہوئی۔ میری خواہش اور دعا ہے کہ یہ جلسہ ہر سال منعقد ہو۔ پہلے میرا بیٹا احمدی ہوا تھا۔ اس وقت ہمیں اسلام کا کچھ علم نہیں تھا۔ میرے بیٹے نے مجھے بھی اس مذہب کی طرف راغب کیا۔ اب یہی نجات کا راستہ ہے۔
یونیورسٹی کےایک طالب علم محترم والدو (Waldo)صاحب نے کہا کہ مجھے ابھی کچھ ہی عرصہ ہوا کہ اسلام میں داخل ہوا ہوں۔ اسلام کی تعلیمات امن و محبت، ایک دوسرے کا خیال رکھنا، والدین کی عزت کرنا، میرے لیے ہدایت کا موجب بنیں۔ آج یہاں پہلے جلسہ سالانہ میں شامل ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ اسلام کی تعلیمات سن کر میرے ایمان میں بہت اضافہ ہوا۔
ایک سکول ٹیچر محترم ولکے (Vilké)صاحب نے کہا کہ جلسہ میں پہلی دفعہ شامل ہوا ہوں۔ جلسہ کی تعلیمات نے میرے دل پر بہت اثر کیا ہے۔ شدید بارش میں اتنے لوگوں کا جلسہ سالانہ میں شامل ہونا کسی معجزہ سے کم نہیں تھا۔ اب ہمیں اپنے احمدی ہونے پر فخر ہے۔ اس جزیرے پر پہلے اسلام کا کسی کو علم نہیں تھا۔ ہم اسلام کو اچھا مذہب نہیں سمجھتے تھے۔ اب پتا چلا کہ اسلام بہت اچھا مذہب ہے۔ اس کی تعلیمات نجات کا راستہ ہیں۔
اللہ تعالیٰ کرے کہ یہ پہلا جلسہ سالانہ اس جزیرے کے احمدیوں اور تمام لوگوں کے لیے بہت بابرکت ہو۔ یہ جلسہ یہاں کی تمام سعید روحوں کواسلام احمدیت کی طرف کھینچ لانے والا ہو۔ آمین