افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ مڈغاسکر کے 14ویں جلسہ سالانہ کا بابرکت اور کامیاب انعقاد

(رپورٹ:جبار ندیم۔افسر جلسہ سالانہ مڈغاسکر)

نماز تہجد ،درس القرآن ،علمی اور تربیتی مضامین پر مشتمل ٹھوس تقاریر اورمجلس سوال و جواب کا انعقاد
الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں کوریج

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال 12اور13 اکتوبر2018ءکو جماعت احمدیہ مڈغاسکر کو اپنا 14واں جلسہ سالانہ دارالحکومت Antananarivo (انتَ نانا ریوٗ) میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمد للہ علیٰ ذٰلک۔ امسال جلسہ سالانہ کا مرکزی موضوع’’اسلام میں مردوزن کے حقوق و فرائض‘‘ رکھا گیا تھا۔

جلسہ کی تیاریاں

جلسہ سالانہ کو کامیاب بنانے کے لئے ایک جلسہ سالانہ کمیٹی تشکیل دی گئی۔ علاوہ ازیں، مختلف جماعتوں میں ریجنل مشنریز نے لوکل معلمین کے ساتھ مل کر لوگوں کو جلسہ سالانہ کی اہمیت ، برکات اورروایات سے آگاہ کیا ۔ جلسہ کے تمام تر پروگرام و تقاریر کومقامی زبان Malagasy (مالاگاسی) میں تیار کیا گیاتاکہ سامعین کو سمجھنے میں آسانی ہوسکے۔اس کے علاوہ بعض لوکل ممبران کو اردو و عربی ترانے بھی تیار کروائے گئے۔ جماعت احمدیہ کی مرکزی مسجداور نئی جلسہ گاہ کو مختلف تعارفی، معلوماتی اور تصویری بینرزسے سجایا گیا۔ حکومتی عہدیداران، پریس کے نمائندگان اور مختلف مذاہب اور فرقوں کے رہنماؤں کو جلسہ کے دعوت نامے دئے گئے۔ جلسہ سالانہ کی کارروائی کے علاوہ کھانے کا انتظام بھی جلسہ گاہ میں کیا گیا۔ رہائش کا انتظام جماعتی کالج کے کمرہ جات میں کیا گیا۔

اس دفعہ بیرونی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے وفود کی آمد جلسہ سالانہ سے ایک روز قبل 11؍اکتوبر2018ء بروز جمعرات کو شروع ہو گئی تھی۔ماریشس جماعت سے ایک کثیر تعداد جلسہ میں شامل ہوئی۔

11 اکتوبر 2018ء کو تقریباً شام 5 بجے مہمان خصوصی مکرم Moussa Taujooصاحب امیر جماعت احمدیہ ماریشس اپنی اہلیہ کے ہمراہ ایئر پورٹ سے جماعت احمدیہ مڈغاسکر کے مرکزی مشن پہنچے۔ممبران جماعت احمدیہ مڈغاسکر اور مہمانان نے ان کا پُر جوش استقبال کیا۔اس کے بعدمکرم امیر صاحب نے تمام شعبہ جات کا معائنہ کیا۔

جلسہ سالانہ کا پہلا روز – 12 ؍اکتوبر 2018ء

پہلا سیشن

جلسہ سالانہ کے پہلے دن کا آغاز 12؍اکتوبر 2018ء بروز جمعۃ المبارک نماز تہجدسے ہوا۔ نماز فجر کے بعد تمام حاضرین کو ناشتہ اور تیاری کا وقت دیا گیا۔ صبح ساڑھے گیارہ بجے تقریب پرچم کشائی کا انعقاد کیا گیا۔ مکرم امیر صاحب ماریشس نے لوائے احمدیت لہرایا اور مکرم مجیب احمد صاحب صدر جماعت و مشنری انچارج نے مڈغاسکر کا قومی پرچم لہرایا۔ اس دوران حاضرین نے پُر جوش نعرے بلند کئے۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب ماریشس نے دعا کروائی۔ بعد ازاں بعض ترانے پیش کئے گئے۔ ایک ترانہ ناصرات نے کلمہ طیبہ بزبان عربی مع مالاگاسی ترجمہ پیش کیا۔ دوسرا ترانہ اطفال نے عربی زبان میں اور ایک ترانہ خدام نے اردو زبان میں پیش کیا۔ بعد ازاں کالج کے طلباء نے ترانے کی صورت میں خوش آمدید کے الفاظ بزبان French (فرنچ) اور پھر مقامی زبان Malagasy (مالاگاسی) میں پیش کئے۔

تقریب پرچم کشائی کی ایک تصویر

اس کے بعد مکرم امیر صاحب ماریشس نے French (فرنچ) زبان میں خطبہ جمعہ دیا جس کا ترجمہ معلم مکرم عبد الرحمٰن صاحب نے Malagasy (مالاگاسی) زبان میں کیا۔ نماز جمعہ کے ساتھ نماز عصر بھی ادا کی گئی۔

دوسرا سیشن

دوپہر کے کھانے کے بعد سہ پہر تین بجے، دوسرے سیشن کا آغاز ہوا۔تمام حاضرین نےایم ٹی اے پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سنا۔ لوکل ممبران جماعت نے مسجد میں خطبہ جمعہ کا رواں ترجمہ مالاگاسی(Malagasy) زبان میں سنا جو معلم عبد الرحمٰن صاحب نے ساتھ ساتھ کیا۔

حاضرینِ جلسہ حضورِ انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سن رہے ہیں

تیسرا سیشن

مکرم عیسیٰ تیجوصاحب ،سیکرٹری اشاعت ماریشس کی صدارت میں تیسرے اجلاس کاآغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو معلمBotofenotsara (بوٹو فے نو چارا)صاحب نے کی۔ بعد ازاں معلم Maximin (ماکسی مَیں)صاحب نے اس کا Malagasy (مالاگاسی) ترجمہ پڑھ کر سنایا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے منظوم کلام میں سے منتخب اشعار مکرم رانا فاروق ساجد صاحب نےترنم کے ساتھ پڑھ کر سنائے۔ ان اشعار کا Malagasy (مالاگاسی) ترجمہ عزیزمFaly (فالی) صاحب نے پڑھ کر سنایا۔بعد ازاں مکرم مدثر احمد صاحب قائمقام مشنری انچارج مڈغاسکر نے Malagasy (مالاگاسی) میں ’’اسلام کے قائم کردہ حقوق نسواں ‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ اس کے بعدخاکسار جبار ندیم ریجنل مشنری Region Fianarantsoa (فیانارَنت سوا) نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے منظوم کلام ’’نو نہالان جماعت ‘‘ میں سے چند اشعار ترنم کے ساتھ پڑھے۔ ان اشعار کا مالاگاسی ترجمہ معلم عبد الرحمٰن صاحب نے پڑھ کر سنایا۔بعد ازاں احمد خان نسیم صاحب نےوہی تقریر ’’اسلام کے قائم کردہ حقوق نسواں‘‘اردو زبان میں کی۔ دعا کے ساتھ اس سیشن کا اختتام ہوا۔

چوتھا سیشن

نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد چوتھے سیشن یعنی مجلس سوال و جواب کا آغاز ہوا۔اس سیشن کی صدارت مکرم مدثر احمد صاحب قائمقام مشنری انچارج مڈغاسکر نے کی۔ آپ نے ممبران جماعت کی طرف سے کئے گئے سوالات کے لوکل Malagasy (مالاگاسی) زبان میں جوابات دیئے ۔اس سیشن کے اختتام پر ممبران جماعت کو رات کا کھانا پیش کیا گیا۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا روز 13 ؍اکتوبر 2018ء

جلسہ سالانہ کے دوسرے روز 13اکتوبر 2018ء بروز ہفتہ کا آغاز بھی نماز تہجد کی ادائیگی سے کیا گیا۔ نماز فجر اوردرس القرآن کے بعد ازاں تمام حاضرین جلسہ کو ناشتہ اور تیاری کا وقت دیا گیا۔

پانچواں سیشن

صبح نَو بجے پانچویں سیشن کا آغاز ہوا۔ جس میں حکومتی عہدیداران، پریس کے نمائندگان اور مختلف مذاہب اور فرقوں کے رہنماؤں کو خصوصی دعوت دی گئی تھی۔

مکرم امیر صاحب ماریشس کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا ۔ معلم زبیر صاحب نے تلاوت کی اور اس کا ترجمہ مکرمDenery(دینیری)صاحب نے پیش کیا۔ بعد ازاں حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہ کی ایک نظم میں سے خاکسار جبار ندیم ریجنل مشنری Region Fianarantsoa (فیانارَنٹ سوا)نے منتخب اشعار ترنّم کے ساتھ پڑھ کر سنائے اور مکرم ناصر صاحب نے اِن کا Malagasy (مالاگاسی) زبان میں ترجمہ پڑھ کر سنایا۔ اس کے بعد معلم عبد الرحمٰن صاحب نے Malagasy (مالاگاسی) زبان میں’’بچوں کی تربیت کے حوالے سے والدین کے فرائض‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔

بعد ازاں اطفال الاحمدیہ نے گروپ کی صورت میں نظم ’’ہم احمدی بچے ہیں کچھ کر کے دکھا دیں گے‘‘ ترنم کے ساتھ پڑھی اور Malagasy(مالاگاسی) زبان میں اس کا ترجمہ پڑھ کر سنایا۔اس کے بعد خاکسار جبار ندیم ریجنل مشنری Region Fianarantsoa (فیانارَنٹ سوا) نے Malagasy(مالاگاسی) زبان میں’’اسلام میں پردے کا تصور‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔

اطفال الاحمدیہ مڈغاسکر نظم پڑھتے ہوئے

چھٹا اور اختتامی سیشن

مکرم امیر صاحب ماریشس کی صدارت میں اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ معلم عبد الرحمٰن صاحب نے تلاوت کرنے کی سعادت پائی اور اس کا Malagasy(مالاگاسی)زبان میں ترجمہ مکرمVeri Jerson(وَیری جَیرسوں)صاحب نے پڑھ کر سنایا۔ اس کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے منظوم کلام ’’ہر طرف فکر کو دوڑا کے تھکایا ہم نے‘‘میں سے منتخب اشعار مکرم رانا فاروق ساجد صاحب نے ترنم کے ساتھ پڑھے اور ان اشعار کا Malagasy (مالاگاسی) ترجمہ مکرم معلم Anselme (آنسیلم) صاحب نے پڑھا۔ اس کے بعد سابق منسٹر نیشنل پولیس مکرمArsene(آرسَین) صاحب نے اپنے تأثرات کا اظہار کیا ۔ آپ نے جماعت احمدیہ کےکاموںکوسراہا۔آپ کے تأثرات کا French (فرنچ) زبان میں ترجمہ بھی کیا گیا۔ میونسپل کمیٹی کے صدر صاحب نے بھی اپنے تأثرات میں جماعت کے کاموں کو سراہا ۔ اس کے بعد جماعت احمدیہ کے کالج کی پرنسپل ، Madame Tsiry (مادام تسیری) صاحبہ نے کالج کی کارگزاری رپورٹ بابت سال 2017ء۔2018ء پیش کی۔

سابق منسٹر نیشنل پولیس مکرمArsene(آرسَین)صاحب اپنے تأثرات بیان کرتے ہوئے۔

بعدازاں مکرم مجیب احمد صاحب صدر جماعت و مشنری انچارج مڈغاسکر نے جماعت احمدیہ مڈغاسکر کی کارگزاری رپورٹ بابت سال 2017ء۔2018ء French (فرنچ) زبان میں پیش کی جس کا Malagasy (مالاگاسی) زبان میں ترجمہ بھی پڑھا گیا۔

اس کے بعد مکرم امیر صاحب ماریشس نے French (فرنچ) زبان میں اختتامی تقریر کی جس کا Malagasy (مالاگاسی) زبان میں ترجمہ بھی ساتھ ساتھ کیا گیا۔امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں اسلام کی خوبصورت تعلیم کے حوالہ سے ذکر کیا کہ اسلام عورتوں کے حقوق کی حفاظت کرتا ہے خواہ وہ ماں ہو، بیوی ہو، بیٹی ہو۔نیز احادیث نبویہ ﷺ سے اپنی گزارشات کو مزین کیا اور کہا کہ یہ حقوق کوئی اَور مذہب عورتوں کو نہیں دیتا۔ آخر پر امیر صاحب نے دعا کروائی۔اور یوں جلسہ سالانہ اپنے اختتام کو پہنچا۔
اختتامی اجلاس کے بعد مقامی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے مختلف نمائندوں نے مکرم امیر صاحب ماریشس کا انٹرویو لیا جس میں جلسہ سالانہ کے انعقاد کے مقصد اور اسلام میں حقوق نسواں کے متعلق سوالات کئے گئے۔

حاضرین جلسہ اختتامی دعا کے دوران

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ مڈغاسکر 2018ء میں کل حاضری 601 رہی۔ نیز کل36حکومتی افسران اور دیگر مہمانان نے شمولیت اختیار کی۔جلسہ کی تشہیر 2 ٹی وی چینلز، 2 ریڈیو چینلز اور 7 اخبارات نے کی۔ اس طرح قریباً 7 ملین افراد تک یہ پیغام پہنچا۔ فالحمد للہ علیٰ ذٰلک

قارئین الفضل انٹر نیشنل سے دعاؤں کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں احسن رنگ میں مقبول خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے اور ہماری کوششوں کو باثمر کرے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button