جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کی نیشنل مجلس شوریٰ
جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ، مغربی افریقہ کو امسال نیشنل مجلس شورٰی مورخہ 21 اور22 مئی 2022ء بروز ہفتہ و اتوار منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی، الحمد للہ علیٰ ذٰلک۔ امسال منعقد کی جانے والی شوریٰ کی اہمیت اس طرح بھی زیادہ ہے کہ 1922ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جماعت احمدیہ میں باقاعدہ مجلس شوریٰ کاکے نظام کا انعقاد کیا جس کے اجراء کی صدی امسال پوری ہورہی ہے۔ دنیا کے طول و عرض میں جماعت ہائے احمدیہ کو مجلس شوریٰ کے انعقاد کی توفیق مل رہی ہے نیز دوسرے کئی ممالک کی طرح جماعت آئیوری کوسٹ کو بھی امسال کورونا وائرس کی وباء کے بعد پہلی مرتبہ بڑے پیمانے پر مجلس شوریٰ کے انعقاد کا موقع میسر آیاہے۔
امسال آئیوری کوسٹ کی مجلس شوریٰ میں بفضل خدا تعالیٰ ملک کے 18 ریجنز کی جماعتوں میں سے منتخب نمائندگان شوریٰ، نیشنل عاملہ آئیوری کوسٹ، ریجنل مبلغین کرام، نمائندگان مجلس انصار اللہ، مجلس خدام الاحمدیہ و لجنہ اماءاللہ برائے شوریٰ سمیت کل 135 افراد کو شرکت کی توفیق ملی۔ جبکہ زائرین کی بھی ایک تعداد کو کارروائی شوریٰ دیکھنے کی سعادت نصیب ہوئی۔
مجلس شوریٰ کی کارروائی کا آغاز بروز ہفتہ سہ پہر 3 بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم سینا کولیبالی صاحب معلم سلسلہ نے تلاوت قرآن مجید کی اور جولا زبان میں ترجمہ پیش کیا جس کے بعد امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب نے نظام شوریٰ کی اہمیت کے موضوع پرمختصر تقریر کی اور دعا کروائی۔ معاً بعدصدر مجلس شوریٰ نے گزشتہ سال کی شوریٰ کی تجاویز پر عملدرآمد کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور انہیں تجاویز کو اگلے سال تک بھی جاری رکھنےکی ہدایت کی۔ بعدازاں سال 2022-2023ء کے بجٹ کی تفصیلات شاملین شوریٰ کو فراہم کی گئیں جس پر تفصیلی بحث ہوئی۔
امسال شوریٰ کا ایک اہم مقصد سال 2022تا 2025ء کے لیے انتخابات برائے نیشنل مجلس عاملہ کروانا بھی تھا۔ چنانچہ بجٹ کارروائی کے بعد انتخابات کی کارروائی کا آغاز مکرم امیر صاحب کی صدارت میں کیا گیا۔ انتخابات کا یہ سلسلہ اگلے دن تک جاری رہا۔ انتخابات کی کارروائی کے بعد امیرو مشنری انچارج صاحب آئیوری کوسٹ نے اختتامی تقریر کی جس میں تجاویز شوریٰ پر عمل درآمد کے لیے شاملین کو ہدایات دیں۔ اختتام سے قبل مدرسۃ الحفظ گھانا سے 2 حفاظ کرام نیز معلم کلاس گھانا سے پاس ہونے والے ایک معلم سلسلہ کو مکرم امیر صاحب نے اسناد پیش کیں جو کہ کورونا وباء کے باعث پہلے نہ دی جاسکی تھیں۔ بعد ازاں دعا کے ساتھ کارروائی شوریٰ کا اختتام ہوا جس کے بعد نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں اور کھانے کے بعد حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لائیو خطاب برائے شوریٰ بھی ممبران شوریٰ نےسنا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہر لحاظ سے مجلس شوریٰ کو بابرکت کرے نیز اس شوریٰ کے باعث احسن نتائج پیدا ہوں۔ آمین