جلسہ سالانہ برطانیہ2022ء کے بعض انتظامی شعبہ جات کا تعارف (قسط سوم۔آخری)
وائس آف اسلام
جلسہ سالانہ برطانیہ کے موقع پر وائس آف اسلام ریڈیو کی خصوصی نشریات ہوتی ہیں۔ لیکن ان نشریات کے پس پردہ کتنے افراد کی کاوشیں ہوتی ہیں اور کس کس طرح اس کے پروگرام ترتیب دیے جاتے ہیں اس بارے میں قارئین الفضل کو معلومات بہم پہنچانے کے لیے اس شعبہ کے ناظم مکرم مجیب احمد مرزا صاحب (مربی سلسلہ) سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے انہیں دو سال سے اس شعبہ میں بطور ناظم خدمت کی توفیق مل رہی ہے ۔ ان کو مردانہ جلسہ گاہ میں پانچ نائب ناظمین اور لجنہ کی طرف ایک نائب ناظمہ کی معاونت حاصل ہےاور ان کے علاوہ کُل 26 کارکنان بھی ہمہ وقت ان کی مدد کے لیے تیار رہتے ہیں۔
مکرم ناظم صاحب نے بتایا کہ ہر سال جلسہ کے موقع پر ان کے شعبہ کے کارکنان دو ہفتہ قبل ہی تیاری شروع کردیتے ہیں جبکہ جلسہ کے تینوں دن صبح سات بجے سے شام سات بجے تک لائیو نشریات میں پروگرام نشر کیے جاتے ہیں اور شام سات بجے سے صبح سات بجے تک ان پروگراموں کو نشر مکرر کے طور پر چلایا جاتا ہے۔جلسہ کے دنوں میں خاص طور پر ملکی اور غیر ملکی علمائے سلسلہ احمدیہ ، بزرگان دین اور دیگر معزز شخصیات کے انٹرویوز اور اُن کے ساتھ مختلف موضوعات پر گفتگو کے پروگرام احباب جماعت کے استفادے کے لیے اردو اور انگریزی زبانوں میں نشر کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ غیر از جماعت مہمانوں کو اسلام کی حقیقی تعلیم اور جماعت احمدیہ کے قیام کے مقاصد سے رُوشناس کروانے کی بھی کاوشیں کی جاتی ہیں۔ہر سال جلسہ کے دنوں میں لجنہ کی طرف سے ایک پروگرام نشر کیا جاتا تھا لیکن امسال پہلی مرتبہ لجنہ کے بھی دو پروگرام نشر کیے گئے۔ایک پروگرام تھا ’’سسٹرز آن ایئر‘‘ جس میں اتحاد بوجہ خلافت اور متحد ہوکر کام کرنے کی اہمیت کے موضوع پر جبکہ دوسرے پروگرام میں ’’حضور ِ انور کے لجنہ سے گزشتہ سال کے خطاب میں دی گئی نصائح پر کیسے عمل کیا جاسکتا ہے’’ کے عنوان پر ایک گفتگو نشر کی گئی۔
مکرم ناظم صاحب نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے وائس آف اسلام ریڈیو کی نشریات کا دائرہ کار اب گریٹر لندن کے علاوہ گریٹر مانچسٹر، کارڈف ، ایڈنبرا، گلاسگو اور بریڈ فورڈ تک پہنچ چکا ہے جبکہ مزید شہروں کو بھی شامل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جس کی بہت جلد انشاء اللہ العزیز احباب جماعت کو خوشخبری دی جائے گی۔اس کے علاوہ وائس آف اسلام ریڈیو کی موبائل ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعہ دنیا بھر میں کہیں بھی براہ راست نشریات سُنی جاسکتی ہیں۔
مکرم ناظم صاحب نے شاملین جلسہ اور دیگر تمام احباب جماعت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف خود وائس آف اسلام کی نشریات سُنیں ، اس کی ویب سائٹ وزٹ کریں بلکہ اپنے اپنے حلقہ احباب میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس بارے میں بتائیں تاکہ اس کی نشریات سے فائدہ اُٹھانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جائے۔انہوں نے برطانیہ کے احباب جماعت کو جلسہ سالانہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پیارے آقا خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی صحت و سلامتی والی لمبی عمر کے لیے دعا ؤں کی درخواست بھی کی ۔
وقار عمل
جلسہ سالانہ برطانیہ کی سرزمین حدیقۃ المہدی میں جلسے کےایام میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کے آرام اور اُن کی خوشنودی کی خاطر دیگر تمام شعبہ جات کے کاموں میں مدد کے لیے چوبیس گھنٹے ہر وقت تیار رہنے والے کارکنان شعبہ وقار عمل سے تعلق رکھتے ہیں۔حدیقۃ المہدی میں کسی بھی جگہ اور کسی بھی شعبہ میں چاہے وہ گاڑیوں کے ٹریکس کی مرمت ہو یا کہیں فینس لگانی ہو یا پھر کوئی عارضی کیبن بنانا ہو اس شعبہ کے کارکنان متعلقہ شعبہ کو اپنی خدمات پیش کرتے ہیں۔
اس شعبہ کے ناظم مکرم وقاص احمد راجہ صاحب ہیںجو کہ مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کے مہتمم وقار عمل بھی ہیں ان کو گزشتہ پانچ سال سےجلسہ کے موقع پر بطور ناظم خدمت کی توفیق مل رہی ہے ۔ ان کے ساتھ پانچ نائب ناظمین کے علاوہ کُل پندرہ کارکنان بھی اللہ تعالیٰ کے فضل سے خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔مکرم ناظم صاحب نے بتایا کہ ان کے شعبہ کے کارکنان ہر سال جلسہ سے چار ماہ قبل حدیقۃ المہدی میں مصروف عمل ہوجاتے ہیں اور جلسے کے بعد تقریباً نو دس دن تک وائنڈ اپ میں بھی حصہ لیتے ہیں۔اس عمل میں اُن کے ساتھ لندن اور مقامی ریجن کے زیادہ تر خدام بھی شامل ہوتے ہیں جبکہ دیگر ریجنز کے خدام بھی ویک اینڈز پر مدد کے لیے آجاتے ہیں۔جلسے کے بعد وائنڈ اپ کے لیے ہر ریجن کے پندرہ سے بیس خدام کو ایک پورے دن کی ذمہ داری دی جاتی ہے۔
اس سوال پر کہ بسا اوقات ان کے کارکنان کو سخت کام بھی کرنے پڑتے ہوں گے تو وہ اپنے کارکنان کا کس طرح خیال رکھتے ہیں ۔مکرم ناظم صاحب نے بتایا کہ جلسہ سالانہ کے دنوں میں بعض کارکنان چوبیس گھنٹے یہیں رہتے ہیں اور چند کارکنان ایسے بھی ہیں جو صرف کپڑے بدلنے گھر جاتےہیں اور واپس آجاتے ہیں ۔لیکن کسی ایک بھی کارکن کو کبھی ایسا خیال بھی نہیں آیا کہ اُس کی خدمت کے عوض اُس سے خصوصی سلوک کیا جائےبلکہ ایک کام ختم کرنے کے بعد ہر کارکن دوسرے کام کے بارے میں پوچھتا ہے کہ کب کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ جذبہ خلافت کی محبت ،مسیح موعود ؑ کے مہمانوں کی خدمت اور خدا تعالیٰ کی رضا کے حصول کے شوق کے بغیر ممکن ہی نہیں ہے۔
مکرم ناظم صاحب نے شاملین جلسہ سے کسی بھی کمی بیشی کی صورت میں معذرت قبول کرنےاور اپنے کارکنان کے لیے دعاؤں کی درخواست کی ہے کہ اللہ تعالیٰ اُن کے شعبہ کی ادنیٰ خدمت کو قبول فرمائے اور انہیں ہمیشہ ہر جلسہ میں پہلے سے بڑھ کر خدمت کی توفیق عطا فرماتا چلاجائے۔انہوں نے گزشتہ دو سال کے بعد وسیع پیمانے پرامسال جلسہ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تمام احباب جماعت کو مبارکباد بھی پیش کی۔