کاڈینا روٹری مارکیٹ، آسٹریلیا میں قرآن کی نمائش اور بکسٹال
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 30؍جولائی 2022ء کو جماعت احمدیہ ایڈیلیڈ ویسٹ کے سات احباب پر مشتمل ایک گروپ کو کو کاڈینا (Kadina) کی روٹری مارکیٹ میں قرآن کریم کی نمائش اور بکسٹال لگانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ ۔کاڈینا آبنائےYorkکا سب سے بڑاٹاؤن ہےاور اس علاقے کی زراعت کا مرکز ہے۔ کسی زمانےمیں یہ ٹاؤن تانبے کی کان کنی کے لیے بھی مشہور تھا۔ اس مارکیٹ کا انعقاد ہر مہینے کے آخری ہفتے کے روز وکٹوریہ سکوائر میں ہوتا ہے اور کثیر تعداد میں لوگ اسے وزٹ کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس ٹاؤن میں بھی سب سے پہلے جماعت احمدیہ کوہی اسلام کا پرامن پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
ہم نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مسجد محمود سے کاڈینا کے لیے روانہ ہوئے اور تقریباً ایک گھنٹہ چالیس منٹ کی مسافت کے بعد وہاں پہنچے۔ وہاں پہنچ کرہم نے مارکیٹ کے مین ایریا میں قرآن کریم کی نمائش اور بک سٹال لگایا ۔ جماعتی پیغام
Love for all Hatred for None
Muslims for Peace
Muslims for Loyalty
سے مزین مارکی نے خاص طور پر لوگوں کی توجہ کو اپنی جانب مرکوز کیا۔
نمائش میں قرآن کریم کے دس تراجم ، مختلف جماعتی کتب مثلاً Life of Muhammad saw، اسلامی اصول کی فلاسفی، عالمی بحران اور امن کی راہ، اسلام اور عصر حاضر کے مسائل اور جماعتی تعارف پر مبنی پمفلٹس دستیاب تھے۔
مقامی لوگوں کی جانب سے بہت اچھا response ملا اور وہ سینکڑوں کی تعدادمیں نمائش اور بکسٹال کو دیکھنےکے لیے تشریف لائے۔ ہم نے ان کو اسلام کی پرامن تعلیم سے آگاہ کیا نیز چند مقامی لوگوں کے ساتھ مختلف موضوعات مثلاً اسلام میں خدا کا تصور اورحیات بعد الموت وغیرہ پر تفصیلی گفتگوبھی ہوئی۔
ایک مقامی شخص Daniel Coppingصاحب جنہوں نے ایک سال قبل اسلام کو قبول کیا تھا وہ ہمارے بکسٹال پر تشریف لائے اور بہت خوشی کا اظہا ر کیا اور بڑے جذباتی انداز میں کہنےلگے کہ میں ایک سال سے مسلمان بھائیوں سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ آج آپ کے یہاں آنے سے میرا اپنے مسلمان بھائیوں سے رابطہ قا ئم ہوا ہے۔ خاکسار نے موصوف سے رابطے کی تفصیل لی اور ان کو ایڈیلیڈ میں اپنی مسجد محمود وزٹ کرنے کی دعوت دی۔ موصوف نے نمائش کےمتعلق اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ نمائش اور بکسٹال جو آپ نے لگایا ہے یہ بہت خوبصورت ہے۔ میرے خیال میں زیادہ سے زیادہ آسٹریلینز کو اسلام کے متعلق بتانا چاہیے تاکہ ان کو احساس ہو کہ اسلام امن کا مذہب ہے۔ میرے مطابق میڈیا اور اخباروں کے ذریعے آسٹریلینز کو گمراہ کیا جاتا ہے، وہ اسلام کی بُری تصویر پیش کرتے ہیں جبکہ اسلام امن کا مذہب ہے۔
Copperسٹی کونسل سے کونسلر کیتھی ولوگن (Cathy Vluggen) اورکونسلر پیٹر اوسوالڈ (Peter Oswald) نے ہماری نمائش اور بکسٹال کو وزٹ کیا اور ہماری اس کاوش کو خوب سراہا۔
کونسلر کیتھی ولوگن صاحبہ نے کہا کہ میں آپ کو اپنے ریجن میں خوش آمدید کہتی ہوں۔ آپ کو یہاں دیکھ کر بہت اچھا محسوس ہورہا ہےکہ آپ یہاں مقامی لوگوں اور دوسرے وزٹ کرنے والوں میں اپنا امن کا پیغام پھیلا رہیں ہیں۔ یہاں وزٹ کرنےکے لیے بہت بہت شکریہ۔ آپ کا یہاں آنا اس لیے بھی ضروری تھاکہ میری طرح بہت سے لوگ آپ کے اچھے کاموں سے واقف نہ تھے۔ بہت تھوڑے لوگ ہیں جو غلط کا م کرتے ہیں اور آ پ سب کو برا نام دیتے ہیں جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ آپ لوگ خون کے عطیات دینے، لوگوں کے گھروں میں پمفلٹس کےذریعے امن کا پیغام پہنچانےکے ساتھ ساتھ دوسرے اچھے کاموں کے ذریعے سوسائٹی میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ میرے خیال میں جتنا ہم اس پیغام کو لوگوں تک پہنچائیں گئے اتنا ہی بہتر ہوگا۔ ایک مرتبہ پھر آپ کا یہاں آنےکے لیے بہت بہت شکریہ۔
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے نہ صرف قرآن کریم کی نمائش اور بک سٹال انتہائی کامیاب رہابلکہ اس کے ذریعے اس ریجن میں تبلیغ کے نئے مواقع بھی مہیا ہوئے ہیں جن سے انشاءاللہ مستقبل قریب میں استفادہ کیا جائے گا۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس عاجزانہ کاوش کو قبول فرمائے اور آئندہ بھی ہمیں احسن رنگ میں اسلام احمدیت کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عاطف احمد زاہد، مربی سلسلہ، ایڈیلیڈ ،آسٹریلیا)