سِمیُو ریجن تنزانیہ میں دو مساجد اور تین مشن ہاؤسز کا افتتاح
نزانیہ کے شمال مغربی ریجن سِمیُو (Simiyu) میں گزشتہ چند سال میں لوگ بیعت کرکے اسلام احمدیت کی آغوش میں آنا شروع ہوئے ہیں۔ ان میں سے اکثریت احمدی ہونے سے قبل لادین تھی۔ جماعت ہر سطح پر ان کی تعلیم و تربیت کے لیے مختلف پروگرامز ترتیب د ے رہی ہے تاکہ یہ نومبائعین جلد ا ز جلد نظامِ جماعت کا فعال اور مستقل حصہ بن سکیں۔ ان پروگرام میں تربیتی کیمپس خصوصی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ ان کے ذریعہ بچے اور بڑے اسلامی تعلیمات سے روشناس ہورہے ہیں۔
اسی طرح نومبائعین کی ان جماعتوں میں مساجد اور مشن ہاؤسز کی تعمیر بھی ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس ریجن میں دو مساجد اور تین مشن ہاؤسز کی تعمیر مکمل ہوئی۔ مکرم طاہر محمود چوہدری صاحب (امیر و مشنری انچارج تنزانیہ) نے مورخہ 29 جون تا یکم جولائی 2022ء اس ریجن کا دورہ کیا اور ان مساجد اور مشن ہاؤسز کا افتتاح کیا ۔
بریادی (Bariadi) شہر میں مسجد فضل اور مشن ہاؤس
بریادی شہر سِمیو ریجن کا ہیڈکوارٹر ہے۔ امسال یہاں جماعت کو ایک بڑی اورخوبصورت مسجد کی تعمیر کی توفیق ملی جس کا نام مسجد فضل رکھا گیا۔ مسجد فضل میں 400 احباب کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہے۔یہ ریجن کی سب سے بڑی مسجد ہے۔ تربیتی ضروریات کے پیشِ نظر مسجد کے قریب ایک معلم ہاؤس بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ نیز مسجد کے احاطہ میں IAAAE کے تعاون سے واٹر پمپ نصب کیا گیا ہے۔
مکرم علی ڈنو طاہر صاحب (ریجنل مبلغ) لکھتے ہیں کہ مکرم امیر صاحب نے یکم جولائی کی صبح کو کو فیتہ کاٹ کر مسجد اور معلم ہاؤس کا افتتاح کیا اور اجتماعی دعا کروائی۔ جس کے بعد افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔
تلاوت اور نظم کے بعد گاؤں کے چیئرمین نے بطور سرکاری نمائندہ تمام شاملین کو خوش آمدید کہا اور جماعت کا اس گاؤں میں مسجد کی تعمیر پر شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں مکرم ڈسٹرکٹ کمشنربریادی کے نمائندہ نے سٹیج پر تشریف لا کر اپنے تاثرات کا اظہا ر کیا کہ اسلام احمدیت ہمارے ریجن میں ایک مثبت تبدیلی لائی ہے۔یہاں کے لوگوں میں قبائلی رسومات رائج تھیں جن کی وجہ سے کچھ علاقوں میں جرائم اور قتل و غارت عام ہورہی تھی۔ لیکن اب دین کی طرف آنے کی وجہ سے یہ صورت حال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا دل چاہتا ہے اسلام احمدیت ہر جگہ پھیلے اور ہر جگہ آپ مساجد بنائیں تا کہ خدا تعالیٰ کو مان کر لوگ اندھیروں سے نکل کر روشنی میں آسکیں۔
امیر صاحب نے اپنے خطاب میں اسلام میں مساجد کی اہمیت بیان کی اور احبابِ جماعت کو اس مسجد کو آباد کرنے کی تلقین کی۔ نیز خاص طور پر تعلیم و تربیت کے لیے معلم سلسلہ کی خدمات سے مستفید ہونے کی نصیحت کی ۔ دعا کے بعد تمام شرکاء کے لیے ظہرانہ کا انتظام کیا گیا تھا۔
Mwaukoli جماعت میں مشن ہاؤس
Mwaukoli جماعت میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال ایک معلم ہاؤس کی تعمیر مکمل ہوئی ہے۔ اس جماعت میں کثیر تعداد میں نومبائعین آباد ہیں۔ جن کی تعلیم و تربیت کے لیے گزشتہ سال مسجد تعمیر کی گئی تھی۔ اس سے قبل یہاں معلم صاحب مسجد سے کچھ فاصلہ پر کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر تھے۔ اب مسجد کے احاطہ میں ہی مشن ہاؤس کی تعمیر پر گاؤں کے لوگ بہت خوش ہیں۔
محترم امیر صاحب نے یکم جولائی کو ہی نماز جمعہ سے قبل فیتہ کاٹ کر معلم ہاؤس کا افتتاح کیا اور تمام شاملین دعا میں شامل ہوئے۔
Mwabuma جماعت میں مسجد نور اور مشن ہاؤس
اسی روز نمازِ جمعہ کے بعد Mwabuma جماعت میں مسجد اور مشن ہاؤس کے افتتاح کا پروگرام تھا۔ مکرم عبد الرحمٰن عامے صاحب (نائب امیر و مبلغ سلسلہ)نے خطبہ دیا اور نماز جمعہ پڑھائی۔ جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد کی افتتاحی تقریب کا آغاز ہوا۔ ایک نومبائع جمعہ مازویا(Mazoea)صاحب نے تلاوت کی اور نومبائعین خدام نے نظم پیش کی۔ اس کے بعد مکرم علی ڈنو طاہر صاحب (ریجنل مبلغ ) نے اس نئی جماعت کاتعارف پیش کیا۔ اس جماعت میں امسال 700 سے زائد احباب نے احمدیت قبول کی اور 15 تربیتی کلاسز میں اس جماعت کے خدام، اطفال اورناصرات نے سِمیُو (Simiyu) اور مَارا (Mara) ریجنز کی 56 جماعتوں میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ان میں وہ نومبائعین بھی شامل ہیں جنہوں نے دینی معلومات کے ایک ہزار سے زائد سوالات حفظ کیے ہیں اور نماز باترجمہ بھی یاد کی ہے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک۔ یہاں جماعت کی ضرورت کے پیشِ نظر مسجد کے ساتھ مشن ہاؤس بھی تعمیر کیا گیا ہے تاکہ معلم سلسلہ نومبائعین کے قریب رہ کر تعلیم و تربیت کا فریضہ سرانجام دے سکیں۔ نیز IAAAE کے تعاون سے مسجد کے احاطہ میں پینے کے صاف پانی کے لیے کنواں کھود کر نلکا بھی نصب کیا گیا ہے۔
مکرم امیر صاحب نے اپنے خطا ب میں احبابِ جماعت کو خلافت سے منسلک رہنے، نماز کا پابند ہونے اور اپنے بچوں کو مسجد سے منسلک رہنے کی تلقین کی۔ آخر میں دعاسے اس مبارک تقریب کا اختتام ہوا۔ افتتاحی تقریب میں شاملین کی تعداد 580 تھی۔ آخر میں تمام شاملین کی خدمت میں کھانا بھی پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ ان مساجد اور مشن ہاؤسز کی تعمیر کو اپنے فضل سے قبول فرمائے اور نومبائعین کی یہ جماعتیں ایمان و اخلاص میں مزید ترقی کرتی چلی جائیں۔ آمین