یوم آزادی پاکستان کے موقع پر جماعت احمدیہ ہڈرزفیلڈ، یوکے کی تقریب
جماعت احمدیہ ہڈرزفیلڈ، یوکے کو یوم آزادی پاکستان کے موقع پر مسجد بیت الصمد میں ایک تقریب منعقد کرنے کی توفیق ملی جس کا مقصد قیام پاکستان کے لیے جماعت احمدیہ کے کردار خصوصی طور پر حضرت مصلح موعودؓ کی فراست مندانہ کاوشوں اور استحکام پاکستان کے لیے دی گئی پاکستانی احمدیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔
جماعت احمدیہ کی پاکستان کے ساتھ وفاداریوں کی ایک لمبی فہرست ہے۔ بات چوہدری سر ظفر اللہ خان صاحبؓ کی بطور پہلے وزیر خارجہ سفارت کوششوں کی ہو یا جنگی محاذ میں احمدی جنرلز کی فتوحات کی، ڈاکٹر عبدالسلام کی علمی میدان میں پاکستان کے لیے اعزازات سمیٹنے کی یا ایم ایم احمد کی بطور فیڈرل فائنینس سیکرٹری خدمات کی، ہر میدان میں احمدی پاکستان کے بیٹے ثابت ہوئے ہیں۔
اس پروقار تقریب کا آغاز مورخہ 14؍اگست کو شام چھ بجے ہوا۔ صدر جماعت ہڈرزفیلڈ نارتھ مکرم یوسف آفتاب صاحب نے آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
تلاوت اور ترجمہ کے بعد مکرم صباحت کریم صاحب مربی سلسلہ نے یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے ایک پریزینٹیشن دی جس کے بعد سوال جواب کا ایک مختصر سیشن ہوا۔
اس کے بعد پروگرام میں شامل معزز شاملین نے اپنے خیالات کا اظہا رکیا۔ آخر میں مکرم عامر شہزاد صاحب صدر جماعت ہڈرزفیلڈ ساؤتھ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔ بعد ازاں مہمانوں کی خدمت میں ریفریشمنٹس پیش کی گئیں۔
اس تقریب میں شرکت کرنے والے معززین میں لوکل کمیونٹی کے علاوہ ڈپٹی لارڈ لیفٹیننٹ، کونسلرز اور دیگر مذہبی رہنما شامل ہیں۔ مقامی پریس کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شاملین کی کل تعداد 50 تھی۔