مالی (مغربی افریقہ) میں گیارھویں کامیاب جلسہ سالانہ 2018 ء کا بخیروخوبی انعقاد
700سعید روحوں کی اسلام احمدیت میں شمولیت اور کلمہ توحید کا اقرار۔ نیشنل ٹیلی ویژن سمیت 2 ٹیلی ویژنز اور 2 اخبارات2 ایف ایم ریڈیوز کے نمائندوں کی شرکت۔ 12578 احباب کی شرکت۔ متعدد ممالک بشمول آئیوری کوسٹ، گھانا ، برکینا فاسو ، نائیجراور ٹوگو سے مہمانوں کی آمد۔ حدیقۃالمہدی میں مسجد نُور کا بابرکت افتتاح۔ علمائے سلسلہ کی تقاریر۔ معززین کی شمولیت اور جماعت کی مساعی کی تعریف۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مالی کو 30، 31 مارچ و یکم اپریل 2018ء بروز جمعہ، ہفتہ، اتوار اپناگیارہواںجلسہ سالانہ بخیروخوبی منعقد کروانے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
پریس کانفرنس
24 مارچ 2018ء کو سنٹرل مشن ہاؤس میں باماکو میں جلسہ سالانہ کے حوالہ سے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔ پریس کانفرنس میں ایک ٹی وی ، 6 ریڈیوز، 6 اخبارات اور 1 آن لائن اخبار کے نمائندے شامل ہوئے۔پریس کانفرنس کے شاملین کو جماعت احمدیہ و جلسہ سالانہ کا تعارف کروایا گیا اور جلسہ سالانہ کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔ پروجیکٹر کے ذریعہ تعارف جماعت احمدیہ و جلسہ سالانہ پر مبنی پروگرام پیش کیا گیا اور آخر پر صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیئے گئے۔
جلسہ سالانہ کے انتظامات اور کمیٹی کا قیام
جلسہ سالانہ کے انتظامات کی بہتر انجام دہی کے لئے جماعتی روایات کے مطابق جلسہ سے تین ماہ قبل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی اور جلسہ سالانہ تک اس کمیٹی کی میٹنگز کا انعقاد کیا جاتا رہا جس میں کمیٹی ممبران کو ہدایات دینے کے ساتھ ساتھ ان کے کام کا جائزہ بھی لیا جاتا رہا۔ امسال جلسہ سالانہ حضور انور کی اجازت سے ’’حدیقۃ المہدی‘‘ (جلسہ گاہ مالی)،جو کہ کولیکورو میں واقع ہے ،میں منعقد ہوا۔جلسہ گاہ کی تیاری کے سلسلہ میں بھرپور طریق پر وقار عمل کروائے گئے ۔امسال جلسہ سے قبل ایک مثالی وقار عمل ہوا جس میں مالی کے تمام ریجنز سے خدام و انصار شامل ہوئے اور جلسہ گاہ میں ٹائلٹس اور سٹیج کی تعمیرکی گئی۔نیزمختلف کاموں کی انجام دہی کے لئے مالی کے مختلف ریجنز سے تقریباً 90خدام جلسہ سالانہ سے4 روز قبل ہی حدیقۃ المہدی میں پہنچ گئے اور بڑے جوش اور ولولہ کے ساتھ وقار عمل اور جلسہ کی تیاریوں میں حصہ لیا۔
جلسہ گاہ کی تیاری کے لئے مارکیز کے علاوہ مرکزی دروازے اور مردانہ جلسہ گاہ اور زنانہ جلسہ گاہ کے داخلی راستوں پر خوبصورت دروازے ڈیزائن کرکے نصب کئے گئے ۔ اور ان پر محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں ، خوش آمدید، ’اسلام کا مطلب امن محبت بھائی چارہ‘ کی تحریریں لکھی گئی تھیں۔ گزشتہ سال کی نسبت مردانہ و زنانہ مارکیز کو وسیع بھی کیا گیا۔
مرکزی نمائندہ اور دیگر وفود
امسال جلسہ سالانہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی اجازت سے مکرم نصیر احمد شاہد صاحب مشنری انچارج فرانس، مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ ، مکرم شاکرمسلم ناصرصاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجر، مکرم عرفان احمد ظفر صاحب صدر جماعت و مشنری انچارج ٹوگو اور مکرم شرف الدین صاحب مشنری گھانا ہمسایہ ممالک سے جلسہ سالانہ مالی میں شامل ہوئے۔
جلسہ گاہ کی تیاری کا جائزہ
مؤرخہ 29 مارچ 2018ء بروز جمعرات مکرم امیرصاحب مالی نے بعض مہمانوں کے ساتھ جلسہ گاہ کا وزٹ کیا اور جلسہ گاہ کی تیاری کا جائزہ لیا ۔ وزٹ کے بعد مکرم نصیر احمد شاہد صاحب نے منتظمین کو نصائح کیںاور معزز مہمانوں نے کارکنان کی کوششوں کی تعریف کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
مہمانان کی آمد
مالی رقبہ کے لحاظ سے ایک وسیع ملک ہے۔ آمدورفت کے ذرائع محدود اور اچھے نہ ہونے کی وجہ سے بعض علاقوں سے جلسہ سالانہ میں آنے کے لئے مہمانان کو بہت دقت کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے اور بہت لمبا سفر طے کرنا پڑتا ہے۔ دور کے ریجنز سے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جلسہ سے ایک روز قبل ہی بروز جمعرات شروع ہوگیا تھا اور جلسہ کے دن تک مہمانوں کی آمد کا یہ سلسلہ جاری رہا۔
جلسہ سالانہ کا پہلا دن
تقریب لوائے احمدیت
جلسہ سالانہ کے پہلے دن پہلے سیشن سے قبل شام چار بجے لوائے احمدیت لہرایا گیا۔ لوائے احمدیت مرکزی نمائندہ مکرم نصیر احمد شاہد صاحب اور مالی کا قومی پرچم مکرم ظفر احمد بٹ صاحب امیر جماعت احمدیہ مالی نے لہرایا۔اس کے بعد دعا کروائی گئی اور دعا کے بعد جلسہ کے پہلے سیشن کا آغاز ہوا۔ الحمدللہ امسال جلسہ سالانہ کے تینوں دن لوائے احمدیت کو پروٹوکول دیا گیا اور خدام تینوں دن یونیفارم کے ساتھ ڈیوٹی دیتے رہے۔
پہلا سیشن
پہلے اجلاس کی صدارت مکرم نصیر احمد شاہد صاحب نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم حافظ منیب احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت کی اور بعد میں اس کا لوکل زبان میں ترجمہ پیش کیاگیا۔ اس کے بعد مکرم عبدالقادر صاحب نے نظم پڑھی۔ بعدازاں مکرم محمد داؤ صاحب افسر جلسہ سالانہ نے تمام مہمانان کو جلسہ میں خوش آمدید کہا۔ اس کے بعد مکرم نصیر احمد شاہد صاحب نے افتتاحی خطاب کیا۔آپ کے خطاب کا موضوع ’’اسلام۔ باہمی ہم آہنگی اور امن کا ضامن‘‘ تھا۔
اس کے بعد مختلف علاقوں سے آئے ہوئے مذہبی اور سیاسی لیڈرز نے شاملین جلسہ کے سامنے جماعت احمدیہ اور جلسہ سالانہ کے بارہ میں اپنے جذبات کا اظہارکیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر نیشنل ٹیلی ویژن سمیت 2 ٹیلی ویژنز اور 2 اخبارات2 ایف ایم ریڈیوز کے نمائندوں نے شرکت کی اور پریس کو ریج دی ۔
سیشن کے اختتام پر نماز مغرب و عشاء جمع کرکے ادا کی گئی۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد کھانا کھایا گیا اور اس کے بعد ویڈیو پروجیکشن کا انتظام کیاگیا جس میں دنیا کے مختلف ممالک کے جلسہ ہائے سالانہ کی تصاویر اور ویڈیوز چلائی گئیں۔
جلسہ سالانہ کا دوسرا دن
جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مکرم یوسف یوسی صاحب نے ’’احیاء اسلام کا فلسفہ‘‘ کے موضوع پر درس دیا۔
دوسرا سیشن
بح 9 بجے جلسہ کے دوسرے سیشن کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم حافظ آدما سوغے صاحب نے تلاوت کی۔ اس کے بعد مکرم طارق محمود بٹ صاحب نے سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود ؑ کا منظوم کلام خوش الحانی سے پڑھ کر سنایا۔
اس کے بعد مکرم عمر معاذ صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’اسلام میں نماز باجماعت کی اہمیت اور فلسفہ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔
بعد ازاں مکرم عبدالوہاب دامبیلے صاحب لوکل مشنری نے ’’شہدائے احمدیت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔اس کے بعد مکرم سیکو تراورے صاحب لوکل مشنری نے لوکل زبان میں نظم پیش کی۔
بعد ازاں مکرم حافظ شرف الدین صاحب نے’’ امام مہدی کے ظہور کے نشانات‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔
پھر مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ نے ’’اسلام کی تبلیغ میں جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کا کردار‘‘ کے موضوع پر نہایت مؤثر تقریر کی۔
تیسرا سیشن
نماز اور کھانے کے وقفہ کے بعد شام 4 بجے جلسہ سالانہ کے تیسرے سیشن کا آغاز ہوا۔مکرم حافظ عطاء الحلیم صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم کی ۔ مکرم نور ثاقب صاحب نے سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود ؑ کے کچھ منتخب اشعار خوش الحانی سے پڑھے اور ان کا ترجمہ لوکل زبان میں پیش کیاگیا۔
اس کے بعد مکرم عرفان احمد ظفر صاحب مشنری انچارج ٹوگو نے’’خلافت : اسلام کی ترقی کا واحد ذریعہ‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ اس کے بعد اطفال الاحمدیہ مالی کی طرف سے حضرت مسیح موعود ؑ کا نبی پاک ﷺ کی شان میں لکھا گیا قصیدہ خوش الحانی سے پڑھ کر سنایاگیا۔
بعد ازاں مکرم سایوں تراورے صاحب لوکل مشنری نے ’’اسلام کی تاریخ میں عورتوں کا کردار‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔اس کے بعد جلسہ میں شامل معزز سیاسی اور مذہبی مہمانو ںنے شاملین جلسہ کے سامنے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
بعد نماز مغرب و عشاء وطعام تمام مہمانان کے لئے مجلس سوال و جواب کا انعقادکیا گیا جس میں احمدی و غیراحمدی مرد و خواتین نے حصہ لیا۔ مکرم عمر معاذصاحب مبلغ سلسلہ نے احباب کے سوالوں کے جواب دیئے۔ یہ مجلس رات 12 بجے اپنے اختتام کو پہنچی۔
جلسہ سالانہ کا تیسرا دن
جلسہ کے تیسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مکرم نعیم احمد باجوہ صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’ حضرت مسیح موعود ؑ کا عشق رسول ﷺ ‘‘کے موضوع پر درس دیا۔
آخری سیشن
سیشن کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم ناصر احمد ناصرصاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت کی اور اس کے بعد خدام الاحمدیہ مالی نے ترانہ پیش کیا۔
اس کے بعد مکرم کیرے الحسن صاحب لوکل مشنری نے ’’نبی کریم ﷺ کا غیر مسلموں سے حسن سلوک‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔
اس کے بعد مکرم ابو بکر سانوغو صاحب لوکل مشنری نے ’’اسلام اور شہریت ‘‘کے موضوع پر تقریر کی۔ بعدازاں لجنہ کی طرف سے ترانے پیش کئے گئے اور دوران سال پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء میں سندات اور انعامات تقسیم کئے گئے۔
پھر امیر جماعت مالی مکرم ظفر احمد بٹ صاحب نے تقریر کی۔تمام شاملین جلسہ و منتظمین جلسہ اور مربیان و معلمین کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی محنت اور دعائوں سے حدیقۃالمہدی میں پہلا جلسہ سالانہ بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا اور دعا کی کہ خدا کرے کہ تمام لوگ جو اس جلسہ میں شامل ہورہے ہیں وہ حضرت مسیح موعود ؑ کی دعاؤں کے وارث ہوں۔پھر امیر صاحب نے جلسہ کی رپورٹ پیش کی۔
آخر میں مکرم نصیر احمد شاہد صاحب نے اختتامی تقریر کی اور دعا کروائی۔
خداتعالیٰ کے فضل سے امسال جلسہ سالانہ کے موقع 700سعید روحیں بیعت کرکے احمدیت میں داخل ہوئیں۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
جلسہ سالانہ کی اختتامی تقریب پر ایک ٹیلی ویژن ، 2 ریڈیوز اور 2 اخبارات نے کوریج دی۔
حاضری جلسہ سالانہ
الحمدللہ امسال 12578 احباب جلسہ میں شامل ہوئے۔ مالی کے علاوہ مختلف ممالک کے احمدی احباب نے جلسہ میں نمائندگی کی جن میںآئیوری کوسٹ، گھانا ، برکینا فاسو ، نائیجراور ٹوگوشامل ہیں۔
جلسہ سالانہ میں مختلف سیاسی اور مذہبی شخصیات نے بھی شرکت کی جن میںکولیکورو ریجن کا گورنر، کولیکورو شہر کا پریفے، گورنر کا چیف آف کیبنٹ،کولیکورو شہر کا میئر، نمائندہ مئیر باماکو،کمشنر آف پولیس،کولیکورو میں واقع زرعی یونیورسٹی کا ڈائریکٹر نیز ملک بھر سے مختلف گاؤ ں کے چیف اور امام شامل تھے۔
نمائش اور بازار
جلسہ گاہ میں احمدی احباب کی دلچسپی کے لئے ایک جماعتی نمائش کا انتظام بھی کیا گیا جس میں تصاویر ، پمفلٹس، بینرز او رکتابوںکی نمائش بھی لگائی گئی۔ تمام حاضرین جلسہ نے نمائش سے استفادہ کیا اور اسے پسند کیا۔
اس کے علاوہ جلسہ گاہ کی ایک طرف بازاربھی لگایا گیا جس میں خور و نوش کی اشیاء کے علاوہ احباب کی ضرورت کی دوسری اشیاء بھی رکھی گئیں۔
افتتاح ریجنل مسجد نور کولیکورو
غلبہ اسلام کے عظیم مقصد کی تکمیل کے لئے ہمارے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تحریک کے مطابق جماعت احمدیہ ساری دنیا میں مساجد کی تعمیر کر رہی ہے کیونکہ مساجد خدا کا گھر ہونے کے ساتھ تبلیغ اسلام کا ذریعہ بھی ہیں ۔ 2018ء کا سال جماعت احمدیہ مالی کی تاریخ میں ایک خاص اہمیت رکھتا ہے ۔ امسال جماعت احمدیہ مالی کو 2016ء میںجلسہ سالانہ کے لیے خریدی گئی 13ہیکٹرزمین پر جماعت احمدیہ مالی کے گیارھویں اور اس جگہ پر پہلے جلسہ سالانہ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اس جگہ کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ’’حدیقۃ المہدی ــ‘‘عنایت فرمایا ہے۔اس کے ساتھ جلسہ گاہ میںجماعت احمدیہ مالی کو ایک خوبصورت اور وسیع مسجد کی تعمیر کی توفیق ملی ۔ جس کا افتتاح جلسہ سالانہ مالی کے پہلے روز مؤرخہ 30مارچ2018ء کو مکرم نصیر احمد شاہد صاحب مبلغ سلسلہ فرانس جو کہ مالی کے جلسہ سالانہ میں بطور نمائندہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ تشریف لائے، نے جمعہ کی نماز کے ساتھ کیا۔ آپ نے خطبہ جمعہ میں مساجد کی اہمیت اور مساجد کے حوالے سے احباب جماعت کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ آپ نے بتا یا کہ مساجد کی اصل خوبصورتی اور اہمیت نمازیوں سے وابستہ ہے اور مساجدکی تعمیر کا مقصد ہمیں ہماری پیدائش کی اصل غرض کی طرف توجہ دلانا ہے۔
مسجد کے افتتاح کے موقع پر امیرصاحب آئیوری کوسٹ ، امیر صاحب نائیجر ، امیر صاحب ٹوگو،گھانا اوربرکینا فاسو سے آئے جماعتی وفود کے علاوہ اعلیٰ حکومتی شخصیات جس میں کولیکورو ریجن کے گورنر، میئر کولیکورو، کمشنر پولیس اور کولیکورو ریجن کی سرکاری اور نجی شخصیات موجود تھیں۔
یہ مسجد مالی کے ریجن کولیکورو کی ریجنل مسجد بھی ہے۔ حضور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اس مسجد کا نام ’’مسجد نور‘‘ عطا فرمایا ہے۔ اس مسجد کا سنگ بنیاد مکرم منعم نعیم صاحب چیئرمین ہومینیٹی فرسٹ امریکہ نے امیر جماعت مالی اور احباب جماعت کی کثیر تعداد کی معیت میں فروری 2017ء میں رکھاتھا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس مسجد کا مین ہال 20میٹر چوڑااور 15میٹر لمبا ہے اور مسجد کا صحن 20میٹر چوڑااور 20میٹر لمباہے۔منارۃ المسیح کی طرز پر مسجدکے دو 15میٹر لمبے منارے تعمیر کئے گئے اور چونکہ یہ مسجد شہر کی اونچی جگہ پر تعمیر کی گئی ہے اس لحاظ سے یہ منارے دور فاصلے سے دیکھے جا سکتے ہیں ۔ مسجد کے ہال اور صحن میں تقریباً 2000افراد نما ز ادا کر سکتے ہیں۔’’مسجد نور‘‘کو لیکورو کے صدر جماعت مکرم محمد داؤ صاحب کی خاص قربانی سے تعمیر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مکرم ناصر احمد ناصر صاحب مبلغ سلسلہ کولیکوروریجن نے دن رات اس کام کی نگرانی کی اور جماعت احمدیہ کولیکورو کو مسجد کی تعمیر کے دوران مسلسل وقار عمل کرنے کی توفیق ملی۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء
اس مسجد کی تعمیر کے دوران اللہ تعالیٰ کا ایک خاص نشان بھی ظاہر ہوا۔مسجد کی تعمیر کے دوران جب مسجد کی چھت ڈالی جا رہی تھی تو نیشنل ہائی وے کے کچھ نمائندے آئے اور بتایا کہ نیشنل ہائی وے سے ایک بائی پاس روڑ گزرنا ہے اور اس کے نشان ہمارے پلاٹ کے اندر تھے اور بائی پاس روڈ ہمارے پلاٹ کے درمیان سے گزرنا تھا اور جلسہ گاہ بھی دو حصوں میں تقسیم ہو جائے گایہ منصوبہ بیس سال پرانا ہے۔ اس پریشانی کے باعث امیر صاحب مالی نے حضور انور ایدہ اللہ کی خدمت میں لکھا اور مالی کی جماعت کو بھی خدا کے حضور گریہ وزاری کا کہا۔ پیارے آقا اور احباب جماعت کی دعاؤں کے طفیل اللہ کی خاص تقدیر جا ری ہوئی اور جوبائی پاس روڈ آج سے بیس سال پہلے منظور تھا اس کا اچانک راستہ تبدیل کر دیا گیا کیونکہ ہمارا پلاٹ اونچائی پر واقع ہے۔ اگر روڈ اوپر سے گزارتے تو ان کا بہت زیادہ خرچ ہو نا تھا اس لیے اب بائی پاس روڈ جلسہ گاہ کی بائونڈری کے ساتھ سے گزر رہا ہے ۔ اور جس نیشنل ہائی وے کی وجہ سے مسجد کو نقصان ہو نا تھا اب اللہ کے فضل سے اس راستہ کے ذریعہ لوگ اس مسجد میں بآسانی آسکیں گے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ مسجد شہر کے اس علاقہ کی پہلی بڑی و خوبصورت مسجد ہے جہاں احمدی احباب کے علاوہ غیر از جماعت افراد کی ایک بڑی تعداد آباد ہے جو پنجوقتہ نمازوں کے علاوہ یہاں جمعہ کی نماز کی ادائیگی کرتے ہیں اور احمدیت حقیقی اسلام کی تعلیمات سے بھی مستفیض ہوتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ یہ مسجد نور حقیقی معنوں میں احمدیت کا نو ر پھیلائے اور اللہ تعالیٰ مالی کی جماعت کو مزید مساجد کی تعمیر کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
دورہ اندرون مالی
جلسہ سالانہ کے بعد مہمانوں نے مالی کی مختلف جماعتوـں کا دورہ کیاجن میں Didieni، Fana، Segou، Bla، San، Koutiala، Sikasso Bougni اورKoulikoro کی جماعتیں شامل ہیں۔ان دورہ جات کے دوران مکرم نصیر احمد شاہد صاحب اور دیگر مہمانوں نے احباب جماعت کا تربیتی جائزہ بھی لیا اور ان کو نصائح بھی فرمائیں۔ان تمام ریجنزمیں جماعتی ریڈیو اسٹیشنز موجود ہیں۔ وہاں مہمانوں نے لائیو پروگرامز کئے جن میں تبلیغ کے علاوہ لوگوں کے سوالوں کے جواب لائیو کالز پر دیئے گئے۔ ان پروگرامز کو خوب پسند کیا گیا اور لائیو کالز کے ذریعے ان کو سراہا گیا۔ الحمدللہ تمام دورہ جات بہت اچھے طریق پر مکمل ہوئے۔
افتتاح ریجنل مسجد ساںsan دورہ کے دوران جماعت احمدیہ ساں(SAN ) کی ریجنل مسجد ، جماعتی ریڈیو اور ریجنل دفتر کا افتتاح ہوا۔ جماعتی وفد کے علاوہ ساں شہر کی سرکاری اور دیگر مذہبی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں جن میں ساں شہر کا پریفے،چرچ کا پادری،میئر کا نمائندہ اور دیگر مساجد کے امام شامل تھے۔افتتاحی تقریب کے بعد معزز مہمانان کرام نے ایف ایم ریڈیو پر لائیو اظہار خیال کیا اور آخر پر تمام مہمانان کو کھانا کھلایا گیا۔
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل اورحضور انور کی دعائوں سے جلسہ سالانہ بہت کامیاب رہا اور مالی کے تمام ریجن سے احباب جماعت دور دراز کا سفر کر کے مالی کے ریجن ٹمبکٹو سے جو کیپٹل سے ایک ہزار سے زائد کلومیٹر بنتاہے اسی طرح بعض ریجن سے سات ،آٹھ سو کلو میٹر کا لمبا سفرطے کر کے خود ٹرانسپورٹ کے اخراجات ادا کر کے جلسہ میں شامل ہوئے ۔ الحمدللہ یہ حدیقۃالمہدی میں پہلا جلسہ تھا۔ تمام ممبران بہت خوش تھے کہ ہم اپنی جگہ پر جلسہ منعقد کر رہے ہیں ۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ تمام شاملین جلسہ کو اخلاص و وفا میں بڑھائے اور اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو حضرت مسیح موعود کی دعائوں کا وارث بنائے ۔ آمین