Medieval Festival میں جماعت احمدیہ برازیل کی شرکت
نماز عید کا خطبہ فیسٹیول کے سٹیج سے دیا گیا
برازیل کے شہر Rio de Janeiro میں 9 اور 10 جولائی 2022ء کو Medieval Festival کا انعقاد ہوا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برازیل نے پہلی دفعہ اس میں دو دن کا سٹال لگایا۔ نیز دوسرے دن احباب جماعت نے وہیں پر عید کی نماز ادا کی۔ انتظامیہ نے خاکسار (مربی سلسلہ) کو سٹیج سے خطبہ عید دینے کی اجازت دی۔ عید کے خطبہ میں خاکسار نے عید الاضحی کے موقع کی مناسبت سے حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی قربانی کا ذکر کیا۔ نیز اس بات کو بیان کیا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت اسماعیلؑ کی اولاد میں برکت ڈالنے کے بارے میں وعدہ کیا تھا اور ضروری تھا کہ خداتعالیٰ کا وعدہ پورا ہو۔ چنانچہ اس وعدہ کے مطابق اللہ تعالیٰ نے حضرت اسماعیل کی اولاد میں نبی کریمﷺ کا ظہور کیا اور یوں بڑی شان کے ساتھ خدا تعالیٰ نے اپنا وعدہ پورا فرمایا۔ اور حضرت اسماعیل اور حضرت ابراہیم کی قربانیاں رنگ لائیں۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے نماز عید میں 14 افراد نے شمولیت اختیار کی۔ اس کے علاوہ وہاں پر موجود سینکڑوں افراد نے خطبہ عید بھی سنا۔ اور ان میں سے کئی افراد نے بعد میں ہمارے سٹال پر آکر مبارک باد دی اور بتایا کہ ہمیں خطبہ کو سن کر بڑا مزہ آیا۔ اور یہ ہمارے لیے زندگی میں ایسا پہلا تجربہ تھا۔
جماعت احمدیہ کے سٹال سے کئی افراد نے قرآن مجید اور دوسرا جماعتی لٹریچر خریدا۔ نیز جماعتی سٹال پر لکھ کر لگایا گیا تھا کہ ہم عربی میں نام لکھتے ہیں جس پر تقریباً 300 کے قریب افراد نے دو دنوں میں اپنے نام عربی میں لکھوائے۔ اس کے علاوہ ایک پوسٹربھی لگایا گیا تھا کہ آئیں اور ایک مسلمان کے ساتھ کافی پئیں۔ جو کہ بڑا کامیاب تجربہ رہا۔ اور کئی افراد جماعتی سٹال پر کافی پینے کی غرض سے آئے جہاں تبلیغ کرنے کا بہت اچھا موقع ملا۔ اور یوں بعض اس کے بعد قرآن مجید یا دوسری کتب خرید کر ساتھ لیکر گئے۔
اس کے علاوہ جماعتی سٹال پر محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں کی عبارت بھی لکھ کر آویزاں کی گئی تھیں۔ نیز بڑے بڑے پوسٹرز بنوائے گئے تھے جن پر اسلام کی محبت بھری اور امن پسند تعلیمات کا ذکر تھا۔
بعض افراد ہمارے سٹال پر آکر بہت جذباتی ہوگئے۔ ایک خاتون ہمارے سٹال پر آئیں اور کافی رونے لگیں اور انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ جب مسلمانوں کے بارے میں خبریں سنتی ہوں تو بہت تکلیف ہوتی ہے کہ اسلام کو کس طرح بُری نظر اور دہشت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ اور آج جب اس میلہ کے درمیان میں آپ لوگوں کا سٹال دیکھا ہے اور ہر طرف امن پسند اور محبت بھرے پیغامات لکھے دیکھے ہیں تو جذباتی ہوگئی ہوں اور دل خوشی سے بھر آیا کہ مسلمان اپنے دفاع میں نکل کھڑے ہوئے ہیں اور ان تمام الزامات کا جواب خوبصورت تعلیمات کے ذریعہ سے دے رہے ہیں۔ انہوں نے بعد میں جماعتی لٹریچر بھی خریدا۔
سٹال کے درمیان میں حضرت مسیح موعودؑ کی بڑی تصویر بھی آویزاں کی گئی تھی۔ جو تمام گزرنے والوں کے لیے خصوصی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ اور کئی افراد نے آکر حضرت مسیح موعودؑ کے بارے میں سوالات کیے۔ ایک نوجوان سٹال کے دوران خاکسار کے پاس آیا اور اس نے کہا کہ میں اسلام کے بارے میں کچھ زیادہ نہیں جانتا اور نہ کوئی دلچسپی ہے۔ مگر میں اس تصویر کے بارے میں جاننا چاہتا ہوں کہ یہ کس کی تصویر ہے اور یہ کون ہیں۔ چنانچہ انہیں بتایا گیا کہ اسلام میں مسیح کی آمد ثانی کی پیشگوئی موجود ہے اور اس پیشگوئی کے مطابق حضرت مسیح موعودؑ کا ظہور ہوا ہے۔ اور آپ کی وفات کے بعد جماعت احمدیہ میں خلافت احمدیہ کا سلسلہ جاری ہے۔
سٹال میں ہم نے ایک رجسٹر بھی رکھا تھا جس کی غرض یہ تھی کہ اگر کوئی اسلام اور عربی کلاس میں شامل ہونا چاہتا ہے تو وہ اپنا نام اور رابطہ نمبر درج کر دے۔ چنانچہ 50 سے زائد افراد نے اس میں اپنا نام درج کیا۔
جماعتی سٹال کے بارہ میں نیز خطبہ عید کے بارہ میں پہلے سے ہی انتظامیہ نے Festival کے آفیشل انسٹا گرام پیج پر اس کی تشہیر کر دی تھی اور بتایا تھا کہ اس دفعہ اسلامی سٹال بھی لگایا جائے گا۔ اس پیج کوتقریباً 11 ہزار افراد فالو کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس فیسٹیول میں جماعت احمدیہ کی شرکت بہت کامیاب رہی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اسی طرح تبلیغ کے میدان وسیع کرتا چلاجائے۔ آمین