سہ روزہ نیشنل پکنک مجلس انصاراللہ ناروے
(مورخہ 2ستمبرتا4ستمبر2022ء)
گزشتہ چند سالوں سے مجلس انصاراللہ ناروے کی روایت رہی ہے کہ مرکزی سطح پر سال میں ایک مرتبہ سیروتفریح کا پروگرام بنایا جاتا ہے جس میں مرکز سے دور huts کرایہ پر لےکر کر دو تین دن قیام کیا جاتا ہے۔ یہ پروگرام انصار میں بہت مقبول ہے اور انصار اس پروگرام کے منتظر رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر سال اس میں شاملین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ کرونا کی وبا کی وجہ سے 2019ء کے بعد ایسا پروگرام نہ بن سکا تھا۔ امسال وبا میں کافی حد تک کمی ہونے کی وجہ سے مجلس انصاراللہ ناروے نے ایک بار پھر ایسا پروگرام تشکیل دیا جس میں63 افراد شامل ہوئے۔ مکرم راناطاہرمحمود صاحب قائدصحت وجسمانی کی زیرنگرانی 6 ممبران کی ایک کمیٹی بنائی گئی جس نے شروع سال سے ہی اس پر کام شروع کر دیا۔ پروگرام کے لیے اوسلو سے تقریباً 250کلومیٹر جنوب مغرب میں ایک پُرفضا مقام Gautefall (Treungne Kommune) کا انتخاب ہوا جہاں پر 3 بڑے Hutsکرایہ پرحاصل کیے گئے۔ جہاں سوومنگ پول سمیت ہر قسم کی سہولت موجود تھی۔
دو منی بسیں کرایہ پر لی گئیں۔ مورخہ 2؍ستمبر بروز جمعہ 5بجے سہ پہر تمام انصار مسجد بیت النصر اوسلو میں اکٹھے ہوئے جہاں پر ریفریشمنٹ کے بعدچھوٹی اور بڑی تقریباً 12 گاڑیوں کا قافلہ 6بجے دُعا کے ساتھ سفر کے لیے روانہ ہوا۔ مکرم کمال یوسف صاحب سابق مبلغ سلسلہ سیکنڈےنیویا نے دعا کروائی۔ نمازمغرب وعشاء دورانِ سفرادا کی گئیں۔ تقریباً 10بجے رات تمام احباب بخیروعافیت منزل پر پہنچ گئے۔ وہاں پر رات کے طعام کا انتظام کیاگیا تھا جس کے لیے نائب صدر دوم مکرم طلعت محمود صاحب کی زیر قیادت ضیافت کی 9ممبران پر مشتمل ٹیم ایک دن پہلے ہی ضروری سازوسامان کے ساتھ وہاں پہنچ چکی تھی۔ بہت ہی لذیذ کھانے کے بعد صدرِمجلس ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب نے ضروری ہدایات دیں اور انصار کو تلقین کی کہ جہاں وہ اس پروگرام سے لطف اندوز ہوں وہاں وہ ایک دوسرے سے تعارف بھی حاصل کریں نیز گھر سے دور اس ماحول میں خود سے بھی ملاقات کریں اور اپنا محاسبہ کریں۔ مکرم رانا مبشرمحمود صاحب قائد عمومی نے تمام انصار کی رہائش گاہ کی تفصیل بتائی اور رات تقریباً ساڑے گیارہ بجے تمام احباب اپنے اپنے کمروں میں آرام کے لیے چلے گئے۔
بروز ہفتہ صبح ساڑھے چار بجے نمازتہجد سے پہلے صلِّ علیٰ کا اہتمام کیا گیا۔ مکرم بشارت احمد صابر صاحب نے نماز تہجد اور نماز فجر پڑھائی۔ جس کے بعد مکرم کمال یوسف صاحب نے درس دیا۔ جس کے بعد کچھ احباب مزید آرام کے لیے اپنی اپنی رہائش گاہ تشریف لے گئے ،کچھ صبح کی سیر کے لیے اور کچھ hutsمیں موجود سو ومنگ پول میں نہانے کے لیے چلے گئے۔ 9بجے ناشتہ جس میں حلوہ پوری، چنے، آلو کی بھُجیا اور روایتی نارویجئن ناشتہ شامل تھا، پیش کیا گیا۔ 11بجے سیر کا پروگرام تھا جس میں 30 انصار شامل ہوئے۔ پہاڑ، جنگل اور پانی کے ساتھ ساتھ بہت ہی پُرسکون فضا میں ایک حد کے بعد 15 انصار آدھے فاصلہ میں رُک گئے جبکہ باقی 15 نے اپنا سفر جاری رکھا اور تقریباً 3گھنٹے کی یہ سیر مکمل کی۔ ایک چوٹی پر پانی کے کنارے صدرصاحب مجلس کی ایک تجویز پر سب احباب نے 10منٹ تک خاموشی اختیار کی اور Natureکو محسوس کیا۔ اور پھر باری باری انصار نے اظہار کیا کہ اُنہوں نے کیا محسوس کیا۔ یہ ایک بہت ہی دلچسپ عمل تھا۔ واپسی پر انصار کو کھانا پیش کیا گیا۔ دوپہر ساڑھے تین بجے نماز ظہروعصر کی ادائیگی کے بعد انصارکے مابین کلائی پکڑنا اور Handpress کے بہت ہی دلچسپ مقابلے ہوئے۔ پانچ اور سات بجے کے درمیان احباب نے سومنگ میں حصہ لیا جہاں تیراکی سکھائی بھی گئی۔ شام سات بجے عشائیہ پیش کیا گیا جس میں میں باربی کیو کا انتظام کیا گیا تھا، ساتھ آلو، سلاد اور چاول بھی پیش کیے گئے۔ انصار نے کھانے کو بہت پسند کیا۔ رات ساڑھے نو بجے نماز مغرب وعشاء کی ادائیگی کے بعد دو پروگرام رکھے گئے تھے۔ ان میں سے ایک صحت سیمینار تھا جس میں ڈاکٹر صفدرمحمود صاحب قائد تربیت نے بڑھتی عمر کے ساتھ پیدا ہونے والی جنسی امراض اور ان کے حل کے بارہ میں پریزنٹیشن پیش کی۔ آخر میں ڈاکٹر صفدر محمود صاحب، ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب اور ڈاکٹر نور قادر صاحب نے احباب کے سوالوں کے جواب بھی دایے۔ یہ پروگرام تقریباً ایک گھنٹے سے زائد کا تھا۔ اس کے فوراً بعد ادبی محفل کا انعقاد ہوا جس کی میزبانی کے فرائض مکرم بشارت احمدخان صاحب نےانجام دیے اور اپنا کلام سنا کر پروگرام کا آغاز کیا۔ اور بعد میں دیگر احباب نے نظم اور نثر کے بعض حصے پیش کیے جس میں مزاحیہ کلام شامل تھا۔ حاضرین نے ادبی محفل کو بہت پسند کیا۔ تقریباً رات پونے بارہ بجے یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا اور احباب اپنی اپنی رہائش گاہ میں تشریف لے گئے۔
بروز اتوار صبح ساڑھے چار بجے نماز تہجد اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مکرم کمال یوسف صاحب نے درس دیا۔ جس کے بعدکچھ دوستوں نے مزید آرام کیا، کچھ نے صبح کی سیر کی اور کچھ نے تیراکی کی۔ 9 بجے ناشتہ تقسیم ہوا۔ ناشتے کے بعد احباب نے اپنا سامان وغیرہ سمیٹا اور ضروری صفائی وغیرہ کی جس کے بعد 11بجے واپس روانگی کا پروگرام تھا۔ دُعا کے ساتھ واپسی کا سفر شروع ہوا۔ نماز ظہروعصر دورانِ سفر اداکی گئی اور دوپہر کا کھانا بھی دورانِ سفرتقسیم ہوا۔ واپسی کے راستہ میں Sandefjord Kommuneمیں موجود ایک Hvalfangstmuseet کا بہت ہی معلوماتی دورہ کیا۔ اس میں ڈاکٹر عبدالسلام صاحب کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا تھا نیز ایک پورے کمرے میں ڈاکٹر صاحب کے بارہ میں معلومات درج تھیں۔
شام پانچ بجے کے قریب بیت النصر اوسلو بخیر و عافیت پہنچے۔ اور وہاں سے سب اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام ہر لحاظ سے بہت ہی شاندار رہا جہاں اعلیٰ نظم ضبط، معلوماتی سیمینار، صحت مند سرگرمیوں کے علاوہ ضیافت کی ٹیم نے بہترین اور لذیز کھانے پیش کیے۔ تمام شاملین نے ہر پروگرام کی تعریف کی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا کہ ہمیں ان پروگراموں سے اپنی جسمانی صحت کے علاوہ روحانی طور پر ترقی کرنے کی توفیق دیے۔ آمین
(رپورٹ: عامرحسین خالد محمود۔ قائداشاعت)