پیغام حضور انورجلسہ سالانہ

پیغام حضور انور برموقع جلسہ سالانہ سوئٹزرلینڈ 2022ء (اردو مفہوم)

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود

خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ

ھو النّاصر

اسلام آباد (یوکے)

2022-08-29

پیارے احباب جماعت احمدیہ سویٹزرلینڈ

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ آپ کو دو سالہ کووڈ (Covid) کی وبا کے بعد ایک بار پھر باقاعدہ طور پراپنا چالیسواں جلسہ سالانہ مؤرخہ 9، 10، اور 11؍ستمبر 2022ء کو منعقد کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ الحمدللہ۔میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے اس جلسہ کو مبارک کرے اور تمام شاملین اس کی عظیم برکات سے حصہ لیں، ہمارے مذہب اسلام کے فہم میں ترقی کریں، اور روحانی فوائد سے مستفیض ہوں۔

اللہ کرے کہ آپ لوگ اپنے اندر نیک تبدیلی پیدا کرنے والے اور تقویٰ و طہارت میں ترقی کرنے والے ہوں۔آپ نے اسی بات پر خوش نہیں ہو جانا کہ آپ لوگوں نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو مان لیا، جن کی بعثت کی پیش خبری حضور ﷺ نے خود دی تھی۔ بلکہ آپ لوگوں نے اپنی تمام تر استعداد، قابلیت اور صلاحیت سے اپنی روحانی حالت کی مسلسل اصلاح کرنی ہے اور اپنے چال چلن اور اخلاق کے معیاروں کو اس حد تک بلند کرنا ہےجس کی توقع حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی جماعت کےافراد سے کی ہے نیز شرائط بیعت کو بھی پورا کرنے کی جدو جہد کرنی ہے۔

جلسہ کے دوران فرض نمازوں اور نوافل کے علاوہ ہر وقت ذکر الٰہی میں مصروف رہیں۔ ذکر الٰہی انسان کی توجہ فرض نمازوں کی طرف مبذول کرتی ہے۔اور اگر انسان مسلسل عبادت میں لگا رہے تو یہ امر اسے ذکر الٰہی کی طرف لے جاتا ہے۔پس روزانہ باقاعدگی سے پنچوقتہ نماز باجماعت ادا کر کے، آپ لوگ پہلے سے بڑھ کر خدا سے تعلق قائم کرنےوالے بنیں گے۔اس سلسلہ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:

’’سو اے وے تمام لوگو! جو اپنے تئیں میری جماعت شمار کرتے ہو آسمان پر تم اس وقت میری جماعت شمار کئے جاؤ گے جب سچ مچ تقویٰ کی راہوں پر قدم مارو گے۔ سو اپنی پنج وقتہ نمازوں کو ایسے خوف اور حضور سے ادا کرو کہ گویا تم خداتعالیٰ کو دیکھتے ہو‘‘۔

(کشتیٔ نوح، روحانی خزائن جلد 19صفحہ15)

میں آپ کی توجہ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کی بنیادی اہمیت کی طرف دلانا چاہتا ہوں،جس کی وجہ سے ہمارے اوپر بے شمار فضل ہوئے ہیں۔ آپ لوگوں کو خلیفۃ المسیح کے ساتھ ایک مضبوط تعلق قائم کرنے کی اور ہر حال میں کامل وفا داری کا نمونہ دکھانے کی کوشش کرنی چاہئے۔آپ لوگ اپنی اولادوں کو بھی خلافت کی اہمیت کی طرف توجہ دلائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی آئندہ آنے والی نسلیں ہمیشہ خلافت کی سرپستی کےمبارک سایہ اور تربیت میں رہیں۔ یاد رکھیں! کہ اسلام کے مستقبل اور امن عالم کے قیام کا تمام دار و مدار خلافت پر ہے۔اس حوالہ سے میں ہر احمدی کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ باقاعدہ ایم ٹی اے دیکھے اور اس سے فائدہ اٹھائے۔بالخصوص میرے خطبات اور دیگر موقعوں کے خطابات باقاعدگی سے سنیں۔بیشک ایم ٹی اے ایک بہترین ذریعہ ہے جو آپ کو بلا واسطہ خلافت سے وابستہ رکھتا ہے۔

جلسہ کے خوش قسمت شاملین ہونے کے لحاظ سے آپ لوگ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی پر خلوص اور پر جوش دعاؤں کے خصوصی حقدار ہیں۔ آپؑ نے جلسہ میں سفر کر کے شرکت کرنے والوں کے حق میں یہ دعا فرمائی ہے۔ آپ علیہ السلام فرماتے ہیں:

’’بالآخر میں دعا پر ختم کرتا ہوں کہ ہر یک صاحب جو اس للّہی جلسہ کے لئے سفر اختیار کریں۔ خدا تعالیٰ ان کے ساتھ ہو اور ان کو اجرِ عظیم بخشے اور ان پر رحم کرے اور ان کی مشکلات اور اضطراب کے حالات ان پر آسان کر دیوے اور ان کے ہم ّوغم دور فرمادے۔ اور ان کو ہر یک تکلیف سے مخلصی عنایت کرے اور ان کی مرادات کی راہیں ان پر کھول دیوے اور روزِ آخرت میں اپنے ان بندوں کے ساتھ ان کو اٹھاوے جن پر اس کا فضل و رحم ہے اور تا اختتام سفر ان کے بعد ان کا خلیفہ ہو۔ اے خدا اے ذُوالْمَجْدِ وَالْعَطَا اور رحیم اور مشکل کشا، یہ تمام دعائیں قبول کر اور ہمیں ہمارے مخالفوں پر روشن نشانوں کے ساتھ غلبہ عطا فرما کہ ہر یک قوت اور طاقت تجھ ہی کو ہے۔ آمین ثم آمین‘‘

(اشتہار 7دسمبر 1892ء، مجموعہ اشتہارات جلد اوّل صفحہ 342)

اللہ کرے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے دل سے نکلی ہوئی دعاؤں کے آپ وارث ٹھہریں۔ اللہ آپ کے جلسہ سالانہ کو عظیم کامیابی سے نوازے۔ اللہ کرے کہ آپ سب بہترین احمدی مسلمان بنیں تاکہ آپ اسلام اور انسانیت کی خاطر ایک نئے جذبہ سے اور تازہ دم ہو کر خدمت بجا لاسکیں۔اللہ آپ سب پر فضل فرمائے۔

والسلام

خاکسار

(دستخط)مرزا مسرور احمد

خلیفۃ المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button