دورۂ امریکہ کا ساتواں روز 2؍ اکتوبر 2022ء بروزاتوار
زائن سے ڈیلس روانگی، ڈیلس میں ورود مسعود
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے صبح پانچ بج کر پچاس منٹ پر مسجد فتح عظیم میں تشریف لا کر نماز فجر پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔
صبح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دفتری ڈاک ملاحظہ فرمائی اور ہدایات سے نوازا۔
زائن سے ڈیلس روانگی
آج پروگرام کے مطابق ZIONسےDALLASکے لیے روانگی تھی۔ صبح سے ہی زائن اور دیگر مختلف جماعتوں سے آئے ہوئے احباب جماعت مرد و خواتین کی ایک بڑی تعداد اپنے پیارے آقا کو الوداع کہنے کے لیے جمع تھی۔
دس بج کر پچپن منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ سے باہر تشریف لائے۔ پروگرام کے مطابق لوکل مجلس عاملہ جماعت ZIONنے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت پائی۔ ٹرانسپورٹیشن ٹیم اور ضیافت ٹیم نے بھی گروپ تصاویر بنوانے کا شرف پایا۔
خواتین ایک علیحدہ حصہ میں کھڑی تھیں ۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزاز راہ شفقت اس جگہ کی طرف تشریف لے آئے ۔ السلام علیکم حضور! کی آوازیں ہر طرف سے آرہی تھیں۔ بڑے جذباتی مناظر تھے۔حضور انور اپنا ہاتھ بلند کر کے ان کے سلام کا جواب دے رہے تھے۔ ہر طرف سے پر جوش نعرے بلند ہو رہے تھے۔ آگے کچھ فاصلے پر بچیاں الوداعی دعائیہ نظمیں پڑھ رہی تھیں۔ بعدازاں حضور انور بچیوں کے پاس تشریف لے گئے۔ پھر یہاں سے اس حصہ کی طرف تشریف لے گئے جہاں مرد حضرات کھڑے تھے اور بڑے پر جوش انداز میں نعرے لگا رہے تھے۔ حضور انور اپنا ہاتھ بلند کر کے اپنے ان عشاق کے والہانہ نعروں اور سلام کا جواب دے رہے تھے۔ ایک افریقن دوست غیر معمولی جوش اور پر شوکت آواز میں نعرے لگا رہے تھے۔ حضور انور اس دوست کے پاس سے گزرتے ہوئے کچھ دیر کے لیے کھڑے ہوئے اور فرمایا غانین ہو تو اس نے اثبات میں سر ہلایا کہ میں غانین ہوں۔
مربی سلسلہ امریکہ مصور احمد صاحب اپنے نومولود بیٹے کو لیے ہوئے کھڑے تھے حضور انور نے بچے کو پیار کیا اور بعد ازاں تصویر بنوانے کا شرف بھی عطا فرمایا۔
حضور انور قریباً دس منٹ اپنے عشاق کے درمیان موجود رہے ۔
اس دوران حضو رانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے از راہ شفقت ڈاکٹر تنویر احمد صاحب سے بعض امور پر گفتگو فرمائی۔ ڈاکٹر تنویر احمد صاحب بطور ڈاکٹر قافلہ کے ساتھ ڈیوٹی پر ہیں۔
گیارہ بج کر دس منٹ پر حضور انور نے دعا کروائی اور سب کو السلام علیکم کہا اور قافلہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ شکاگو کے لیے روانہ ہوا۔
بارہ بج کر پانچ منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی شکاگو ایئر پورٹ پر تشریف آوری ہوئی ۔ حضور انور ایک پرائیویٹ لاؤنج میں تشریف لے آئے۔
جماعت احمدیہ امریکہ نے شکاگو (CHICAGO)سے DALLASتک کے سفر کے لیے AMERICAN AIRLINESکے ایک چارٹرجہاز ERJ 175 کا انتظام کیا تھا۔ اس جہاز میں 76 سیٹیں تھیں۔ یہ جہاز لاؤنج کے سامنے چند قدم پر پارک کیا گیا تھا۔ حضور انور کی آمد سے قبل سفر کرنے والے تمام احباب کا سامان جہاز میں لوڈ(LOAD)کیا جا چکا تھا۔اس جہاز میں سفر کرنے والے احباب کی تعداد 69تھی۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز، حضرت بیگم صاحبہ مد ظلہا العالی اور قافلہ کے ممبران کے علاوہ اس جہاز میں سفر کرنے والوں میں مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ امریکہ صاحبزادہ مرزا مغفور احمد صاحب ، محترمہ امۃ المصور صاحبہ اہلیہ امیر صاحب امریکہ اور محترمہ نقاشہ احمد صاحبہ،نائب امراء میں سے ڈاکٹر حمید الدین صاحب، ڈاکٹر نسیم رحمت اللہ صاحب، فلاح الدین شمس صاحب، وسیم ملک صاحب اور اظہر حنیف صاحب نائب امیر و مبلغ انچارج شامل تھے۔
علاوہ ازیں مدیل عبداللہ صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ، نیشنل جنرل سیکرٹری مختار ملہی صاحب، فیضان عبداللہ صاحب چیئر مین میڈیکل ایسوسی ایشن امریکہ، منعم نعیم صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ امریکہ، شریف عودہ صاحب امیر جماعت کبابیر، اور ڈاکٹر تنویر احمد صاحب بطور ڈیوٹی ڈاکٹر ساتھ شامل تھے۔
اس کے علاوہ مختلف جماعتوں کے صدران، مربیان، نیشنل عاملہ کے مختلف سیکرٹریان اور دیگر جماعتی عہدیداران بھی شامل تھے۔
امریکن ایئر لائن کے ERIC ADDUCHIO بطور کوآرڈینیٹر اس سفر میں شامل تھے ۔
جو بورڈنگ پاس مہیا کیا گیا اس پر
[KHILAFAT FLIGHT 2022]
لکھا ہوا تھا۔
فلائٹ کا نمبر KF-2022تھا۔
بورڈنگ کارڈ کے ایک طرف یہ الفاظ درج تھے۔
AHMADIYYA MUSLIM COMMUNITY USA
[100]
1920-2020 CENTENNIAL KHILAFAT FLIGHT 2022
IN THE COMPANY OF HAZRAT MIRZA MASROOR AHMAD KHALIFATUL MASIH V (aba)
جہاز پر سوار ہونےسے قبل، سفر کرنے والے تمام احباب جہاز کے سامنے کھڑے تھے۔ جب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تشریف لائے تو تمام احباب نے اپنے پیارے آقا کے ساتھ گروپ فوٹو بنانے کی سعادت پائی ۔ MTAنے یہ تمام مناظر فلمائے۔
بارہ بج کر پچاس منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ جہاز پر سوار ہوئے۔
بارہ بج کر اٹھاون منٹ پر جہاز شکاگو کے انٹرنیشنل O, HARE ایئر پورٹ سے ڈیلس DALLASکے لیے روانہ ہوا۔ اور قریباً دو گھنٹہ کے سفر کے بعد دو بج کر پچپن منٹ پر ڈیلس کے انٹرنیشنل FORT WORTH ایئر پورٹ پر اترا۔ اور ٹیکسی کرتا ہوا ایک ایسے EXIT GATEپر آکر پارک ہوا جہاں سے باہر جانے کا راستہ انتہائی کم تھا۔ اور قریب ہی گاڑیاں پارک کی گئی تھیں۔
ڈیلس ایئرپورٹ پر آمد
جونہی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ایئر پورٹ سے باہر تشریف لائے تو صدر جماعت ڈیلس خالد رحیم شیخ صاحب، مبلغ سلسلہ ڈیلس ظہیر احمد باجوہ صاحب اور صدر جماعت FORT WORTH سعید چودھری صاحب حضور انور کو خوش آمدید کہا۔
تین بج کر دس منٹ پر ایئر پورٹ سے ڈیلس جماعت کے مرکز ’’مسجد بیت الاکرام‘‘کے لیے روانگی ہوئی۔ پولیس کی گاڑیوں اور متعدد موٹرسائیکلز نے قافلہ کو ESCORTکیا اور راستہ کو ساتھ ساتھ کلیئر کیا۔
مسجد بیت الاکرام میں ورودِ مسعود
قریباً چالیس منٹ کے سفر کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا ڈیلس جماعت کے مرکز میں ورود مسعود ہوا۔
اپنے پیارے آقا کے استقبال اور حضور انور کے چہرۂ مبارک کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ڈیلس جماعت کے احبا ب جماعت اور امریکہ کی دوسری مختلف جماعتوں اور علاقوں سے حضور انور کے عشاق سینکڑوں کی تعداد میں صبح سے ہی یہاں ’’ مسجد بیت الاکرام‘‘ پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ مرد و خواتین، بچوں بوڑھوں کی ایک بڑی تعداد جو ایک ہزار سے زائد تھی اپنے آقا کی آمد کی منتظر اور زیارت کے لیے بےتاب تھی ۔
ڈیلس (DALLAS)کی مقامی جماعت کے علاوہ یہ عشاق AUSTIN, HOUSTON, FORT WORTH, QUEENS, جارجیا، میری لینڈ،TULSA, نارتھ ورجینیا، SAN JOSE, SAN DIEGO , ساؤتھ ورجینیا، BAY POINT, سنٹرل جرسی، LEHIGH, رچمنڈویلی , نارتھ جرسی، OSHKOSH، پورٹ لینڈ،BROOKLYN, BUFFALO، CHARLOTTE، ملواکی، یارک(YORK)،بوسٹن، شکاگو، ڈیٹرائٹ، KANSAS CITY, LONG ISLAND,فلاڈلفیا ,PITTS BURG, SACRAMENTO ALBAMA, ALBANY, بالٹی مور، CLEVELAND, HAWAI میامی،PHOENIX, SYRACUS, WILLINGBOROاورTUSCONکی جماعتوں سے آئےتھے۔ بعض جماعتوں سے احباب بڑے لمبے اور طویل فاصلے طے کر کے اپنے محبوب آقا کے استقبال کے لیے پہنچے تھے۔
MARYLANDسے آنے والے 1367میل، لاس اینجلیز سے آنے والے 1433میل، QUEENSسے آنے والے احباب 1578میل اور سیاٹل (SEATTLE)سے آنے والے احباب 2095میل کا طویل فاصلہ طے کر کے اپنے پیارے آقا کے دیدار اور استقبال کے لیے ڈیلس پہنچے تھے۔
ان احباب مرد و خواتین میں سے ایک بڑی تعداد ایسے لوگوں کی تھی جنہوں نے اپنی زندگی میں پہلی بار اپنے آقا کا دیدار کرنا تھا اور شرف زیارت پانا تھا ۔ان کا ایک ایک لمحہ بڑی بے تابی سے گزر رہا تھا ۔ آخر وہ مبارک اور ہر ایک کی زندگی کا یادگار لمحہ آپہنچا جب ٹھیک تین بج کر 50 منٹ پر حضور انور کی گاڑی بیرونی گیٹ سے اندر داخل ہوئی ۔جونہی حضور انور گاڑی سے باہر تشریف لائے تو نائب صدر جماعت ڈیلس خالدKIRK صاحب نے مجلس عاملہ جماعت ڈیلس کے ممبران کے ساتھ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کو خوش آمدید کہا۔ دوسری طرف احباب مسلسل والہانہ نعرے بلند کر رہے تھے ہر طرف سے السلام علیکم حضور ، ’’انی معک یا مسرور‘‘ کی صدائیں بلند ہورہی تھیں ۔حضور انور نے اپنا ہاتھ بلند کرکے سب کو السلام علیکم کہا ۔ دوسری طرف احباب کے بھی ہاتھ بلند ہوگئے۔ ہر ایک شرف زیارت سے فیض یاب ہو رہا تھا ۔بہتوں کی آنکھیں آنسو بہا رہی تھیں۔ خواتین اور بچیاں شرف زیارت کی سعادت پا رہی تھیں اور اپنے ہاتھ ہلاتے ہوئے اپنے آقا کو خوش آمدید کہہ رہی تھیں۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا ڈیلس(DALLAS) کا یہ پہلا دورہ تھا ۔آج ڈیلس کی سرزمین بھی ان خوش قسمت زمینوں میں شامل ہوگئی جہاں حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے مبارک قدم پڑے ہیں ۔ اب اللہ کے فضل سے یہاں بھی ترقیات کے نئے راستے کھلیں گے اور ان شاء اللہ العزیز کامیابیوں اور فتوحات کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا ۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے قیام کا انتظام ’’مسجد بیت الاکرام‘‘ کے بیرونی احاطہ میں واقع گیسٹ ہاؤس میں کیا گیا تھا ۔ حضور انور احباب جماعت کے درمیان سے گزرتے ہوئے اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے ۔
حضور انور نے پانچ بج کر پندرہ منٹ پر’’ مسجد بیت الاکرام‘‘ میں تشریف لاکر نماز ظہر و عصر جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد اپنی رہائش گاہ پر واپس جاتے ہوئے حضور انور یہاں کے مرکزی کچن میں تشریف لے آئے جو اس وقت بطور لنگرخانہ کے کام کر رہا ہے اور یہاں احباب کے لیے کھانا تیار ہو رہا تھا ۔
حضور انور نے انتظامیہ سے کھانے کے بارے میں اور اس کی مقدار کے بارے میں دریافت فرمایا نیز فرمایا جو دیگچے کھانا پکانے کے لیے آپ نے رکھے ہوئے ہیں وہ سائز میں چھوٹے ہیں ۔ منتظمین نے بتایا کہ وہ ایک ہزار افراد کا کھانا یہاں تیار کرسکتے ہیں۔ اس وقت شام کا کھانا یہاں تیار کیا جارہا تھا یہاں جائزہ کے بعد حضور انور اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔ مسجد بیت الاکرام اور اس سے ملحقہ آفس بلاک اور ہالزوغیرہ کو بجلی کے رنگ برنگے قمقموں سے سجایا گیا ہے ۔اور بیرونی احاطہ میں درختوں کو بھی رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے ۔ حضور انور کی رہائش گاہ پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔دن ڈھلنے کے ساتھ ہی جماعت کا یہ مرکز جو چار ایکڑ رقبہ پر پھیلا ہوا ہے روشنیوں سے مزین ہو جاتا ہے اور ایک بہت خوبصورت منظر پیش کرتا ہے۔ جماعت کا یہ مرکز مین ہائی وے پر واقع ہے۔ ہزارہا مسافر یہاں سے گزرتے ہیں جو اس منظر کا نظارہ کرتے ہیں۔
حضور انور نے ساڑھے آٹھ بجے مسجد بیت الاکرام تشریف لا کر نماز مغرب و عشاء جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔
٭…٭…٭