حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ کا تاریخی دورۂ امریکہ 14تا17؍اکتوبر 2022ء
(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر، مطیع اللہ جوئیہ)
(انیسواں روز، 14؍اکتوبر 2022ء بروز جمعة المبارک)
خطبہٴ جمعہ ،ہزار وں احبابِ جماعت کی شمولیت
آج 14؍ اکتوبر 2022ء بروز جمعة المبارک حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ امریکہ کا انیسواں اور سلور سپرنگ، میری لینڈ میں چھٹا دن تھا۔ حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے صبح سوا چھ بجے مسجد بیت الرحمٰن میں تشریف لا کرنمازِ فجر پڑھائی جس میں بڑی تعداد میں احباب شامل ہوئے۔ آج جمعة المبارک ہونے کی وجہ سے حاضری غیر معمولی تھی۔ احباب دور دراز کے علاقوں سے طویل مسافت طے کر کے اپنے محبوب آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے حاضر ہوئے تھے۔
احبابِ جماعت کا اپنے محبوب آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے خلوص و وفا کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ نماز فجر ادا کرنے کے بعد جب حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ کی طرف تشریف لے جا رہے تھے تو مسجد کے باہر بیسیوں افراد کی ایک لمبی قطار دکھائی دی جو کہ دیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں میں تبدیل ہو گئی۔ اس قطار میں چھوٹے بچے اور معمر حضرات بھی موجود تھے۔ پوچھنے پر معلوم ہوا کہ یہ قطار مسجد میں نمازِ جمعہ ادا کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ گویا پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں مسجد کے ہال میں نمازِ جمعہ ادا کرنے کے لیے سینکڑوں افراد نے چھے گھنٹے سے زیادہ انتظار کیا۔
خطبہٴ جمعہ شروع ہونے سے پہلے ہی تمام مسجد اور ہالز پُر ہو گئے۔ غیر معمولی حاضری کے پیشِ نظر مسجد بیت الرحمان کے احاطہ میں متعدد اوَر فلو مارکیوں کا انتظام کیا گیا تھا جہاں پر خطبہٴ جمعہ دیکھنے کے لیے بڑی سکرینز لگائی گئی تھیں۔ دوپہر ۱یک بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازجمعہ کا آغاز فرمایا۔ جمعہ کے لیے اذان دینے کی سعادت مکرم بلال راجہ صاحب کو ملی۔ باہر عجیب منظر تھا۔ احباب جماعت جوق در جوق آتے جا رہے تھے۔ متعدد اوَرفلو مارکیاں جلد بھر گئیں اور احباب مارکیوں کے پیچھے کھڑے دکھائی دینے لگے۔ چنانچہ انتظامیہ کو کھلی فضا میں صفیں بچھا کر زائد احباب کے لیے نماز جمعہ ادا کرنے کا انتظام کرنا پڑا۔ اس طرح ملک بھر کی جماعتوں کے علاوہ کینیڈا کے دور دراز علاقوں سے بھی آنے والے ہزار ہا احباب نے اپنے محبوب آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازِ جمعہ اور عصر ادا کرنے کی سعاد ت پائی۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہٴ جمعہ انتہائی ولولہ انگیز تھا۔ آپ ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تمام دنیا کو ایٹمی تباہ کاریوں کے بد نتائج سے متنبہ فرمایا۔ نیر جماعت احمدیہ عالمگیر کو خدا تعالیٰ کے حضور جھکنے، عالمی سلامتی کے لیے دعا کرنے اور درستیٴ اعمال کی طرف توجہ دلائی۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہٴ جمعہ تمام دنیا میں براہ راست ايم ٹی اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يوٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ سنا اور ديکھا گيا۔
شام چھے بجے حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد بیت الرحمان تشریف لائے جہاں نیشنل مجلس عاملہ مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ اپنے پیارے امام کے ساتھ ملاقات کی منتظر تھی۔ بعد ازاں مجلس انصار اللہ امریکہ کی نیشنل مجلس عاملہ کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔دونوں میٹنگز کے دوران حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ممبران عاملہ سے مختلف شعبہ جات کے متعلق دریافت فرمایا۔نیز انہیں قیمتی ہدایات سے نوازا۔
میٹنگز کے بعد شام پونے نو بجے پیا رے حضور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد بیت الرحمان میں تشریف لا کر نماز مغرب و عشاء پڑھائیں۔مسجد بشمول تمام ہالز نماز سے پہلے ہی بھر چکی تھی جس کی وجہ سے زائد احباب نے مسجد کے باہر نصب کی گئی مارکیوں میں نمازیں ادا کیں۔
(بیسواں روز، 15؍اکتوبر 2022ء بروز ہفتہ)
مبلغین کرام، نیشنل مجلسِ عاملہ اور ہیومینٹی فرسٹ امریکہ کی حضورِ انور کے ساتھ ملاقاتیں
آج 15؍اکتوبر 2022ء بروز ہفتہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورہٴ امریکہ کا بیسواں اور سلور سپرنگ، میری لینڈ میں ساتواں دن تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِ فجر صبح سوا چھ بجے مسجد بیت الرحمان میں تشریف لا کر پڑھائی۔ معمول کے مطابق کثیر تعداد میں احباب جماعت نے نماز فجر میں شرکت کی توفیق پائی۔
حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تقریباً گیارہ بجے مسجد بیت الرحمان میں تشریف لائے اور فیملی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ ملاقات کے لیے زیادہ تعداد ان احباب کی تھی جن کو زندگی میں پہلے کبھی خلیفہٴ وقت سے ملاقات کا شرف حاصل نہیں ہوا تھا۔ ملاقات کے بعد احباب کے چہروں سے خوشی و اطمینان کا اظہار نمایاں تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ملاقات میں آنے والے طلباء کو پین اور بچوں کو چاکلیٹس عنایت فرمائیں۔ آج ملاقاتوں کے دوران 27جماعتوں سے تعلق رکھنے والی37 فیملیز کے 162 افراد کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرفِ ملاقات نصیب ہوا۔
ملاقاتوں کے بعد تقریباً ایک بجے حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کانفرنس روم میں تشریف لائے جہاں پر جماعت احمدیہ امریکہ کے تمام مبلغین کرام اپنے پیارے آقا سے ملاقات کے لیے بے چینی سے انتظار کر رہے تھے۔ میٹنگ کے دوران حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مربیان سے تبلیغی کارکردگی کے متعلق دریافت فرمایا۔ نیز مربیان کو زریں نصائح فرمائیں اور ان کے سولات کے جواب دیے۔
سوا دو بجے کے قریب حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد بیت الرحمان تشریف لائے اور نمازِ ظہر و عصر پڑھائیں۔ نمازوں کے بعد پیارے آقا نے واقفین زندگی اور ان کے رشتہ داروں، شہداء کی فیملیز، واقفین نو اور بعض احمدی خوش نصیب احباب کے 14 نکاح پڑھائے۔ کووڈ 19 کے باعث مسجد میں موجود تمام احباب نے فیس ماسکس پہن رکھے تھے۔ پیارے آقا ایجاب و قبول کے دوران جواب دینے والوں کو ارشاد فرمایا کہ ماسک اتار کر جواب دیں۔ یہ اس لیے تھا کہ آپ ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اور باقی احباب تصدیق کے لیے ان کا چہرہ دیکھ سکیں۔
شام ساڑھے 6 بجے کے قریب حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد بیت الرحمان تشریف لائے جہاں نیشنل مجلس عاملہ جماعت احمدیہ امریکہ نے اپنے پیارے آقا کے ساتھ ڈیڑھ گھنٹے پر مشتمل ملاقات کی جس میں حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مختلف شعبہ جات کے سیکرٹریان سے ان کے شعبہ کے متعلق دریافت فرمایا اور اہم ہدایات سے نوازا۔ بعد ازاں ہیومینٹی فرسٹ امریکہ نے حضورِ انور کے ساتھ ملاقات کا شرف حاصل کیا۔
میٹنگز کے بعد آٹھ بج کر چالیس منٹ پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد بیت الرحمان تشریف لائے اور احباب کو نمازِ مغرب و عشاء پڑھائیں۔پیارےآقا کی اقتدا میں نمازیں ادا کرنے کی سعادت پانے کے لیے دور دراز سے لوگ ہزاروں کی تعداد میں مسجد بیت الرحمان پہنچے ہوئے تھے۔ نمازوں کے بعد جب حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ کی طرف تشریف لے جا رہے تھے تو باہر احباب کا ہجوم اپنے پیارے آقا کا دیدار کرتے ہوئے پُر جوش نعرہ ہائے تکبیر بلند کر رہا تھا۔
(اکیسواں روز، 16؍اکتوبر 2022ء بروز اتوار)
نیشنل مجلس عاملہ لجنہ اماء اللہ امریکہ کی ملاقات، جاپا ٹاوٴن کا دورہ اور فیملی ملاقاتیں
آج 16؍اکتوبر 2022ء بروز اتوار حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ امریکہ کا اکیسواں اور سلور سپرنگ، میری لینڈ میں آٹھواں دن تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مقامی وقت کے مطابق صبح ٹھیک سوا چھ بجے مسجد بیت الرحمان میں تشریف لائے اور احباب کو نمازِ فجر پڑھائی۔
تقریباً گیارہ بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ کے سامنے تشریف لائے جہاں پر مختلف شعبہ جات اور ٹیمز کے لیے حضورانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ فوٹو کھینچوانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ تصاویر بنوانے کے بعد حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد بیت الرحمان سے شمال مشرق کی جانب تقریباً پچاس میل کے فاصلے پر واقع جاپا ٹاوٴن (Joppatowne) تشریف لے گئے۔ اس ٹاوٴن کے ایک محلہ کے تقریباً تمام مکان احمدی احباب کی ملکیت ہیں اور یہاں کے کمیونٹی سنٹر کو احباب بطور مسجد استعمال کرتے ہیں۔ جاپا ٹاوٴن میں احباب جماعت کی کثیر تعداد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی آمد سے پہلے ہی حضور کے استقبال کے لیے موجود تھی۔ تمام حاضرین نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پُر جوش استقبال کیا جس کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز وہاں کے کمیونٹی سنٹر میں بغرض معائنہ تشریف لے گئے اور باہر ایک یادگار پودا لگایا۔ بعد ازاں حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے بعض مکانات کا معائنہ فرما کر واپسی کا سفر اختیار فرمایا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا قافلہ مسجد بیت الرحمان میں پونے دو بجے پہنچا جہاں پر احباب جماعت کی بڑی تعداد اپنے آقا کے استقبال کے لیے بے چینی سے انتظار کر رہی تھی۔ احبابِ جماعت کے پُر جوش نعرہ جات کی گونج اور ’السلام علیکم پیارے حضور‘ کی آوازیں دور دور تک سنائی دے رہی تھیں۔ مسجد بیت الرحمان پہنچ کر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تمام احباب جماعت کو نماز ظہر و عصر پڑھائیں۔
بعد ازاں شام تقریباً سوا پانچ بجے حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد کے احاطہ کے اندر مستقبل میں تعمیر ہونے والے لجنہ کانفرنس ہال کی جگہ پر تشریف لے گئے اور دعا کروائی۔ اس کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد بیت الرحمان میں تشریف لائے جہاں لجنہ اماء اللہ کی نیشنل مجلس عاملہ اپنے پیارے آقا کے ساتھ میٹنگ کے لیے منتظر تھی۔ ساڑھے چھ بجے کے قریب ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا جو ساڑھے آٹھ بجے تک جاری رہیں۔ طلباء کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت پین اور بچوں کو چاکلیٹس عنایت فرمائے۔ آج فیملی ملاقاتوں کے دوران امریکہ بھر سے 34 جماعتوں کی 47فیملیز کے 186 افراد کو نیز 6گروپ ملاقاتوں میں 69 کل ملا کر 255 افراد کو حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرف ملاقات نصیب ہوا۔
مسجد بیت الرحمان میں احباب اپنےپیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازِ مغرب و عشاء ادا کرنے کی غرض سے گھنٹوں پہلے آنا شروع ہو گئے تھے اور ابھی نماز کا وقت شروع بھی نہیں ہوا تھا کہ تمام مسجد اور ہالز نمازیوں سے بھر گئے مگر پھر بھی احباب کی بڑی تعداد باہر موجود تھی۔ ان احباب نے انتظامیہ کی طرف سے نصب کی جانے والی اوور فلو مارکیوں میں نمازیں ادا کیں۔ امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد بیت الرحمان میں ٹھیک 8 بج کر 50 منٹ پر تشریف لا کر نمازِ مغرب و عشاء پرھائیں۔
احبابِ کرام حضور پُر نور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو رہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر آن ہمارے پیارے امام ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا حامی و ناصر رہے۔ آمین
(بائیسواں اور آخری روز 17؍ اکتوبر 2022ءبروز سوموار)
نشانہ بازی کے مقابلہ جات، دورے کی تکمیل پر امریکہ سے روانگی، احبابِ جماعت کی جانب سے اپنے پیارے امام کو الوداع کہنے کے رقت آمیز مناظر
آج 17؍ اکتوبر 2022ء بروز سوموار حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ امریکہ کا بائیسواں اور آخری روز تھا۔ حضورِانورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مقامی وقت کے مطابق ٹھیک سوا چھ بجے مسجد بیت الرحمان، سلورسپرنگ، میری لینڈ میں تشریف لائے اور احباب کو نمازِ فجر پڑھائی۔
آج مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس انصار اللہ امریکہ کی جانب سے منعقد ہونے والے نشانہ بازی کے مقابلہ جات کا فائنل تھا اور انہوں نے حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اس موقع پر شرکت کی درخواست کر رکھی تھی۔ حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت ان کی درخواست قبول فرمائی اور دوپہرایک بجے مسجد کے احاطہ میں مقابلہ جات دیکھنے کے لیے تشریف لائے۔ تیر اندازی کے مقابلہ میں ساوٴتھ ورجینیا کے خادم عزیزم معزگِل نے اوّل پوزیشن حاصل کی جبکہ ایئر رائفل (Air Rifle) میں نارتھ ورجینیا کے ناصر مکرم سلیمان چودھری صاحب فاتح قرار پائے۔ اس کے بعد نمازِ ظہر و عصر پڑھانے کے لیے حضورِانور ایک بج کر بیس منٹ پر مسجد بیت الرحمان تشریف لائے۔ نمازیں ادا کرنے کے بعد حضورِ انور کچھ دیر کےلیے اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔
رہائش گاہ کےباہراحباب کا ہجوم چہروں پر اداسی لیے اپنے محبوب آقا کو الوداع کہنے کے لیے جمع ہو چکا تھا۔ جدائی کے یہ جذباتی لمحات چھوٹوں، بڑوں، مردوں اور خواتین سب کے چہروں پر عیاں تھے۔ پونے تین بجے جب حضرت امیرالموٴمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ سے رونق افروز ہوئے تو باہر انتظار کرتے ہوئے احباب و خواتین کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز آہستہ آہستہ چلتے ہوئے مسجد کمپلیکس کے صدر دروازے کےطرف تشریف لے گئے۔ راستے میں ایک طرف ناصرات الاحمدیہ کا گروہ خوش الحانی کے ساتھ منظوم کلام حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہ "جاتے ہو میری جان خدا حافظ و ناصر” پڑھ رہا تھا تو دوسری طرف جامعہ احمدیہ کینیڈا کے طلباء پُر جوش انداز میں "انی معک یا مسرور ” کے نعرے بلند کر رہے تھے۔ احباب کی تسکین کے لیے حضورِ انورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز وہاں تقریباً پندرہ منٹ تک رونق افروز رہے۔ ایک عجیب منظر تھا جسے الفاظ شاید بیان ہی نہیں کر سکتے۔ بعض جوشیلے نعروں سے اپنے محبوب آقا کو الوداع کہہ رہے تھے اور بعض کی آوازشدت جذبات کی وجہ سے سننا مشکل معلوم ہو رہی تھی۔ بعض بلند آواز میں ” We Love You Huzur” کہتے ہوئے سنائی دیے اور دوسرے "السلام علیکم پیارے حضور”۔ فرطِ محبت میں چھوٹے بڑے بلا تفریق نعرہ ہائے تکبیر بلند کررہے تھے۔ موٹر میں بیٹھنے سے قبل جب حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دعا کروائی تو احبابِ جماعت کی سسکیوں کی آوازیں واضح سنی جا سکتی تھیں۔ ہر آنکھ اشکبار تھی ۔ تین بج کر دو منٹ پر حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا قافلہ درد بھری بے شمار دعاوٴں کے ساتھ مسجد بیت الرحمان سے ایئرپورٹ کی طرف روانہ ہو گیا۔ آج امریکہ میں موجود ہر احمدی بزبان حال اپنے پیارے امام کو کہہ رہا تھا ؎
لے او یار حوالے رب دے میلے چار دناں دے اوس دن عید مبارک ہو سی جس دن فیر ملاں گے
اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا
(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر، مطیع اللہ جوئیہ)
ادارہ الفضل انٹرنیشنل دنیا بھر میں بسنے والے قارئین الفضل انٹرنیشنل کی جانب سے محترم سید شمشاد احمد ناصر صاحب (مبلغ سلسلہ و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل امریکہ) اور محترم مطیع اللہ جوئیہ صاحب (مبلغ سسلہ ہوائی و خصوصی نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ امریکہ ۲۰۲۲ء) کا تہِ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے بہت مستعدی، بشاشت اور محنت کے ساتھ امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ امریکہ ۲۰۲۲ء کی رپورٹنگ کی۔ جزاکم اللہ تعالیٰ احسن الجزا
٭…٭…٭