جلسہ سالانہ تنزانیہ 2022ء کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خصوصی پیغام (اردو مفہوم)
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود
خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ
ھو النّاصر
اسلام آباد (یوکے)
2022-08-29
پیارے ممبران جماعت احمدیہ تنزانیہ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے اس بات پر نہایت خوشی ہو رہی ہے کہ آپ اپنا 51واں جلسہ سالانہ 30؍ستمبرو یکم و 02؍اکتوبر 2022ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسے کو اعلیٰ کامیابی سے ہم کنار کرے اور تمام شاملین کو اس سے روحانی فائدہ اٹھانے، علم میں ترقی کرنے اور ہمارے دین اسلام کا فہم و ادراک عطا فرمائے تا آپ سب ایمان و عمل صالح اور نیکیوں میں ترقی کرنے والے ہوں۔
آپ سب کو اپنے اندر نیک تبدیلی پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ آپ کاصرف اس پر ہی اکتفا نہ ہو کہ آپ نے حضرت مسیح موعودؑ جن کی آمد کی پیشگوئی خود حضورﷺ نے فرمائی تھی ان کو مان لیا ہے بلکہ اس امر کی کوشش کریں کہ اپنی تمام صلاحیتوں اور قوتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے شرائط بیعت پر عمل کرنے والے ہوں اور مسلسل اپنے اندر تبدیلی پیدا کرتے ہوئےروحانیت میں ترقی کرنے والے ہوں۔ اس حوالہ سے حضرت مسیح موعودؑ نے فرمایا:
’’خدا تعالیٰ نے جو اس جماعت کو بنانا چاہا ہے تو اس سے یہی غرض رکھی ہے کہ وہ حقیقی معرفت جو دنیا میں گم ہو چکی ہے اور وہ حقیقی تقویٰ و طہارت جو اس زمانہ میں پائی نہیں جاتی اسے دوبارہ قائم کرے۔‘‘
(ملفوظات جلد 7 ص 277-278 ایڈیشن 1994ء)
سو اگر آپ میں تبدیلی کی خواہش ہے تو ہمیشہ اس بات کو مدنظر رکھیں کہ ہم ہر ایک اچھا اور نیک کام اپنانے کی کوشش کریں گے اور اپنی پوری کوشش کے ساتھ برائی اور گناہ سے بچیں گے۔ اگر ہماری بیعت سچی ہے اور ہماری نیت دنیا میں تبدیلی لانا ہے تو روحانی طور پر ہمیں ہمیشہ اس امر کے لیے تیار رہنا ہوگا کہ اپنے اندر نیکی کا تخم پیدا کرتے رہیں۔ سو اپنی پانچوں نمازوں کی حفاظت کریں اور ان کو باقاعدگی سے اور باجماعت ادا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے اپنا تعلق مضبوط کرنے والے ہوں۔
پھر میں آپ کو خلافت احمدیہ کے خدائی نظام کی اہمیت کی طرف بھی توجہ دلاتا ہوں جس کے عوض ہم پر بے شمار فضل نازل ہوتے ہیں۔ ہمیشہ خلیفة المسیح سے وفادار رہیں اور مضبوط تعلق بنا کر رکھیں۔ اپنے بچوں کو بھی خلافت کی اہمیت سے آگاہ کرتے رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی آئندہ نسلیں ہمیشہ خلافت کی رہنمائی میں اور اس کے بابرکت سائے وحفاظت میں رہیں۔
یاد رکھیں اسلام کا مستقبل اور دنیا میں امن کا مدار خلافت احمدیہ سے وابستہ ہے۔ اس لحاظ سے میں ہر احمدی کو نصیحت کرتا ہوں کہ ایم ٹی اے کثرت سے دیکھیں اور اس سے مستفیذ ہوں۔ خاص کر میرے خطبات جمعہ اور خطابات کو سنیں جو میں مختلف مواقع پر دیتا ہوں۔ بے شک ایم ٹی اے خلافت سے براہ راست جوڑنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔
دنیا اس وقت ایک نازک موڑ پر کھڑی ہے۔ پس اس وقت اس کا حل صرف یہی ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کو پہچانے اور اس کی طرف جھکے اور امام وقت حضرت مسیح و مہدی موعودؑ کی حفاظت اور سائے تلے آجائیں۔ اس لیے یہ ضروری ہے کہ اپنی تبلیغی کاوشوں کو تیز کریں اور جماعت احمدیہ کہ حقائق و پر امن پیغام کو دور تک پہنچائیں۔ پس اس لحاظ سے اپنے تبلیغی پروگراموں کو بڑھائیں اور اس طرز پر بنائیں کہ سچائی کے مطالبین اس پیغام کو پہچاننے والے بنیں اور اسلام احمدیت کی اس خوبصورت تعلیم کو ماننے والے ہوں۔
اس جلسہ کے شاملین ہونے کے ناطے آپ لوگ حضرت مسیح موعودؑ کی پر سوز دعاؤں کے خاص مخاطب ہیں۔ حضورؑ نے جلسہ کے لیے سفر کرکے آنے والوں کے لیتت ان الفاظ میں خاص دعا فرمائی تھی کہ:
’’بالآخر میں دعا پر ختم کرتا ہوں کہ ہر یک صاحب جو اس للہّی جلسہ کے لئے سفر اختیار کریں خدا تعالیٰ ان کے ساتھ ہو اور ان کو اجر عظیم بخشے اور ان پر رحم کرے اور ان کی مشکلات اور اضطراب کے حالات ان پر آسان کردیوے اور ان کے ہم و غم دور فرمادے۔ اور ان کو ہر یک تکلیف سے مخلصی عنایت کرے اور ان کی مرادات کی راہیں ان پو کھولے دیوے اور روز آخرت میں اپنے ان بندوں کے ساتھ ان کو اٹھا وے جن پر اس کا فضل و رحم ہے اور تا اختتام سفر ان کے بعد ان کا خلیفہ ہو۔ اے خدا اے ذوالمجد و العطاء اور رحیم اور مشکل کشا یہ تمام دعائیں قبول کر اور ہمیں ہمارے مخالفوں پر روشن نشانوں کے ساتھ غلبہ عطا فرما کہ ہر یک قوت اور طاقت تجھ ہی کو ہے۔ آمین ثم آمین
(اشتہار 07؍دسمبر 1892ء، مجموعہ اشتہارات جلد 1 ص 342 ایڈیشن 1989ء)
اللہ تعالیٰ آپ کے جلسے کو اعلیٰ کامیابی عطا فرمائے اور اپنی زندگیوں میں سچی تبدیلی پیدا کرتے ہوئے نیکی و تقویٰ و عمل صالح اور اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے زندگیاں گزارنے والا بنائے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اپنے بے شمار افضال کا وارث بنائے۔
والسلام
خاکسار
(دستخط)مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس