لیسوتھو میں جماعت احمدیہ کا پہلا قرآن مجید سیمینار اور ایک مقامی نومبائع احمدی کی تقریب آمین
اللہ تعالیٰ کے فضل اور احسان سے جماعت احمدیہ لیسوتھو کو 18؍ستمبر 2022ء کو اپنا پہلا قرآن مجید سیمینار کرنے کی توفیق ملی۔ اس سیمینار کی صدارت کی توفیق خاکسار (مبلغ سلسلہ)کوملی۔ پروگرام کا آغاز بروز اتوار صبح گیارہ بجے ہوا۔ تلاوت و انگریزی ترجمہ مکرم ذیشان حمید ذوالکفل صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد سسوتھو ترجمہ مکرم سلیمان باکانگ مویلا صاحب نے پیش کیا۔ کلام حضرت مسیح مو عود علیہ السلام مکرم ذکی احمد صاحب نے پیش کیا۔ اس کا بھی انگریزی و سسوتھو ترجمہ مکرم سلیمان باکانگ مویلا صاحب نے پیش کیا۔ بعد ازاں پہلی تقریر مکرم سلیمان باکانگ مویلا صاحب نے برکات قرآن مجید پر کی۔ اس کے بعد قصیدہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام مکرم ذکی احمد صاحب نے پیش کیا۔ آخری تقریر خاکسار نے تلاوت قرآن مجید کی اہمیت پر کی۔ دونوں تقا ریر کا سسوتھو زبان میں ترجمہ بھی کیا گیا۔
اس سمینار میں ایک خادم کی آمین کی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ مکرم کیا بٹسو نصر صاحب نے ایک سال دو ماہ کے عرصہ میں قرآن مجید کا پہلا دور مکمل کیا۔ آپ لیسوتھو قوم کے پہلے احمدی ہیں جنہوں نے قرآن مجید کا دور مکمل کیا۔ آپ نے تین سال قبل بیعت کی تھی۔ اس کے بعد کچھ عرصہ کے لیے آپ ملک سے باہر چلے گئے۔ 2021ء میں آپ کی واپسی ہوئی۔ اس کے بعد سے آپ نے باقاعدہ قاعدہ یسرنا القرآن خاکسار سے پڑھنا شروع کیا۔ قرآن پڑھنے کے لیے آپ روزانہ تقریباً تیس کلومیٹر کا سفر طے کر کے مشن ہاوس تشریف لاتے اور اس طرح آپ نے قرآن مجید کا پہلا دور مکمل کیا۔ الحمدللہ۔ آپ اپنے گھر میں اکیلے احمدی ہیں۔ تقریب آمین میں ان کی والدہ صاحبہ نے بھی شرکت کی جو عیسائی مذہب سے تعلق رکھتی ہیں۔ وہ اپنے بیٹے کے قرآن پڑھنے پر بہت خوش تھیں اور انہوں نے جماعت کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
اللہ تعا لیٰ سے دعا ہے کہ وہ قرآن مجید کی برکات سے ان کے گھر والوں کو بھی حقیقی اسلام قبول کرنے کی توفیق بخشے۔آمین
اس تقریب میں کل بیس افراد شامل ہوئے جن میں پانچ غیر از جماعت لوگ شامل تھے۔ پروگرام کے بعد نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں اور اس کے بعد تمام احباب میں کھانا تقسیم کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ جماعت لیسوتھو کے کاموں میں برکت عطا فرمائے اور احسن رنگ میں جماعت کی تعلیمات لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین