خبرنامہ
(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کی جنگ سے بچاؤ کے لیے پُرعزم ہیں۔ عالمی جوہری طاقتوں کے درمیان تصادم سے گریز اولین ترجیح ہے۔ جوہری جنگ کی روک تھام کے 5 ملکی مشترکہ بیان پر قائم ہیں۔ دیگر جوہری طاقتیں بھی کسی بھی تصادم کو روکنے کے لیے مل کر کام کریں۔ یاد رہے کہ رواں برس 3؍جنوری کو روس، امریکہ، چین، برطانیہ اور فرانس نے مشترکہ بیان جاری کیا تھا جس میں جوہری جنگ سے گریز کے لیے ذمہ دارانہ عزم کا اظہار کیا گیا تھا۔
٭… روس نے یوکرین کے ساتھ اناج برآمدگی کے معاہدے پر واپسی کا اعلان کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی ثالثی میں طے شدہ معاہدے کے حوالے سے روس کا کہنا ہے کہ وہ اس پر عملدرآمد دوبارہ شروع کررہا ہے۔ روس نے گذشتہ دنوں یوکرین کے ساتھ اناج برآمدگی کے معاہدے سے دستبرداری کا اعلان اس وقت کیا تھا جب اس سے چند ہفتے قبل کریمیا میں واقع سیواستوپول پر ڈرون حملے ہوئے تھے۔
٭… ترک صدر رجب طیب اردوان نے استنبول میں خطاب کے دوران کہاہے کہ روسی صدر کے ساتھ یوکرین اناج ڈیل کے تحت روسی اناج غریب افریقی ممالک کو مفت بھیجنے پر اتفاق ہوا ہے۔ اناج سے لدے بحری جہاز خوراک کے بحران اور بھوک کا سامنا کرنے والے صومالیہ، جبوتی اور سوڈان جیسے ممالک تک پہنچانا یقینی بنائیں گے۔ اس پر ہم نےاتفاق کیا اور جی 20 سربراہی اجلاس میں اس پر تفصیل سے بات کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے روسی صدر پیوٹن سے ٹیلی فونک گفتگو کی ہے، جس میں صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ یہ اناج جبوتی، صومالیہ اور سوڈان جیسے ممالک کو مفت بھیجیں۔ بحیرہ اسود کی اناج راہداری سے ضرورت مند ممالک کو اناج پہنچانے کے معاملے پر پیشرفت جاری ہے۔ یاد رہے کہ روس نےگذشتہ دنوں یوکرین اناج ڈیل سے دستبرداری کے بعد ڈیل پر واپسی کا اعلان کیا تھا۔
٭… یورپی یونین کی طرف سے روس کی پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری پر پابندی عائد کیے جانے کے امکانات سامنے آئے ہیں۔ روسی تیل کی خریداری پر پابندی کے امکانات کے ساتھ ہی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔ برطانوی خام تیل 98 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل 92 ڈالر فی بیرل کی سطح پر موجود ہے۔ اس کے ساتھ ہی گیس کی قیمت میں بھی 4 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے، جو اب 6 ڈالر 23 سینٹس فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی ہے۔
٭… 3؍نومبر کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر راہنماؤں سمیت 13؍افراد زخمی ہوئے تھے۔ فائرنگ کرنے والے شخص کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا۔ شوکت خانم ہسپتال لاہور میں آپریشن کے ذریعہ گولیاں نکالی گئیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق بائیںٹانگ میں چار گولیاں لگیں۔ سابق وزیراعظم نے موجودہ وزیراعظم، وزیر داخلہ اور ایک فوجی افسر پرحملے کا الزام لگایا ہے۔
٭… کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت اور عمران خان اور تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ عمران خان اور ان کے حامیوں پر حملہ ناقابل قبول ہے۔ اس تشدد کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ کسی جمہوریت، سیاست یا معاشرے میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔
٭… یورپین دارالحکومت برسلز میں ایک پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے یورپین یونین کی خارجہ امور کی ترجمان بنیلا مصرالی نے کہا کہ ہم عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر قاتلانہ حملے کی انتہائی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے فیصلے کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ تشدد کسی بھی شکل میں ہو وہ ناقابل قبول ہے اور اس سے جمہوریت کو نقصان پہنچتا ہے۔
اس حوالہ سے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ جو ابھی ہوا ہے اس کو دیکھ رہے ہیں۔ صورت حال کی پیشرفت کو مانیٹر کر رہے ہیں، اس پر ابھی مزید کچھ نہیں کہہ سکتے۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی کوشش کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ مملکت ہر طرح کے تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کےلیے کی جانے والی کوششوں کے ساتھ ہے۔
٭… روس کو ڈرون فراہم کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا ہے کہ یوکرین کی جنگ سے کئی ماہ قبل روس کو محدود تعداد میں ڈرون فراہم کیے تھے تاہم یوکرین جنگ میں روس کی مدد کے لیے ڈرونز فراہمی کا مغربی ممالک کا الزام غلط ہے۔ یوکرین کے ساتھ دو ہفتے قبل یوکرین میں ایرانی ڈرونز کے استعمال سے متعلق الزامات پر بات کرنے پر اتفاق ہوا تھا، لیکن یوکرین طے شدہ ملاقات سے آخری لمحے پر دستبردار ہوگیا تھا۔ دوسری جانب یوکرینی وزارت خارجہ نے ایرانی وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل سے گریز کیا ہے۔
٭… ایران میں زیر حراست لڑکی کی ہلاکت کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن اور گرفتاریوں کے پیش نظر جرمنی نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہےکہ وہ ایران سے نکل جائیں، ایران میں جرمن شہریوں کی گرفتاریوں کا خطرہ موجود ہے، جرمن شہریوں سے پوچھ گچھ اور قید کی سزائیں ہونے کا خطرہ ہے۔ ایران میں مظاہرین کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا کریک ڈاؤن جاری ہے، کریک ڈاؤن میں اب تک صحافیوں سمیت ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
٭… اسرائیل میں سابق وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے دوبارہ اقتدار میں آنے کی خبروں پر ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر حسین طالب کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کی اقتدار میں دوبارہ واپسی امریکہ اور اسرائیل دونوں کے لیے نئے چیلنج کا باعث بنے گی۔ نیتن یاہو کی واپسی امریکہ میں ڈیموکریٹس کی حکومت کمزور کر دے گی۔ نیتن یاہو کے ممکنہ اتحاد کے اقتدار میں آنے سے کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے۔
اس طرح فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیل میں دائیں بازو اتحاد کی حکومت میں فلسطین دشمنی کا رویہ بڑھے گا، دائیں بازو اتحادی حکومت میں فلسطینی علاقوں پر قبضے کے اقدامات مزید سخت ہو جائیں گے۔ حماس کے ترجمان کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ انتخابی نتائج بتا رہے ہیں کہ اسرائیلی مزید شدت پسندی کی طرف جا رہے ہیں۔ نیتن یاہو کی متوقع حکومت میں ہمارے لوگوں کیخلاف جارحیت بڑھے گی، ان کی پچھلی حکومتوں میں بھی فلسطینیوں کے خلاف کئی جنگیں کی گئیں۔
٭… یورپی پارلیمنٹ کے رکن جارڈن بارڈیلا کو ہفتے کے روز فرانسیسی انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت نیشنل ریلی (RN) میں میرین لی پین کی جگہ صدر منتخب کیا گیا۔ 27 سالہ جارڈن بارڈیلا پارٹی کے پہلے صدر ہیں جو لی پین خاندان کے رکن نہیں ہیں۔ بارڈیلا نے پارٹی کے ارکان کی طرف سے ڈالے گئے ووٹوں میں سے تقریباً 85 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ لی پین کے سابق ساتھی لوئس ایلیوٹ کو 15 فیصد ووٹ ملے۔ لی پین 2021ء میں اعلیٰ ملازمت سے سبکدوش ہو گئی تھیں کیونکہ وہ ایمانوئل میکرون کے خلاف کامیاب نہیں ہو سکی تھیں۔ وہ 2027ء کے اگلے صدارتی انتخابات میں پارٹی کی نمائندگی کریں گی۔
٭…مصر کی کالعدم تنظیم اخوان المسلمون کے سربراہ ابراہیم منیر 85 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کرگئے۔ انہیں 1950ء اور 1960ء کی دہائیوں میں گرفتار کیا گیا تھا،پچھلے 40 سال میں زیادہ وقت جلاوطنی میں گزارا۔ اخوان المسلمون نے 2012ء میں مصر کے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔لیکن ایک سال بعد ہی فوج نے اخوان المسلمون کا تختہ الٹ دیا تھا، تنظیم کے کئی راہنما اور ہزاروں کارکنان یا تو جیلوں میں ہیں یا مصر چھوڑ کر جاچکے ہیں۔ مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے حال ہی میں ہونے والے سیاسی مذاکرات میں اخوان المسلمون کو شریک نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
٭… شمالی کوریا نے امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فضائی مشقوں کو اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے امریکہ سے مشقیں فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقیں کھلی اشتعال انگیزی ہے۔ امریکہ فوجی مشقیں فوری بند کرے، شمالی کوریا اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے۔
٭… جنوبی کوریا کی فوج کا دعویٰ ہے کہ 4گھنٹے تک شمالی کوریا کے لڑاکا طیارے ملک کی فضائی حدود میں پرواز کرتے رہے۔ صبح 11 سے سہ پہر 3بجے تک شمالی کوریا کی فضائیہ کے 180 طیارے ہماری فضائی حدود میں گھس آئے جن سے نمٹنے کے لیے جنوبی کوریا ایئرفورس نے 80 لڑاکا طیاروں کو روانہ کیا۔ کورین خطے میں حالیہ تناؤ اس وقت شروع ہوا جب رواں ہفتے امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز ہوا۔ان مشقوں میں دونوں ممالک کے سینکڑوں طیارے اور ہزاروں فوجی اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ شمالی کوریا نے اپنے مشرقی اور مغربی ساحلوں سے 23 میزائل فائر کیے، یہ اس کی طرف سے ایک ہی دن میں فائر کیے گئے سب سے زیادہ میزائل ہیں۔
٭…بھارتی انتہاپسند تنظیم شیوسینا کے راہنما سدھیر سوری کو اس وقت جبکہ وہ شیوسینا کے مقامی صدرو دیگر راہنماؤں کے ساتھ امرتسر میں گوپال مندر کے باہر دھرنا دے رہے تھے، نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ سدھیر سوری کو کئی گولیاں لگیں، زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔حکومت کی طرف سے انہیں 8 سے 12 پولیس اہلکاروں پر مشتمل سیکیورٹی اسکواڈ بھی فراہم کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ سدھیر سوری انتخابی سیاست نہیں کرتے تھے لیکن اپنی متعصب تقاریر اور ویڈیو پیغامات کی وجہ سے مشہور تھے جن میں وہ سکھ تنظیموں اور خالصتان کے حامیوں کو ہدف تنقید بناتے تھے۔
٭… جنوبی افریقہ کے ساحلی شہر ڈربن میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 6؍افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ مسلح ملزمان نے ایک کمرے میں موجود 7؍افراد پر فائرنگ کی جس سے 6؍موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے محرکات کا ابھی علم نہیں ہوسکا، وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
٭… روس کے شہر کوستروما کے نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 13؍ افراد ہلاک ہوگئے، حکام کا کہنا ہے کہ رات کو ڈھائی بجے کے قریب کلب میں موجود ایک شخص کی طرف سے آتش بازی کرنے کے نتیجے میں آگ لگی جس کے بعد 250؍افراد نے عمارت کو خالی کیا۔ روسی وزارت داخلہ کے مطابق پولیس نے ملزم کی شناخت کرکے گرفتار کرلیا ہے۔ آگ لگنے سے 13؍افراد ہلاک ہوئے، زخمیوں کی تعداد کی تصدیق کی جا رہی ہے۔
٭… امریکہ کی تین ریاستوں ٹیکساس، اوکلاہوما اور آرکنساس میں گذشتہ روز آنے والے ہوا کے بگولوں سے درجنوں مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔مختلف حادثات میں 10؍افراد زخمی ہوگئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
٭…تنزانیہ کے بوکوبا ایئر پورٹ پر اترنے کی کوشش کے دوران نجی ہوائی کمپنی پریسجن ایئر کا مسافر طیارہ لینڈنگ کر رہا تھا کہ قریب ہی موجود وکٹوریہ جھیل میں گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے میں سوار 49 مسافروں میں سے بیشتر کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔حادثے کے بعد طیارے کا بیشتر حصہ پانی میں ڈوب گیا، امدادی اداروں نے جھیل سے مسافروں کو نکالنے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔
٭ بینک آف انگلینڈ نے شرح سود میں ایک بار پھر غیرمعمولی اضافہ کردیا، شرح سود 2.25 سے بڑھ کر 3 فیصد کردی گئی ہے۔ مسلسل آٹھویں بار اضافے کے بعد برطانیہ میں شرح سود 14 برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ مہنگائی کے ہاتھوں پہلے ہی پریشان مارگیج لینے والے صارفین کی ماہانہ قسط اور بڑھ جائے گی۔ آئندہ برس شرح سود بڑھ کر 4.75 فیصد تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیاہے۔
٭… کینیڈا جانے کے خواہشمند افراد کےلیے اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ کینیڈا اگلے تین سالوں میں 14 لاکھ امیگرنٹس کو خوش آمدید کہے گا۔ کینیڈا کے وزیر امیگریشن شان فریزر کا کہنا ہے کہ کینیڈا 2023ء میں 4 لاکھ 65 ہزار نئے مستقل رہائشیوں کو خوش آمدید کہے گا۔ 2024ء میں 4 لاکھ 85 ہزار اور 2025ء میں 5 لاکھ افراد ملک میں مستقل رہائش اختیار کریں گے۔