نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِجنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 19؍اکتوبر 2022ء بروز بدھ 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم میاں احسا ن اللہ ریاض صاحب ابن مکرم میاں عزیز اللہ صاحب (یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور 07؍مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جناز ہ حاضر

مکرم میاں احسا ن اللہ ریاض صاحب ابن مکرم میاں عزیز اللہ صاحب(یوکے)

12؍اکتوبر 2022ء کو 88 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم حضرت محمد عبد اللہ سنوری صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نسل میں سے تھے۔ آپ کو پاکستان میں مسجد دارالذکر لاہور او ر مسجد اقصیٰ ربوہ کی تعمیر میں کام کرنے کا موقعہ ملا۔آپ نے UAE میں لمبا عرصہ بطور سیکرٹر ی مال خدمت کی توفیق پائی۔2007ءمیں برطانیہ آگئے اور کچھ عرصہ مجلس انصار اللہ برطانیہ کے دفتر میں خدمت بجالاتے رہے۔صوم وصلوٰۃ کے پابند، بہت ہمدرد، نیک، دیندار اورمخلص انسان تھے۔ چندوں کے علاوہ دیگر تحریکات میں بھی باقاعدگی سے حصہ لیتے تھے۔پسماندگان میں دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ آپ مکرم چودھری ناصر احمد صاحب (چیئر مین مرزا شریف احمد فاؤنڈیشن ) کے بہنوئی تھے۔

نماز جنازہ غائب

1۔مکرمہ مجیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری صغیر احمد چیمہ صاحب(کراچی)

7؍ستمبر 2022ء کو 90 سال کی عمرمیں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کا تعلق چہور مغلیاں ضلع شیخوپورہ سے تھا۔ آپ کے خسر حضرت چودھری کرم الٰہی صاحب رضی اللہ عنہ آف تلونڈی کھجور والی حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے صحابی تھے۔آپ کے میاں کو کراچی میں متعدد عہدوں پر خدمت کا موقع ملااور جماعتی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے سبب روزانہ رات کو دیر سے گھر آتے لیکن آپ نے کبھی ان سے اس بات کا شکوہ نہیں کیا بلکہ ان کی پوری معاونت کرتیں اور بچوں کی نگہداشت پر خود پوری توجہ دیتی رہیں۔آپ کو خلافت احمدیہ سے والہانہ محبت تھی۔خاندان مسیح موعود علیہ السلام، مربیان کرام اور واقفین سلسلہ کا بھی بہت احترام کرتی تھیں۔ قیام نماز کے لیے خاص کوشش کرتیں اوربچوں کو بھی اس کے لیے خاص تاکید کرتیں۔ جب تک ان کی نظر ٹھیک رہی روزانہ تلاوت قرآن کرتی رہیں اور بچوں کی تلاوت قرآن کریم کی بھی باقاعدہ نگرانی کرتی رہیں۔ جماعتی پروگراموں اور تنظیمی اجلاسات اور کلاسز میں بچوں کو باقاعدہ بھجواتیں۔ آپ کو دعا کی قبولیت پر بہت یقین تھا۔ہر دکھ اور تکلیف کے وقت دعا اور صدقہ کی طرف خصوصی توجہ دیتیں۔آپ صاف گو، نہایت سادہ، خدا ترس اور صلہ رحمی کرنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم نعیم احمدمحمود چیمہ صاحب (مربی سلسلہ) آجکل گھانا میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-2مکرمہ آصفہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم مرزا محمد اسماعیل بیگ صاحب (ٹورانٹو)

20؍ستمبر 2022ء کو 67 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ صوم وصلوٰۃ کی پابند، خلافت سے والہانہ عقیدت کا تعلق رکھنے والی،ایک غریب پروراور نیک خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے تینوں بیٹے کسی نہ کسی رنگ میں جماعتی خدمت کی توفیق پار ہے ہیں۔

3۔مکرمہ لعل خاتون صاحبہ اہلیہ مکرم محمد نواز ابڑو صاحب (لاڑکانہ۔سندھ)

7؍ستمبر2022ء کو88 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ نے 1949ءمیں بیعت کی سعادت حاصل کی۔ پیشہ کے لحاظ سے سکول ٹیچر تھیں۔ تنخواہ ملتے ہی سب سے پہلے چندہ کی رسید کٹواتی تھیں۔آپ نے صدر لجنہ لاڑکانہ شہر کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند اور خلافت سے والہانہ عقیدت رکھنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ آپ کی ایک خاص خوبی مہمانوں کی خدمت اورغریبوں، یتیموں کی خبر گیری کرنا تھی۔مرحومہ 3/1حصہ کی موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور ایک بیٹا شامل ہیں۔آپ مکرم نعیم احمد ابڑو صاحب ( امیر ضلع لاڑکانہ) کی دادی تھیں۔

-4مکرمہ نذیر بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری مقصود احمد باجوہ صاحب(فیصل آباد)

29؍اگست 2022ء کو90سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت چوہدری غلام محمد صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی اور مکرم چودھری نعمت اللہ ساہی صاحب(سابق ناظم جائیداد ربوہ) کی ہمشیرہ تھیں۔ مرحومہ نمازوں اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، تہجد گزار،اجلاسات میں باقاعدگی سے شرکت کرنے والی،خلافت کی وفادار، عہدیداروں کا احترام کرنے والی، مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی ایک نیک، مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔آپ کی ایک بیٹی مکرمہ طاہرہ قدرت اللہ صاحبہ کینیڈا میں اپنے حلقہ میں بطور صدر لجنہ خدمت کی توفیق پارہی ہیں۔

-5مکرمہ حنیفہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم محمد اشرف صاحب (جرمنی)

12؍ اگست 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند اور چندوں کی ادائیگی میں بہت باقاعدہ ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔آپ کے میاں اپنی مجلس میں زعیم انصار اللہ کے علاوہ قائد عمومی کے دفتر میں خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

-6مکرم چودھری شرف احمد اعوان صاحب( جرمنی)

2؍ اگست 2022ء کو100 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کے خاندان میں احمدیت آپ کے ماموں حضرت چودھری غلام محمد صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ سے آئی۔آپ نے 1939ء میں برٹش آرمی میں شمولیت اختیار کی اور جہاں پر مقیم تھے وہاں دوسرے احمدیوں کے ساتھ مل کر جماعت قائم کی۔ اسی زمانہ میں تحریک جدید کے مالی جہاد میں بھی شامل ہوئے۔2013ءمیں جرمنی آگئے تھے۔لازمی چندہ کے علاوہ دیگر چندوں میں بھی باقاعدہ تھے۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں پانچ بیٹے اور چھ بیٹیاں شامل ہیں۔

-7مکرم محمد جمیل صاحب ابن مکرم عبد العزیز صاحب (ملائیشیا)

8؍اگست 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے خاندان میں احمدیت کا نفوذ آپ کے دادا کے بڑے بھائی حضرت مولوی عبد القادر صاحب رضی اللہ عنہ کے ذریعہ ہوا۔ مرحوم نے مقامی طور پر سیکرٹری امور عامہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔آپ کی اہلیہ بھی مقامی صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق بجالارہی ہیں۔ آپ دس سال سے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ملائیشیا میں مقیم تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور ایک بیٹاشامل ہیں۔

٭…٭…٭

مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 20؍اکتوبر 2022ء بروز جمعرات 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ ناصرہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم سردار غلام مصطفیٰ ڈوگرصاحب مرحوم (برنٹ ووڈ یوکے) اور مکرمہ امۃ الحفیظ صاحبہ اہلیہ مکرم نور احمد شاکر صاحب (یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور 04؍مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جناز ہ حاضر

1۔مکرمہ ناصرہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم سردار غلام مصطفیٰ ڈوگرصاحب مرحوم (برنٹ ووڈ یوکے)

14؍اکتوبر2022ء کو86 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ انتہائی نیک،پرہیز گار،صوم و صلوٰۃکی پابند،تہجد گزار، بہت ملنسار،غُرباء کا خیال رکھنے والی اور خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا گہرا تعلق رکھنے والی ایک بزرگ خاتون تھیں۔تلاوت قر آن کریم کاباقاعدگی سے التزام کرتی تھیں۔ چندوں میں باقاعدہ اور مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں اور بہت سے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیا ں شامل ہیں۔ مرحومہ کے بڑے بیٹے مکرم فضل عمر ڈوگر صاحب صدر جماعت برنٹ ووڈ کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

2۔مکرمہ امۃ الحفیظ صاحبہ اہلیہ مکرم نور احمد شاکر صاحب (یوکے)

16؍ اکتوبر2022ء کو71 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ مکرم میر نور الدین صاحب (آف ربوہ) کی بڑی بیٹی اور حضرت مولوی الف دین صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی تھیں۔مرحومہ نما ز و روزہ کی پابند،بُہت ملنسار،انتہائی مہمان نواز اور خلافت کیساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ اپنے گاؤں میں احمدیوں اور غیر احمدیوں کےساتھ انتہائی محبت سے پیش آتیں اور ہمیشہ ا ن کی مدد کیا کرتی تھیں۔مرحومہ کو کچھ عرصہ اپنی مقامی مجلس میں سیکرٹری تربیت کے طور پر خدمت کرنے کی بھی توفیق ملی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ چار بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم صلاح الدین میر صاحب ( مربی سلسلہ یوکے) کی پھوپھی تھیں۔

نماز جناز ہ غائب

1۔ مکرم حمید احمد صاحب (ریٹائرڈ معلم وقف جدید ربوہ )

18؍ستمبر 2022ء کوبقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کا تعلق چک نمبر559ضلع ننکانہ سے تھا۔ابتدائی تعلیم وہیں سے حاصل کی اور مختلف جگہ ملازمت کرنے کے بعد 1987ءمیں زندگی وقف کی اور 2017ءمیں ریٹائر ہوئے۔آپ کو کشمیر، پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں 30سال تک بطور معلم سلسلہ خدمت کا موقع ملا۔صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، تہجد گزار،ایک نیک،مخلص اورباوفا انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔آپ کے ایک بیٹے مکرم سعید احمد صاحب امریکہ میں مقیم ہیں اور آجکل مجلس خدام الاحمدیہ فورٹ ورتھ( ڈیلس )کے ناظم عمومی کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

2۔مکرمہ مقصودہ بانو خان صاحبہ اہلیہ مکرم محمد امجد خان صاحب (سڈنی۔آسٹریلیا)

10/11؍ستمبر 2022ء کی درمیانی رات 65سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجدگزار، مہمان نواز، ہنس مکھ، بہت نیک اور باوفا خاتون تھیں۔ آپ مسجد بیت الہدیٰ سڈنی آسٹریلیا کے لیے عورتوں کی وقار عمل کی ٹیم کی رکن تھیں۔ چندوں میں باقاعدہ اور جماعتی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ چار بیٹے شامل ہیں۔ان کے ایک بیٹے سہیل خان صاحب امریکن ایر لائن میں کام کرتے ہیں۔حضور کے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران سفری انتظامات کے سلسلہ میں انہیں بھی خدمت کی توفیق ملی۔

-3مکرم شیراز احمد چوہدری صاحب ابن مکرم چو دھری نذیر احمد صاحب (لاہور )

5؍ جون 2022ء کو 49سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔گھر میں نماز سنٹر بنایا ہوا تھا۔جماعت کے لیے مسجد بنانے کا شوق تھا اوراس مقصد کے لیے آپ نے جماعت کو زمین بھی خرید کر دی تھی۔مرحوم موصی تھے۔

4۔مکرمہ فاطمہ صاحبہ اہلیہ مکرم شیخ ناصر احمد صاحب (مٹھی تھرپارکر ضلع میر پور خاص )

29؍جولائی 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے 1969ءمیں اپنے خاوند کے ساتھ جماعت میں شمولیت اختیار کی۔آپ مٹھی شہر کی پہلی احمدی خاتون تھیں۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، مہمان نواز، بہت دیندار ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ آپ کے ایک نواسے معلم سلسلہ ہیں۔ایک نواسہ مدرسۃ الظفر میں اور ایک پوتا جامعہ احمدیہ ربوہ میں زیر تعلیم ہے۔

٭…٭…٭

مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 26؍اکتوبر 2022ء بروز بدھ 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم حنیف الرحمان سنوری صاحب ابن مکرم حکیم حفیظ الرحمان سنوری صاحب (لندن) کی نماز جنازہ حاضر اور 05؍مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جناز ہ حاضر

مکرم حنیف الرحمان سنوری صاحب ابن مکرم حکیم حفیظ الرحمان سنوری صاحب (لندن)

21؍اکتوبر 2022ء کو 82 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مولوی قدرت اللہ سنوری صاحب ؓصحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے نواسے تھے۔ مرحوم 1962ء میں یوکے آئے۔ ریٹائر منٹ کے بعد محترم ڈاکٹر ولی شاہ صاحب کے ساتھ شعبہ ضیافت میں خدمت کی توفیق پائی۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت کےلیے ہر وقت تیارر ہتے۔ مرحوم انتہائی نیک، دین دار، تہجد گزار،نماز روزہ کے پابند، لوگوں کے ساتھ انتہائی پیار اور محبت سے ملنے والے، خوش گفتار اور خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے بزرگ تھے۔نہایت خوش الحانی کے ساتھ بلند آواز میں قرآن کریم کی تلاوت کیا کرتے تھے۔ مرحوم نے اپنے پیچھے دو بیٹے اور ایک بیٹی اور کثیر تعداد میں پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں یادگار چھوڑے ہیں۔آپ مکرم صفی الرحمٰن خورشید صاحب ( سابق مینیجر نصرت آرٹ پریس ربوہ) اور مکرم ولی الرحمٰن سنوری صاحب ( سابق کارکن وکالت دیوان ربوہ۔حال کینیڈا) کے بھائی اور مکر م شجر احمد فاروقی صاحب (یوکے)کے خالہ زاد اور تایا زاد بھائی تھے۔

نماز جناز ہ غائب

1۔مکرم پی اے سلیم صاحب (معلم سلسلہ۔کوڈونگا لّور۔انڈیا)

29؍ستمبر 2022ء کو 61سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کو مباہلہ کے چیلنج کا اشتہار پڑھ کر جماعت کی طرف دلچسپی پیدا ہوئی اور جماعت کے بارہ میں مزید معلومات حاصل کرنے اور اسلامی اصول کی فلاسفی کا مطالعہ کرنے کے بعد آپ نے بلاتاخیر احمدیت قبول کرنے کی توفیق پائی۔حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے مباہلہ کیرالہ کے نتیجہ میں بیعت کرنے والے جن تین خوش نصیبوں کا ذکر اپنے خطبہ جمعہ 27 ؍نومبر1989ءمیں فرمایا تھا ان میں آپ بھی شامل تھے۔بیعت کے شروع کے چند سال آپ صوبائی امیر صاحب کے ساتھ خدمت بجالاتے رہے۔1993ء میں فیملی سمیت قادیان آکر جامعۃ المبشرین میں داخل ہوگئے جہاں سے معلم کورس کرنے کے بعدآپ کی پہلی تقرری1995ءمیں صوبہ آندھرا پردیش کے علاقے جنگلہ پالم میں ہوئی۔ وہاں آپ کو سخت مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔مرحوم نے صوبہ آندھرا پردیش میں 15 سال اور پھر ریٹائرمنٹ تک صوبہ کیرالہ میں خدمت کی توفیق پائی۔ان کا کل عرصہ خدمت 27 سال بنتا ہے۔آپ نے متعدد بیعتیںکروانے کی بھی توفیق پائی۔مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، ہمیشہ دین کو دنیا پر مقدم رکھنے والے، بہت دعا گو، متوکل علی اللہ، صابر وشاکر، ملنسار، مہمان نواز، ایک نیک اور باوفا انسان تھے۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں والدہ اور اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور ایک بیٹا شامل ہیں۔آپ کے بیٹے مکرم محمد صالح صاحب مربی سلسلہ آج کل کوڈونگالّورکیرالہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

2۔مکرمہ حمیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم عبدالمجید ناصر صاحب(ربوہ)

6؍ستمبر 2022ء کو 76سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ دعا گو، نمازوں کی پابند، چندوں میں باقاعدہ تھیں۔بہت سے بچوں کو قرآن کریم پڑھایا۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں چار بیٹے اور دوبیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم عبد القیوم ناصر صاحب بطور مربی سلسلہ خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔اس کے علاوہ آ پ کے چارپوتے بھی مربی سلسلہ ہیں جو مختلف جگہوں پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

3۔مکرم محمد رفیق اکمل صاحب ابن مکرم چودھری حفیظ احمد صاحب (شیخوپورہ)

26؍ اکتوبر 2021ء کو 63سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے ساری عمر مختلف عہدوں پر کام کیاجن میں معتمد ضلع، قائد ضلع اور زعیم اعلیٰ انصاراللہ خاص طورپر قابل ذکر ہیں۔ وفات سے قبل صدر حلقہ بیت النور اور جنرل سیکرٹری ضلع شیخوپورہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔آپ بڑے مخلص اور محنتی خادم سلسلہ تھے۔مرحوم موصی تھے۔

4۔مکرم محمد عارف چغتائی صاحب ابن مکرم حکیم محمد عیسیٰ چغتائی صاحب (لاہور)

3؍مارچ 2022ء کو67سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم تقریباً پانچ سال حلقہ رحمان پورہ لاہور میں بطور نائب امین خدمت سرانجام دیتے رہے۔ خلافت سے انتہائی عقیدت اور محبت کا تعلق تھا۔ اپنے بچوں کو بھی خلافت احمدیہ سے وابستہ رہنے کی تلقین کرتے تھے۔صوم وصلوٰۃ کے پابند، مہمان نواز،ہمدرد اور اپنے خاندان کی اعلیٰ روایات پر قائم ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔

5۔عزیزم مبارز احمد ابن مکرم ناصر احمد صاحب (نارووال شہر )

6؍ستمبر 2022ء کوسیالکوٹ سے لاہور جانے والی ٹرین کے حادثہ میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ عینی شاہدین کے مطابق پھاٹک کراس کرتے ہوئے ان کا پاؤں ٹرین کی پٹڑی میں پھنس گیا اور ٹرین کی زد میں آنے کی وجہ سے موقع پر ہی وفات پاگئے۔ مرحوم کے دادا ماسٹر اختر حسین صاحب مرحوم نے لمبا عرصہ امیر حلقہ ظفر وال اور صدر جماعت مالوکے کی حیثیت سے خدمت کی توفیق پائی۔ آپ کے والد سرکاری سکول میں ٹیچر ہیں۔ مرحوم F.Scکے طالب علم تھے۔ سلجھے ہوئے،کم گو اورہونہار نوجوان تھے۔پسماندگان میں والدین کے علاوہ ایک بھائی اور دوبہنیں شامل ہیں۔

٭…٭…٭

مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 27؍اکتوبر 2022ء بروز جمعرات 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم چودھری ناصر احمد کاہلوں صاحب (لندن) کی نماز جنازہ حاضر اور 02؍مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جناز ہ حاضر

مکرم چودھری ناصر احمد کاہلوں صاحب (لندن)

21؍اکتوبر 2022ء کو 87 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کے خاندان میں احمدیت حضرت چودھری غلام احمد کاہلوں صاحب صحابی حضرت مسیح موعود ؑ کے ذریعہ آئی جوکہ مکرم چودھری انور احمد کاہلوں صاحب (سابق امیر جماعت انگلستان) کے دادا تھے۔ مرحوم کو جرمنی میں 22سال تک بطور صدر جماعت خدمت کی توفیق ملی۔ گذشتہ 14 سال سے یوکے میں مقیم تھے اور یہاں مقامی سطح پر سیکرٹری مال اور سیکرٹری وصایا کے طورپر خدمت کا موقع ملا۔ بڑے دیندار، نماز و روزہ کے پابند، بہت نیک اور فدائی احمدی تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں تین بیٹیاں اور بہت سے نواسے نواسیاں شامل ہیں۔مرحوم مکرم چودھری مبشر احمد کاہلوں صاحب اور مکرم چودھری داؤد احمد کاہلوں صاحب ( سابق صدر انصار اللہ جرمنی) کے بھائی تھے۔

نماز جناز ہ غائب

1۔مکرمہ سیدہ پروین ناہید داؤد صاحبہ اہلیہ مکرم سید محمد داؤد صاحب(کینیڈا)

19؍ اکتوبر 2022ء کو 79سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ مکرم سید محی الدین صاحب مرحوم کی بیٹی تھیں جوکہ رانچی(انڈیا) کے ایک مشہور وکیل تھے اور جماعت کے کئی کیسز میں بطور وکیل پیش ہو تے رہے۔انہوں نے مشہور کشمیر کیس میں شیخ عبد اللہ کی طرف سے نمائندگی بھی کی۔مرحومہ صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند،بے شمار خوبیوں کی مالک ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ قبولیت دعا پر بے حد یقین تھا۔آپ کو حج اور عمرہ کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔مرحومہ نے نارتھ ناظم آباد کراچی اور سکاربرو کینیڈا میں صدر لجنہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ شعبہ رشۃ ناطہ کینیڈا میں بھی رضاکارانہ خدمت بجا لا تی رہیں اور بے شمار بچے، بچیوں کے رشتے کروانے کی توفیق پائی۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔آپ مکرم ڈاکٹر اسلم داؤد صاحب (چیئر مین ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا) کی والدہ تھیں۔

2۔ عزیزم اذلان احمد ابن مکرم خالد احمد صاحب (ہالینڈ)

عزیز جھیل میں ڈوبنے کی وجہ سے دوماہ تک زیر علاج رہنے کے بعد 5؍ اکتوبر 2022ء کو11سال کی عمر میں وفات پاگیا۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ بہت پیارا بچہ تھا اور بطور طفل جماعتی اور تنظیمی پروگراموں میں ہمیشہ شامل ہوتا تھا۔

٭…٭…٭

مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 29؍اکتوبر 2022ء بروز ہفتہ 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ امۃ الرحمٰن قمر صاحبہ اہلیہ مکرم بشیراحمدصاحب(Peckham۔یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور 02؍مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جناز ہ حاضر

مکرمہ امۃ الرحمٰن قمر صاحبہ اہلیہ مکرم بشیر احمد صاحب (Peckham۔یوکے)

26؍اکتوبر 2022ء کو 71سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کے والد مکرم میر ولی صاحب مبلغ سلسلہ اور سسر مکرم رحیم بخش صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود ؑ کے صحابی تھے۔ آپ 2006ء میں یوکے شفٹ ہوئیں اور 2011ءتک جماعت پیکہمکے بچوں کو قرآن کریم پڑھاتی رہیں۔ 2011ءکے بعد خرابی صحت کے باعث یہ خدمت جاری نہ رکھ سکیں۔اس سے قبل جرمنی میں بھی لمبا عرصہ بچوں بچیوں کو قرآن کریم پڑھانے کی توفیق پائی۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، سادہ فطرت، خوش مزاج، ہنس مکھ اور نیک خاتون تھیں۔ تلاوت قرآن کریم میں بہت باقاعدہ تھیں اور اپنے بچوں کو بھی ہمیشہ اس کی تلقین کرتی تھیں۔ خلافت احمدیہ سے اخلاص ووفا کا گہرا تعلق تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں شوہر کے علاوہ3بیٹے اور 3 بیٹیاں شامل ہیں۔

نماز جناز ہ غائب

1۔مکرم مسعود احمد مجاہد صاحب(ڈیلس۔امریکہ)

12؍ ستمبر 2022ء کو 92سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کی والدہ برکت بی بی صاحبہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت اللہ بخش صاحب رضی اللہ عنہ کی بیٹی تھیں۔مرحوم نے فرقان فورس میں خدمت کی توفیق پائی۔ ایئر فورس کی ملازمت کے دوران لمبا عرصہ مختلف عہدوں پر خدمت بجالاتے رہے۔ کراچی کے حلقہ النور کے ابتدائی ممبران میں سے تھے اور اس حلقہ کی پہلی مجلس عاملہ میں بطور جنرل سیکرٹری خدمت کی توفیق پائی۔صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، بہت فعال، مستعد، وفادار، متوکل علی اللہ اور فدائی احمدی تھے۔خلافت کے ساتھ والہانہ عقیدت کا تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں چھ بیٹیاں اور چار بیٹے شامل ہیں۔

2۔مکرمہ مسز مراد سیال صاحبہ اہلیہ مکرم مہر محمد مراد سرگانہ صاحب ( ملٹن کینز۔یوکے)

28؍ جولائی 2022ء کو 89سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ مکرم مہر عاشق محمد مراد سرگانہ صاحب مرحوم کی بیٹی تھیں۔مرحومہ کے دادا حضرت مہر محمد اعظم صاحب رضی اللہ عنہ ایک کشف دیکھنے کے بعد قادیان آئے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ہاتھ پر بیعت کی سعادت حاصل کی۔مرحومہ 51سال کی عمر میں یوکے آئیں اور ملٹن کینز جماعت کی ابتدائی ممبرات میں سے تھیں۔آپ کے خاوند کی چونکہ وفات ہوگئی تھی اس لیے آپ نے خود ہی اپنے بچوں کی پرورش کی۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، چندوں میں باقاعدہ، مالی قربانی کرنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔

اللہ تعالیٰ مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button