پیٹروپولس، برازیل کے ایک کالج میں منعقد ہونے والی بین المذاہب کانفرنس میں جماعت احمدیہ کی شرکت
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برازیل اپنے ماٹو ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے دیگر مذاہب کے ساتھ دوستانہ روابط اور مذہبی رواداری میں پیش پیش ہے۔ مشن ہائوس میں بھی ایسے جلسے منعقد کیے جاتے ہیں جن میں بلا تفریق سب مذاہب کو دعوت دی جاتی ہے اور جب کہیں بھی بین المذاہب تقاریب میں بلایا جاتا ہے تو جماعت احمدیہ اسلام کی نمائندگی میں ان میں بھی شرکت کرتی ہے اور اسلام کی خوبصورت تعلیم بیان کرنے کے علاوہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کا بھی اعلان کرتی ہے۔ اس کے نتیجہ میں جہاں باہمی تعلقات وسیع ہورہے ہیں وہاں لوگوں کو اسلام سے متعلق جو تحفظات ہیں ان کا ازالہ بھی ہو رہا ہے۔
ایسی ہی ایک تقریب مورخہ 21؍اکتوبر بروز جمعہ شہر پیٹروپولس (برازیل) کے ایک معروف کالج (Bom Jesus Ipiranga) میں منعقد ہوئی۔ چنانچہ اسلام کی نمائندگی میں جماعت احمدیہ کو شمولیت کی دعوت دی گئی۔ خاکسار (مبلغ انچارج) سفر کی وجہ سے کچھ تاخیر سے پہنچا اس سے قبل مکرمہ انیلہ ظفر صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ برازیل اور مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب نے جماعت کی نمائندگی کی۔ انتظامیہ نے ہم سب کوباقی نمائندگان کے ساتھ سٹیج پر بٹھایا اور بہت شاندار الفاظ میں ہمارا ذکر کرتے ہوئے تعارف کروایا۔ دیگر مذاہب میں یہودیت، عیسائیت، روحانیت، بدھ مت اور بعض اور فرقوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ہماری باری آنے پر پہلے مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے سورۃ الفاتحہ کی تلاوت کی اور اس کا پرتگیزی میں ترجمہ بھی پیش کیا۔ نیز بتایا کہ ہمارے نزدیک جس مسیح موعود کا سب انتظار کر رہے ہیں وہ آچکے ہیں جو جماعت احمدیہ کے بانی حضرت مرزا غلام احمد علیہ السلام ہیں۔ اس موقع پر حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی تصویرا یک بڑے بینر پر بھی دکھائی گئی۔ مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب نے طلباء کو بتایا کہ اسلام سائنسی حقائق کو ساتھ لے کر چلتا ہے اور دلائل سے اپنی سچائی ثابت کرتا ہے۔ خاکسار نے اس تقریب میں شمولیت کے بعد اسلام کے متعلق بتایا کہ یہ امن اور محبت کا مذہب ہے جس کا جنگوں اور دہشت گردی سے دور کا بھی تعلق نہیں۔ اساتذہ اور طلباء نے بعض سوالات بھی کیے جن کے انہیں جوابات دیے گئے۔
پروگرام کے آخر میں انتظامیہ کی خواہش پر مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب نے دوبارہ قرآن کریم کی سورۃ الحشر کی بعض آیات کی تلاوت کی جن میں خدا تعالیٰ کی صفات کا ذکر ہے اور اس کا ترجمہ بھی پڑھ کر سنایا جسے سب نے بہت پسند کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پروگرام بہت اچھا ہوا اور اس کے نتیجہ میں کئی نئے روابط بھی قائم ہوئے۔ خاکسار نے انتظامیہ اور سب شرکاء کو مسجد کا وزٹ کرنے کی بھی دعوت دی اور بتایا کہ ہماری مسجدکے دروازے ہر ایک کے لیے کھلے ہیں جس پر کالج کے ڈائیریکٹر۔ اساتذہ اور طلباء نے خوشی کا اظہار کیا اور جلد پروگرام بنا کر مسجد کا وزٹ کرنے کا عندیہ دیا۔ یاد رہے کہ جماعت احمدیہ کی مسجد بیت الاول آفیشل طور پرشہر پیٹروپولس کے ٹورزم میں شامل ہے جس کی وجہ سے بھی گاہے بگاہے ویزٹرز آتے رہتے ہیں۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے پروگراموں میں برکت ڈالے جماعت کا پیغام احسن طور پر پہنچانے کی تو فیق دے اور لوگوں کے دل ا سلام کی طرف مائل ہونا شروع ہوں۔ آمین