فوڈ سٹال لولیو، سویڈن
مورخہ 08؍اکتوبر 2022ء کو مجلس خدام الاحمدیہ لولیو سویڈن کو شعبہ تبلیغ جماعت لولیو کے تعاون سے شہر کے وسط میں ایک فوڈ سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ گزشتہ ماہ ہونے والے ملکی انتخابات کے بعد معاشرے میں Islamophobia کا اثر تیزی سے پھیلتا ہوا محسوس ہو رہا ہے۔ مجلس خدام الاحمدیہ لولیو نے Islamophobia کے اس اثر کو زائل کرنے اور خدام میں انسانی ہمدردی اور خدمت کے جذبہ کو اجاگرکرنے کے لیے اس فوڈ سٹال کے انعقاد کا پروگرام بنایا۔ مکرم طارق احمد صاحب ناظم خدمت خلق نے مکرم راحیل احمد صاحب قائد مجلس خدام الاحمدیہ لولیو کی اجازت سے سارا پروگرام ترتیب دیا۔
مورخہ 08؍اکتوبر 2022ء کی صبح چند خدام نے مل کر سٹال کے لیے دال چاول تیار کیے اور پھر شہر کے سینٹر میں سٹال لگانے کے لیے کھانا لے کر جماعتی سینٹر سے روانگی ہوئی۔ خدام نے مستعدی سے ٹینٹ لگایا اور 11 بجے لنچ ٹائم کے ساتھ ہی پلیٹس تیار کر کے کھانا تقسیم کرنا شروع کر دیا۔ بہت سے لوگوں کو کھانا پیک کرکے بھی دیا گیا تاکہ وہ گھر جا کر کھانا کھا سکیں۔ سٹال کے موقع پر 100 سے زائد لوگوں کو کھانا تقسیم کیا گیا۔
کھانا لینے والوں نے بہت حوصلہ افزائی کی اور نوجوانوں کے اس اقدام کو بہت سراہا۔ اسلام کے بارے میں سوالات بھی کیے گئے جن کے جوابات خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے دینے کی توفیق پائی۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ فوڈ سٹال بہت کامیاب رہا۔ اس فوڈ سٹال کو کامیاب بنانے کے لیے 12 خدام اور 2 اطفال نے اپنی خدمات پیش کیں۔ مکرم نایاب احمد صاحب صدر جماعت لولیو اور خاکسار سارا وقت سٹال پرموجود رہے اور خدام کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔
قارئین الفضل کی خدمت میں دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ خدام الاحمدیہ لولیو کی اس کاوش کے بہترین نتائج پیدا فرمائے اور تمام خدمت گزاروں کو اللہ تعالیٰ بہترین جزا عطا فرمائے اور اپنے خاص فضلوں سے نوازے۔ آمین