مسرور آئی انسٹی ٹیوٹ برکینافاسو میں ٹیکنیکل سٹاف کانفرنس
برکینافاسو میں آنکھوں کی بیماریوں کی شرح بہت بلند ہے جبکہ ان بیماریوں کی روک تھام میں ایک بڑا مسئلہ ماہرین امراض چشم کی شدید کمی، مناسب آلات کی غیر موجودگی اور ملک بھر میں ان کی ناقص او رغیر مساوی تقسیم ہے۔ آنکھوں کی بیماریوں کے علاج کے لیے ملک کے دو بڑے شہروں Ouagadougou اور Bobo Dioulasso میں مراکز موجود ہیں جو صرف پچیس فیصد آبادی کو کور کرتے ہیں۔ برکینافاسو میں ماہرین امراض چشم کی کل تعداد پنتالیس کے قریب ہے۔ اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے حکومت کوشش کر رہی ہے اور ملک بھر میں آنکھوں کے علاج کے لیے چار سالہ تربیت دے کر سٹاف کو میدان عمل میں اتار رہی ہے تاکہ ماہر ڈاکٹرز کی کمی کو کسی حد تک پورا کیا جاسکے۔ آنکھوں کے علاج کے لیے دیہی اور شہری مراکز صحت میں دو صد کے قریب ٹینیکل سٹاف موجود ہے بنیادی طور پر یہی سٹاف امراض چشم کا علاج کرنے میں براہ راست مصروف عمل ہے۔
اس سٹاف کی مہارت اور کام کرنے کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے امسال اکتوبر میں واگادوگو میں حکومتی سطح پر تربیتی ریفریشر کورس منعقد کیا گیا۔ اس ورک شاپ کے موقع پر مسرور آئی انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے تمام شاملین کو دعوت دی گئی کہ وہ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کریں۔ اس دورے کو کامیاب کرنے کے لیے جماعت کی طرف سے انتظامات لیے گئے۔
شرکاء کانفرنس کو لانےاور واپس لے جانے کے لیے بس سروس اور دیگر گاڑیاں مہیاکی گئیں۔ 28؍اکتوبر 2022ء کی خوبصورت شام کو یہ شرکاء مسرور آئی انسٹی ٹیوٹ پہنچے۔ تمام مہمانوں کا استقبال جماعتی روایات کے مطابق خوش دلی اور کشادگی سے کیا گیا۔ سب سے پہلے شرکاء کو کانفرنس ہال میں لے جایا گیا جہاں پروفیسر ڈاکٹر جیالو صاحب نے تفصیل کے ساتھ مسرور آئی انسٹی ٹیوٹ کا تعارف کروایا۔ آ پ نے بتایا کہ یہ ایک غیر معمولی پراجیکٹ ہے جو بلا امتیاز رنگ و نسل خدمت انسانیت کے لیے جماعت احمدیہ کی طرف سے ایک تحفہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ ہسپتال نہ صرف برکینافاسو بلکہ پورے مغربی افریقہ کے لیے ایک نعمت ثابت ہوگا۔ انشاء اللہ
بعد ازاں تمام شرکاء نے ہسپتال کا دورہ کیا۔ ہسپتال کے سٹاف اور ڈاکٹرز نے مہمانوں کے سوالات کے جوابات دیے۔ ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے مہمانوں کی اکثریت انگشت بدنداں تھیں۔ اس دورے میں ملک بھر کےمراکز صحت میں آنکھوں کی بیماریوں کا علاج کرنے والے ڈیڑھ صد مہمانوں نے شرکت کی۔
مسرور آئی انسٹی ٹیوٹ کے خوبصورت لان میں کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ تمام مہمان شاندار ماحول میں لذیذ کھانے سے لطف اندوز ہوئے۔ اللہ تعالیٰ مسرور آئی انسٹی ٹیوٹ کو حقیقی معنوں میں خدمت انسانیت کے لیے ایک سنگ میل بنادے۔ آمین