مونٹے نیگرو کی پہلی عاملہ میٹنگ
اللہ تبارک تعالیٰ کے پیدا کردہ کرہ ارض کےجنوب مشرقی یورپ میں ایک چھوٹا سا ملک مونٹےنیگرو (Montenegro) کے نام سے موجود ہے۔ جس کے دارلحکومت کو Podgorica کا نام دیا گیا ہے۔ اس کی آبادی 7 لاکھ کے قریب بتائی جاتی ہے۔ یہ ملک اپنی خوبصورت جھیلوں، پانی سے بھرے ہوئےتالابوں اور دلکش و سندر پہاڑوں کی بدولت ایک شہرت رکھتا ہے۔ اس ملک کے حسین و من موہن نظارے یورپ کے باشندوں کو اپنی طرف موسم بہارمیں خاص طور میں کھینچ کر لے آتے ہیں۔ یہاں پر سربو کروشین (Serbo-Croatian) زبان بولی جاتی ہے اور یہی زبان سربیا، کرویئشا اور بوسنیا و ہرزیگووینا میں بھی بولتے ہیں۔ آبادی کا زیادہ تر حصہ Orthodox Church کے ساتھ منسلک ہے جبکہ مسلمانوں کی آبادی تقریباً 20 فیصد حصے پرمشتمل ہے۔
جماعت کا پیغام پہنچاننے میں جماعت جرمنی باواسطہ یا بلا واسطہ ہر طرح اپنی کوشش و سعی جاری رکھے ہوئے ہے۔ کبھی یہ کوشش ساتھ والے ممالک البانیہ، کوسوو یا بوسنیا کے ذریعہ کی جاتی ہے اور کبھی براہ راست۔ خاکسار کو ماہ جولائی 2022ء اس ملک کے صدر جماعت کی ذمہ داری ملی۔ اس ملک میں جماعت کے افراد کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے چنانچہ حضور انور نے مکرم مُفیض الرحمان صاحب مبلغ سلسلہ بوسنیا کی بطور نائب صدر مونٹی نیگرو اور ایک بوسنیا کے دوست مکرم Ferid Silaric صاحب کی بطورسیکریڑی تبلیغ کے منظوری عطا فرمائی۔ اسی طرح مورخہ 22ستمبر 2022ء کو حضور انور نے مکرم سفیر احمد بٹ صاحب مربی سلسلہ کی تقرری مونٹے نیگرو کے لیے منظور فرمائی۔
مورخہ 14؍اکتوبر کو مونٹے نیگرو کے دارلحکومت میں خاکسار کی زیر صدارت مجلس عاملہ کے مندرجہ بالا ممبران کا ایک مختصر اجلاس ہوا، جس میں جماعت کی رجسٹریشن، لوگوں سے روابط بڑھانے اور جماعت کا پیغام پہنچانے پر غور و خوص ہوا۔ ہر ممبر نے اپنے اپنے تجربہ کےمطابق اپنی اپنی رائے دیں۔ اسی طرح 15؍اکتوبر کو نماز جمعہ کی ادائیگی بھی اسی سرزمین پر ہوئی۔ خاکسار نے نماز جمعہ پڑھائی جس میں شاملین کی تعداد سات تھی۔
اللہ تعالیٰ زمین کے اس خطے پر بھی حقیقی اسلام کو پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ احمدیت کے پھیلانے میں ہر قسم کی رکاوٹ دور کردے۔
(رپورٹ: جاوید اقبال ناصر۔ مربی سلسلہ جرمنی وصدر جماعت مونٹے نیگرو)