جلسہ سالانہ مالٹا 2022ء کے موقع پر حضور انور کے خصوصی پیغام کا اردو مفہوم
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود
خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ
ھو النّاصر
اسلام آباد (یوکے)
2022-10-25
پیارے احباب جماعت احمدیہ مالٹا
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے خوشی ہے کہ آپ مورخہ 30؍اکتوبر 2022ء کو اپنا چوتھا جلسہ سالانہ منعقد کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو نمایاں کامیابی سے ہمکنار کرے اور تمام شرکاء کو بے پناہ روحانی برکتیں حاصل ہوں اور آپ نیکی، طہارت اورتقویٰ میں ترقی کرنے والے ہوں۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بیعت میں داخل ہونے کے بعد اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہم پر جو خاص انعامات ہوئے ہیں ان میں سے ایک جلسہ سالانہ کا قیام ہے۔ یہ ایک منفرد موقع ہے جو ہمیں اس قابل بناتا ہے کہ ہم اپنے روحانی اور اخلاقی معیار کو بہتر بنانے اور اپنے مذہب اسلام کے بارے میں اپنے علم میں اضافہ کرنے والے ہوں۔ جلسہ سالانہ ہمیں نیکیوں میں ترقی کرنے اور اللہ کا قرب حاصل کرنے کا ذریعہ فراہم کرتا ہے۔ لہٰذا ہر فرد جو جلسہ میں شرکت کرنے کی سعادت پارہا ہے، خواہ وہ مرد ہو یا عورت، اسے یاد رکھنا چاہیے کہ جلسہ کوئی عام تقریب یا میلہ یا تہوار نہیں ہے بلکہ یہ ایک ایسی تقریب ہے جس کا واحد مقصد ہمیں اس قابل بنانا ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کر سکیں۔
میں آپ کو خلافت احمدیہ کےالٰہی نظام کی خاص اہمیت کی طرف توجہ دلاتا ہوں جو بے شمار نعمتوں کا سرچشمہ ہے۔آپ کو خلیفۃ المسیح کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنے کی بھرپور جدوجہد اور کوشش کرنی چاہیے اور ہمیشہ مخلص اور وفادار رہنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ آپ اپنے بچوں کو بھی خلافت کی اہمیت سمجھائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی آنے والی نسلیں ہمیشہ کے لیے خلافت کی بابرکت راہنمائی، حفاظت، ڈھال،قیادت اور سرپرستی سے مستفید ہوں۔ یاد رکھیں کہ اسلام کا مستقبل اور عالمی امن کے قیام کا بہت بڑا انحصار خلافت احمدیہ پر ہے۔
میں آپ کونصیحت کرتا ہوں کہ ہمیشہ نظام جماعت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ اگر آپ متحد رہیں گے تو ہی آپ آگے بڑھ سکتے ہیں اور ترقی کرسکتے ہیں۔ آپ کو چاہیے کہ آپ جماعت کے تمام پروگراموں کی مکمل حمایت اور نفاذ کے لیے، نظامِ جماعت کے ساتھ اطاعت اور تعاون کے جذبے سے، اور کامیابی کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا عہد کریں۔
اس کے علاوہ، یہ بھی ضروری ہے کہ افرادِ جماعت ہمیشہ احترام اور خیر سگالی کے خوشگوار ماحول میں ایک دوسرے کے ساتھ گفتگو کریں۔ باہمی محبت اور بھائی چارے کی نصیحت کرتے ہوئے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں:
’’آپس میں اخوت اور محبت کو پیدا کرو۔ اور درندگی اور اختلاف کو چھوڑ دو۔ ہر ایک قسم کے ہزل اور تمسخر سے مطلقاً کنارہ کش ہو جاؤ کیونکہ تمسخر انسان کے دل کو صداقت سے دور کر کے کہیں کا کہیں پہنچا دیتا ہے۔ آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ عزت سے پیش آؤ۔ ہر ایک اپنے آرام پر اپنے بھائی کے آرام کو ترجیح دیوے۔ اللہ تعالیٰ سے ایک سچی صلح پیدا کرلو۔ اور اس کی اطاعت میں واپس آجاؤ… ہر ایک آپس کے جھگڑے اور جوش اور عداوت کو درمیان میں سے اٹھا دو کہ اب وہ وقت ہے کہ تم ادنیٰ باتوں سے اعراض کر کے اہم اور عظیم الشان کاموں میں مصروف ہو جاؤ۔‘‘
(ملفوظات جلد1 صفحہ 266-268 ایڈیشن1984ء)
میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ کثرت سے دعائیں کریں کیونکہ اللہ کی مدد کے بغیر کچھ حاصل نہیں ہوسکتا۔ اللہ کی نصرت حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اس کی عبادت کے تقاضوں کو پورا کریں اور اپنی پنجوقتہ نمازوں کا خیال رکھیں۔ جلسہ کے دوران بھی فضول یا غیر متعلقہ باتوں میں الجھنے کی بجائے پوری توجہ اللہ کے ذکر پر مرکوز رکھیں۔ آپ مسلسل درود و استغفار کا ورد کرتے رہیں اوردعاؤں میں مشغول رہیں۔ تمام حاضرین کو یاد رکھنا چاہیے کہ آپ کا مقصد اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنا ہے اور آپ کو لازما ًدنیا کے معاملات پر اپنے دین کو مقدم رکھنا ہے۔
آخر میں، میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو نمایاں کامیابی عطا کرے اور آپ کو اپنے ایمان کو مضبوط اور تازہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو نیکی، تقویٰ اور طہارت میں بڑھنے،اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کے لئے اپنی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی پیدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر فضل فرمائے۔
والسلام
خاکسار
(دستخط)مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس