سپین میں نیشنل جلسہ یوم والدین
مورخہ13؍نومبر2022ء بروز اتوار دوپہر بارہ بجے اس سال کا چوتھا سہ ماہی نیشنل آن لائن پروگرام یعنی جلسہ یومِ والدین کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تمام سپین سے احمدی احباب آن لائن شامل ہوئے۔
پروگرام کی صدرات مکرم ڈاکٹر عطاء الٰہی منصور صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ سپین نے کی۔ تلاوتِ قرآنِ کریم مکرم خالد ولید گونزالس صاحب مربی سلسلہ نے کی۔ آپ نے سورت بنی اسرائیل کی آیات 24 تا 26 کی تلاوت کی جن میں اللہ تعالیٰ نے والدین سے حسنِ سلوک اور ان کے لیے دعا کا حکم دیا ہے۔ بعد ازاں آپ نے ان آیات کا اردو اور سپینش ترجمہ پیش کیا۔
اس کے بعد مکرم محمد اسماعیل احمد صاحب ، نیشنل سیکرٹری مال نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام پیش کیا۔ جس کے بعد سپینش ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔
مکرم نائب امیر صاحب نے اس جلسہ کے انعقاد کے مقصد پر مختصر روشنی ڈالی اور پھر سپینش زبان میں ’’روشن مستقبل کے لیے بچوں کی صلاحیتوں کو فروغ دیں‘‘ کے عنوان پر قرآن کریم، آنحضورﷺ کے ارشادات، ملفوظات حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے احمدیت کی ہدایات کی روشنی میں والدین کے لیے بعض اہم اور مفید نکات پیش کیے۔
بعد ازاں مکرم ظفر رشید صاحب مبلغ انچارج سپین نے ’’انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے خطرات اور حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کی راہنمائی‘‘ کے عنوان پر گزارشات پیش کیں۔ آپ نے اپنی تقریر میں حالیہ برسوں میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے استعمال میں ہوش ربا اضافے اور اس کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے منفی اثرات کا ذکر کیا اور ماہرین نفسیات کی رائے پیش کی کہ کس طرح بچوں کو اس جدید ٹیکنالوجی سے متعارف کرانا چاہیے۔ پھر آپ نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے چند اقتباسات پیش کیے جو والدین کے لیے مشعل راہ ہیں۔
پروگرام کی تیسری تقریر مکرم قیصر محمود ملک صاحب مربی سلسلہ و صدر خدام الاحمدیہ سپین کی تھی۔ جنہوں نے ’’والدین کی اطاعت اور حسنِ سلوک‘‘ کے عنوان پرقرآن، حدیث اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے احمدیت کے ارشادات کی روشنی میں والدین کی خدمت و اطاعت اور ان سے حسنِ سلوک کی اہمیت کو واضح کیا۔
آخر پر ڈاکٹر عطاء الٰہی منصور صاحب نے پروگرام میں شامل ہونے والے تمام احباب و خواتین اور مقررین کا شکریہ ادا کیا اور دعا کروائی۔ جس کے بعد یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
پروگرام کا دورانیہ قریباً سوا گھنٹہ تھا۔ اس آن لائن پروگرام میں الحمدللہ 150 سے زائد احمدی احباب و خواتین شامل ہوئے۔ تمام تقاریر کا اردو یا سپینش زبان میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔
(رپورٹ: قاصد احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)