جلسہ سیرت النبیﷺ جماعت احمدیہ پولینڈ
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے جماعت احمدیہ پولینڈ کو 11؍نومبر 2022ء بروز جمعہ پولینڈ کے دارالحکومت وارسا (Warsaw) میں واقع مشن ہاؤس میں جلسہ سیرت النبیﷺ منعقد کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ جلسہ صبح ساڑھے گیارہ بجے مکرم بشارت احمد شاہد مبلغ سلسلہ و نیشنل صدر جماعت لٹویاکی زیر صدارت شروع ہوا۔ موصوف ایک جماعتی کام کے سلسلہ میں پولینڈ آئے ہوئے تھے۔ ہم نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جلسہ کا پروگرام بنالیا اور انہیں بھی شامل ہونے کی دعوت دی۔
جلسہ سیرت النبیﷺ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ ایک عرب احمدی بھائی مکرم محمود ہمدان صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت جماعت پولینڈ نے سورۃ البقرہ کی آیات 255تا256 کی تلاوت کی اور پولش زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم رشید احمد صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو و سیکرٹری وصایا نے ان آیات کا اُردو ترجمہ تفسیرصغیر سے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد خاکسار (مبلغ سلسلہ و صدر جماعت پولینڈ) نے حضرت اقدس مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسّلام کے پاکیزہ ملفوظات پہلے پولش زبان میں، پھر اُردو زبان میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
بعد ازاں صدر مجلس نے نبی اکرمﷺ کی سیرت طیّبہ کی روشنی میں دعوت الی اللہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور احباب جماعت کو ایک خاص جذبے اور ذوق وشوق سےتبلیغ کی طرف توجہ دلائی۔ جس کا پولش زبان میں ترجمہ ڈاکٹر ایاز احمد صاحب نیشنل سیکرٹری مال نےساتھ ساتھ پیش کیا۔
اس تقریر کے بعد خاکسار نے مکرم بشارت احمد شاہد صاحب مبلغ سلسلہ کا مختصر تعارف پیش کیا جو کہ دراصل اُن کی تقریر سے پہلے پیش کرنا تھا۔ آپ کو اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے لٹویا آنے سے قبل لتھوانیا، قرغیزستان اور ازبکستان میں بھی خدمت سلسلہ کی توفیق مل چکی ہے۔ علاوہ ازیں آپ کو ازبک اور قرغیز زبان میں ماسٹرز کرنے اور ان دونوں زبانوں میں قرآن کریم کا ترجمہ کرنے کی سعادت بھی حاصل ہوئی ہے۔ آپ 30 سے زائد کتب کا بھی ترجمہ کرچکے ہیں۔ آج کل جماعت کی قرغیز زبان اور لٹوین زبان کی ویب سائٹس کی نگرانی کی توفیق بھی پارہے ہیں۔
دعا سے قبل بعض احباب جماعت نے جلسہ کے حوالہ سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔مکرم بشارت احمد شاہد مبلغ سلسلہ نے دعا کروائی اور دعاکے ساتھ ہی جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔
جلسہ کے اختتام کے ساتھ ہی نماز جمعہ کا وقت ہوگیا۔ خاکسار نے خطبہ جمعہ پولش اور اردو زبان میں دیا اور نماز جمعہ و عصر پڑھائیں۔ اس کے بعد تمام احباب جماعت نے حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ لائیو سنا۔اس کے بعد تمام حاضرین نےکھاناکھایاجو احباب جماعت اپنے گھروں سے تیار کرکے لائے تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام احباب جماعت نے یہ پروگرام بہت پسند کیا۔ بعض احباب جماعت بہت دور کی مسافت طے کرکے جلسہ میں شامل ہوئے۔ مکرم رشیداحمد صاحب نے اپنی فیملی کے ساتھ تقریباً 120کلومیٹر کا سفر کرکے اس جلسہ میں شرکت کی۔ جبکہ مکرم فہیم احمد صاحب نے 350کلو میٹر کا سفر طے کرکے جلسہ میں شمولیت اختیار کی۔ اللہ تعالیٰ سب احباب جماعت کو اس کی بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین
آج کے جلسہ سیرت النبیﷺ میں چار انصار، چار خدام، ایک طفل، 5 ممبرات لجنہ اماءللہ، 2 ناصرات، دو بچے اور 3 مہمان سمیت کل 21 افراد نے شرکت کی جن میں سے 7 افراد مقامی پولش احمدی تھے۔ الحمد للہ
اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ پولینڈ کو بے شمار ترقیات سے نوازے اور پولینڈ جماعت کو اپنے فضلوں سے بڑھاتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ: منیب احمد چٹھہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)