جامعۃ المبشرین برکینافاسو کی سرگرمیاں
جلسہ سیرت النبی ﷺ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جامعۃ المبشرین برکینافاسو کو مجلس ارشاد کے تحت مورخہ17 نومبر 2022ء کو امسال کے تیسرےپروگرام جلسہ سیرت النبیﷺ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اس پروگرام کی تیاری کے لیے ممبران مجلس ارشاد کی ایک میٹنگ کر کے تمام، مقررین، موضوعات وغیرہ کو فائنل کر لیا گیا اور تیاری شروع کر دی گئی ۔اس جلسہ کی صدارت خاکسار (استادجامعۃ المبشرین برکینافاسو) نے کی۔
جلسہ کا آغاز سوا گیارہ بجے جامعۃالمبشرین کے ہال میں تلاوت قرآن مجید سے ہواجو عز یزم آلیدو بادینی طالب علم سال اول نے کی اور فرنچ ترجمہ پیش کیا۔ تلاوت کے بعد حضرت مسیح موعوودؑ کا معرکہ آرا عربی قصیدہ فی مدح النبی ﷺ (یا عین فیض اللّٰہ والعرفان) سال اوّل کے طلبہ عزیزم مومنی گونسوبو،سیسے عبدالقدوس اورکونے ابراہیم نے ترنم کے ساتھ پڑھا اور فرنچ ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد تقاریر کا آغاز ہوا۔
جلسہ کی پہلی تقریر عزیزم خالد ملاندہ طالبعلم سال دوم کی تھی جس کا موضوع ’’ناموس رسالت ﷺ کی حقیقت‘‘ اور ’’حضرت مسیح موعودؑ کا عشق رسول اللہﷺ از تحریرات حضرت مسیح موعودؑ ‘‘تھا۔ دوسری تقریرعزیزم سلاماسعیدوطالبعلم سال سوم کی تھی جس کا موضوع ’’آنحضرتﷺ پر مزعومہ سحر کی حقیقت اورجماعت احمدیہ کی تشریح ‘‘تھا۔ تیسری اور آخری تقریر خاکسار نے کی جس کا موضوع تھا ’’آنحضرتﷺ غیرمسلموں کی نظر میں‘‘۔ خاکسار نے اپنی تقریر کے تمام حوالہ جات حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ بیان فرمودہ 5؍اکتوبر 2012 سے لیے تھے۔ خاکسار نے طلبہ کی توجہ قائم رکھنے اور ان میں شوق اور دلجمعی پیدا کرنے کے لیے ہر حوالے کے ساتھ اس کتاب کا اصل عکس اورپیش کردہ حوالے کی کتاب کے مصنف کی تصاویر بھی ایک بڑی سکرین پر ساتھ ساتھ دکھائیں۔
تقریب کے آخر پر نگران مجلس ارشاد جامعۃ المبشرین برکینافاسو نے سب کا شکریہ ادا کیا اور یوں دعا کے ساتھ اس جلسہ کا اختتام ہوا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اسوۂ رسول ﷺ کو حقیقی معنوں میں پڑھنے،سمجھنے اور اس پر عمل کی توفیق عطا فرمائے آمین۔
مجلس انصار اللہ برطانیہ کے وفد کے ساتھ ایک نشست
مورخہ18؍نومبر کو مجلس انصا راللہ برطانیہ کے ایک وفد کو جامعۃ المبشرین برکینافاسو مدعو کیا گیا۔ برطانیہ سے یہ وفد ’’مسرور آئی انسٹیٹیوٹ‘‘ کےافتتاح کی تقریب میں شرکت کے لیے برکینافاسو آیا تھا۔ جامعہ کے طلبہ و سٹاف کے ساتھ نشست کے لیے اس وفد میں سے پانچ ممبران شامل ہوئے ان کے نام یہ ہیں: مکرم ظہیر احمد جتوئی صاحب (چیئرمین چیرٹی واک فار پیس و نائب صدر مجلس)، مکرم رفیع احمد بھٹی صاحب (نائب صدر مجلس و نائب چیئرمین چیرٹی واک فار پیس)، مکرم محمد محمود خاں صاحب (قائد عمومی)، مکرم چودھری عبدالمنان صاحب (قائد مال) اور مکرم شیخ رفیق احمد طاہر صاحب (سابق ممبر مجلس عاملہ انصار اللہ برطانیہ و فنڈ ریزر برائےمسرور آئی انسٹی ٹیوٹ)۔
یہ نشست نماز مغرب و عشاء کے بعد ساڑھے چھ بجے شام شروع ہوئی اور تقریباً ڈیڑہ گھنٹہ جاری رہی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہواجو عز یزم ریانو مینسارا طالبعلم سال سوم نے کی اور فرنچ ترجمہ پیش کیا۔ تلاوت کے بعد حضرت مسیح موعودؑ کا اردو منظوم کلام بعنوان ’’اسلام اور بانی اسلامﷺ سے عشق‘‘ جامعہ کے سال سوم کے طالبعلم عزیزم تنغارا عبدالوہاب نے ترنم کے ساتھ پڑھااور فرنچ ترجمہ پیش کیا۔
اس کے بعد مکرم تیندربیوغو لقمان صاحب استاد جامعہ نے فرنچ زبان میں جامعہ کا تعارف پیش کیا بعد ازاں خاکسار نے وفد کے سامنے جامعہ کی مختصر تاریخ انگریزی زبان میں پیش کی ۔
مکرم پرنسپل صاحب جامعۃ المبشرین نے معزز ممبران وفد کا تعارف کروایا اور ان سے سٹیج پر آ کر اظہار خیالات کرنے کی درخواست کی۔ مہمانان گرامی نے باری باری اسٹیج پر آکر متفرق رنگ میں جماعتی خدمات کی توفیق ملنے کا تذکرہ کیا اور محض للہ خدمت کرنے کے غیر معمولی اجر اور ثمرات کا ذکر کرتے ہوئے طلبہ کو نصائح سے نوازا۔ مہمانوں نے طلبہ کو خلافت سے وابستہ ہونے اور برکات خلافت سے مستفید ہونے کے لیے، امام وقت کے لیے دعا کرنے، دعائیہ خطوط لکھنے اور خلیفہ وقت کے ارشادات پر عمل پیرا ہونے کی طرف توجہ دلائی۔
مہمانان نے اردو اور انگریزی زبان میں اپنے خیالات کا اظہار کیا جس کا فرنچ ترجمہ مکرم پرنسپل صاحب پیش کرتے رہے۔ مہمانوں کے تاثرات کے بعد پرنسپل صاحب نے ممبران وفد کا شکریہ ادا کیا اور دعا کروائی اس کے بعد گروپ فوٹو ہوئے۔ اس کے بعد سب طلبہ نے اپنے مخصوص افریقی ترنم کے ساتھ لاالہ الااللّٰہ محمد رسول اللّٰہ اور عربی قصیدہ حضرت مسیح موعودؑکے اشعار اور نعرہ ہاۓ تکبیر کہتے ہوئے مہمانان کو الوداع کہا۔
مہمانوں نے اس نشست اور طلبہ جامعہ سے ملاقات کے متعلق اپنے تاثرات کا اظہا رکرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ماحول اور پیار سے بہت متاثر ہوئے ہیں اور اس دورہ کی تمام حسین یادیں وہ ساتھ لے کر جا رہے ہیں جو کہ ہمیشہ ان کی زندگی کا حصہ رہیں گی۔
(رپورٹ: محمد اظہار احمد راجہ۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)