نیروبی، کینیا میں یو این او کے زیرِ اہتمام افریقہ میں انسانی حقوق سے متعلق سیمینار
انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف احمدی انجنیئرز اینڈ آرکیٹکٹس کے مرکزی عہدیداران اور جماعت احمدیہ کینیا کے وفد کی شمولیت
مورخہ 24و 25؍نومبر بروز جمعراتو جمعہ نیروبی (کینیا) میں ہائی کمشنر فار ہیومن رائیٹس کمیشن یو این او کی طرف سے یو این او آفس میں ’’افریقہ میں انسانی حقوق کی بہتری اور ان کے حصول‘‘ کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس میں انسانی حقوق سے متعلق یو این او کے افسران، انسانی حقوق کمیشن کے ممبران، اٹارنی جنرل کینیا، کینیا گورنمنٹ کے نمائندگان اورمختلف این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پرمکرم اکرم احمدی صاحب کی قیادت میں انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف احمدیہ آرکیٹکٹس و انجنیئرز کے مرکزی نمائندگان اور ان کی دعوت پر جماعت احمدیہ کینیا کے وفد نے بھی اس سیمینار میں شرکت کی۔ اس سیمینار کا تھیم ’’افریقہ میں انسانی حقوق کی بہتری کے ذرائع‘‘ تھا۔ بنفس نفیس شمولیت کے علاوہ متعدد مدعوین نے آن لائن بھی سیمینار میں شرکت کی۔
سیمینار کا آغاز یو این او کے سینئر آفیسر چیف ڈیویلپمنٹ، اکنامک اینڈ سوشل ایشوز مسٹر ٹاڈ ہالینڈ کے افتتاحی ریمارکس سے ہوا جس کے بعد افریقہ میں انسانی حقوق کی صورت حال، ان کی حفاظت اور ان میں بہتری کے ذرائع کے موضوعات پر بات کی گئی اور اس موضوع پر بھی تبادلہ خیالات کیا گیا کہ کس طرح عالمی سطح پر اس ترقی کو قائم رکھا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ عالمی وباکووڈ – 19 کے اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا اور یہ تجویز کیا گیا کہ ایسے پروگراموں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا شکار لوگوں اور دیگر متاثرین کی شرکت یقینی بنائی جائے اور انسانی حقوق سے متعلق افراد اور تنظیموں کی شمولیت کا دائرہ بھی وسیع کیا جائے۔ اور اس کام کے لیے عالمی تعاون حاصل کرنے پر بھی مزید توجہ کی ضرورت ہے۔ ایک رپورٹ میں یہ بات بھی بتائی گئی کہ گنتی کے صرف چند لوگوں کے پاس دنیا کے 3.6 ارب لوگوں سے زیادہ دولت ہے اور یہ امر بہت سے عالمی و علاقائی امور پر اثر انداز ہو رہا ہے۔ ایسے مسائل کو ایڈریس کرنے کے لیے مستقل اقدامات کی ضرورت ہے، شرکانے اخراجات اور دیگر امور میں احتساب کے عمل کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا اس کے علاوہ بعض انتظامی خامیوں کی طرف بھی توجہ دلائی گئی۔ تاہم تمام شرکا نے اسے مجموعی طور پر ایک کامیاب پروگرام قرار دیتے ہوئے انسانی حقوق اور ان سے متعلقہ مسائل کو زیربحث لانے کو اچھا موقعہ قرار دیا اور اسے سراہا۔
اس سیمینار میں انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف احمدی آرکیٹکٹس اینڈ انجنیئرز کی طرف سے چیئرمین مکرم اکرم احمدی صاحب کے علاوہ مکرم انور محمود الرحمان صاحب، مکرمہ نادیہ خلاف الیٹاوی صاحبہ، مکرم ناصر شبوٹی صاحب اور مکرمہ ریما حیدر صاحبہ (ورچوئل) نے شرکت کی۔ جماعت احمدیہ کینیا کے وفد میں مولانا طارق محمود ظفر صاحب امیر و مشنری انچارج کینیا کے علاوہ مکرم حبیب محمد شاتری صاحب، مکرم عبدالعزیز گاکوریا صاحب، مکرم اطہر بھٹی صاحب، مکرم طاہر احمد مجنگو صاحب ، مکرم اسمائیل کشوما صاحب اور مکرمہ رایا حبیب شاتری صاحبہ شامل تھیں۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء
(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)