صدر جماعت احمدیہ برازیل کو کونسل کی طرف سے اعزازی شیلڈ
برازیل کے صوبہ ریو دی جانئیرو کے شہر پیٹروپولس میں جماعت احمدیہ کا ہیڈ کوارٹر ہے جہاں جماعت احمدیہ کی پہلی تاریخی مسجد ’’بیت الاول‘‘ کی تعمیر بھی کی گئی ہے۔ یہاں دیگر ایکٹیویٹیز کے علاوہ دیگر مذاہب کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھنے کے سلسلہ میں گاہے بگاہے مختلف پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ ہیومینٹی فرسٹ برازیل کے تحت مختلف پراجیکٹس پر کام کرتے ہوئے بلا تفریق مذہب و رنگ و نسل انسانیت کی خدمت کے کاموں کی توفیق مل رہی ہے۔ الحمدللہ
پیٹروپولس کی سٹی کونسل کی طرف سے ہر سال ایک اعزازی انعام “Personality of the Year” ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جو شہر اور شہریوں کے لیے نمایاں خدمات بجا لاتے ہیں۔ یہ انتہائی مسرت اور خوشی کی بات ہے کہ امسال ہمارے شہر Petrópolis کی کونسل نے مکرم وسیم احمد ظفر صاحب (نیشنل صدر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل) کو شہر کے لیے نمایاں جماعتی خدمات کے اعتراف میں “Personality of the year” کا اعزاز دیا ہے۔ یہ پُروقار تقریب مورخہ 21؍ستمبر 2022ء کوسٹی کونسل ہال میں منعقد ہوئی۔ کونسل کے صدر جناب Hingo Hammes صاحب نے خود یہ اعزازی دستاویز دی۔ اس تقریب میں دیگر کونسلرز، حاضرین اور اخباری نمائندے بھی موجودتھے۔ اس موقع پر سپیکر صاحب نے تفصیل سے محترم مبلغ انچارج صاحب کا تعارف کروایا۔
سپیکر صاحب نے مبلغ انچارج صاحب کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستانی ہیں اور جماعت احمدیہ برازیل کے صدر ہیںاور اپنی زندگی خدا کے لیے وقف کی ہوئی ہے۔سپیکر صاحب نے جماعت احمدیہ کی نمائندگی میں جو کام ہو رہے ہیں ان کا ذکر کرتے ہوئے خاص طور پراحمدیہ مسجد کے بارے میں کہا کہ 2014ء میں اس علاقےکی پہلی مسجد تعمیر ہوئی جو اس شہر پیٹروپولس میں ایک خوبصور ت اضافہ ہے۔ جناب صدر کونسل نے بھی اپنی تقریر میں جماعت کاتعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ کس طرح جماعت احمدیہ ضرورت پڑنے پر اپنی خدمات پیش کرتی رہتی ہےجن کا بہت سے لوگوں کو علم نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سب کونسلرز نے متفقہ طور پر یہ اعزاز دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ایک اَور کونسلر جناب Mauro Peraltaنے بھی اس موقع پر اپنے بھرپور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور بتایا کہ اسلام کا خدا وہی ہے جو سب کا ہے اور اسلام محبت اور پیار کا مذہب ہے انہوں نے سب حاضرین کو بتایا کہ جب ہم مشن ہاؤس وزٹ کے لیے گئے تو وہاں غریبوں کی امداد کے لیے خورو نوش کے ایک سو پیکٹ تھے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جماعت اس خدمت کے کام کو جاری رکھے گی۔
اس موقع پر محترم مبلغ انچارج صاحب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔آپ نے سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکرادا کیا اور پھر کونسلرز کا نیز بتایا کہ ہمارے پاس خلیفۃ المسیح کی صورت میں ایک روحانی راہنما ہے جن کی قیادت میں جماعت احمدیہ کام کرتی ہے۔اسی طرح جماعت ہیومینٹی فرسٹ کے تحت جہاں موقع ملتا ہے خدمت کے کام کرتی ہے۔محترم مبلغ انچارج صاحب نے اپنی اہلیہ اور دیگر فیملی ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون کے بغیر ان کے لیے جماعتی خدمات بجالانا ممکن نہ ہوتا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس اعزاز کے نتیجے میں پہلے سے بڑھ کر خدمت دین و انسانیت کرنے کی طرف توجہ پیدا ہوگی۔
کونسل کے آفیشل ویب پیج پربھی اس خبر کو تصاویر کے ساتھ شائع کیا گیا نیز تین اخباروں بشمول Tribuna de Petropolisنے بھی اس کی کوریج کی۔اس تقریب کی رپورٹ یوٹیوب چینل پر بھی اپلوڈ کی گئی جو جماعت کے تعارف کا باعث بنی۔ یہ سب اللہ تعالیٰ کا فضل اورخلافت احمدیہ کی برکات کا ثمرہ ہے۔اصل اعزاز تو جماعت کا ہے۔اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ برازیل کے لیے یہ اعزاز بہت مبارک کرے اور ہمیں عاجزانہ راہوں پر چلتے ہوئے مزید کامیابیاں دیتا چلا جائے اور جلد یہاں کے لوگ احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی آغوش میں آکر اپنے پیدا کرنے والے رب کو پہچان لیں۔ آمین
(رپورٹ: حافظ احتشام احمد مومن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برازیل)