مدرسۃ الحفظ گھانا کے ایک اَور طالب علم کا اعزاز۔ تکمیلِ حفظ قرآن
خدا تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 20؍دسمبر 2022ء بروز منگل مدرسۃ الحفظ کے ایک طالب علم عزیزم اینوسا نورالدین (Inusah Nurudeen) ولد محترم اینوسا انجومونچہ صاحب (Mr. Inusah Njomoncha) نے تکمیل حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کی۔ الحمدللہ۔اللہ تعالیٰ یہ سعادت عزیزم و سلسلہ کے لیے مبارک فرمائے اور بچے کے لیے مزید کامیابیوں کا پیش خیمہ بنائے۔ آمین۔
عزیزم 7؍جولائی 2007ء کوٹمالے (Tamale) گھانا میں پیدا ہوئےاور گورنمنٹ سکول ٹمالے سے JHS1 مکمل کرنے کے بعد مدرسۃ الحفظ میں داخل ہوئے۔ ٹمالے گھانا کے شمالی ریجن کا دار الحکومت ہے۔ عزیزم نے ایک سال دس ماہ اور بیس دن میں قرآن کریم کا حفظ مکمل کیا۔ عزیزم کو مدرسۃ الحفظ بھجوانے سے قبل یسرناالقرآن اور صحت تلفظ کے ساتھ قرآن کریم ناظرہ پڑھانے کی سعادت محترم عبد الرشید پوسبل (Possible) صاحب معلم سلسلہ کو ملی۔ بحیثیت استاد مورخہ 20؍دسمبر کو مکرم حافظ خلیق بشیر صاحب نے ان سےآخری سبق سنا اور اس خوشی کے موقع پر عزیز نے اپنے جیب خرچ سے تمام طلباء میں جوس اور بسکٹ تقسیم کیے۔ عزیزم سیکنڈری سکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں داخلے کا خواہشمند ہے تاکہ مزید علم حاصل کر کے سلسلہ کی خدمت کر سکے۔ مدرسۃالحفظ کے آغاز (مارچ 2005ء) سے اب تک اس ادارے سے 78طلبہ قرآنِ کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ اس وقت مدرسۃ الحفظ میں زیرِ تعلیم طلبہ کی تعداد 30 ہے۔ ان طلبہ کا تعلق گھانا، پاکستان، گیمبیا، گنی بساؤ اور لیبیا سے ہے۔
احباب کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جملہ طلبہ کو تکمیلِ حفظِ قرآنِ کریم کرنے، اسے ہمیشہ یاد رکھنے، اس پر عمل پیرا ہونے اور دوسروں کو سکھانے کی توفیق عطا فرمائے نیز ہم سب کو خلافتِ احمدیہ کے زیرِ سایہ قرآن کریم کی بہتر ین رنگ میں خدمت کی توفیق عطا فرماتا رہے۔آمین۔
(رپورٹ: حافظ مبشر احمد جاوید (مربی سلسلہ)۔ انچارج مدرسۃ الحفظ گھانا)