خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…لبنان میں اقوام متحدہ کے امن دستے کے قافلے پر حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ جنوبی لبنان کے گاؤں العقبیح سے بیروت روانہ ہونے والی یو این امن دستوں کی دو گاڑیوں پر حملہ ہوا جس میں آئرلینڈ کے تین اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ اقوام متحدہ امن دستوں کے تقریباً 13؍ہزار اہلکار لبنان میں تعینات ہیں۔1978ء سے اب تک 47؍اہلکار فرائض کی انجام دہی میں وفات پاچکے ہیں۔
٭…یورپی یونین کے جنرل امور کے وزراء نے بوسنیا کو یورپی یونین میں شمولیت کا باضابطہ امیدوار بننے کے لیے گرین سگنل دے دیا۔ بوسنیا دیگر امیدواروں البانیہ، جمہوریہ شمالی مقدونیہ، مونٹی نیگرو، سربیا، ترکی اور یوکرین کے ساتھ یورپی یونین میں شمولیت کے عمل میں شامل ہوگا، جس میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔ ترکی 1999ء سے یورپی یونین کا امیدوار ہے۔ یوکرین جنگ، چین اور روس کے خوف نے یورپی یونین میں دیگر ملکوں کی شمولیت کی راہ ہموار کردی ہے۔ یہ ممالک طویل عرصے سے شمولیت کے منتظر ہیں۔ یورپی یونین کو خدشہ ہے کہ یورپی اتحاد میں شمولیت کی خواہش رکھنے والی بلقان کی ریاستوں کی خواہش پوری نہ ہوسکی تو روس یا چین ان ممالک میں اپنا اثرو رسوخ بڑھا سکتا ہے۔
٭… امریکہ جلد چین کی 36کمپنیوں کو تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کرے گا۔ امریکی محکمہ تجارت رواں ہفتے چپ بنانے والی چینی کمپنی یانگسی میموری ٹیکنالوجیز اور دیگر 35چینی فرموں کو تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جو ان کمپنیوں کو کچھ امریکی اجزا خریدنے سے روکے گی۔
٭…جنوبی امریکہ کے ملک پیرو کی کانگریس نے قبل از وقت انتخابات کا بل مسترد کر دیا، شدید احتجاجی مظاہروں کی وجہ سے ہزاروں سیاح ماچو پچو کے شہر میں پھنسے ہوئے ہیں۔ مظاہرین برطرف صدر پیڈرو کاسٹیلو کی رہائی، موجودہ صدر ڈینا بولارٹے کے استعفے اور نئے انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ لیکن کانگریس نے 2026ء کی بجائے دسمبر 2023ء میں انتخابات کروانے کا بل مسترد کر دیا ہے۔
٭…امریکی سینیٹ نے سرکاری ملازمین کو حکومت کے ڈیوائسز پر ٹک ٹاک استعمال کرنے سے روکنے کے بل کو منظور کرلیا۔ منظوری کے لیے صدر جوبائیڈن کے پاس جانے سے پہلے اس بل کو امریکی ایوان نمائندگان سے بھی منظور ہونا ضروری ہے۔ علاوہ ازیں قومی سلامتی خطرات کے پیش نظر امریکہ کی مزید دو ریاستوں الاباما اور یوٹاہ نے چین کی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی ہے۔
٭…جنوبی کوریا اور جاپان نے تصدیق کی ہے کہ اتوار کو شمالی کوریا نے ایک میزائل فائر کیا ہے۔ جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے جزیرہ نما کوریا کے مشرقی ساحل کی جانب بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ شمالی کوریا کے مطابق یہ سب امریکہ اور جنوبی کوریا کی فضائیہ کی بڑی مشقوں کے جواب میں کیا گیا تھا۔ تاہم امریکی اور جنوبی کوریا کے حکام نے شمالی کوریا کے ان میزائل تجربے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی مشقیں دفاعی نوعیت کی تھیں۔
٭…نیوزی لینڈ نے 2025ء تک ملک کو تمباکو نوشی سے پاک کرنے کی کوشش میں 14سال اور اس سے کم عمر کے بچوں کے سگریٹ خریدنے پر قانونی طور پر پابندی عائد کرنے کے لیے ایک بل منظور کیا ہے۔ جیسنڈا آرڈرن کی حکومت تمباکو نوشی والی مصنوعات میں نکوٹین کی مقدار میں بھی کمی کرے گی۔
٭…فرانس کے شہر لیون کی رہائشی عمارت واکس ان ویلن میں جمعہ کی صبح آتشزدگی سے پانچ بچوں سمیت دس افراد ہلاک ہوگئے۔ آگ گراؤنڈ فلور پر لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے ساتویں منزل تک پھیل گئی۔ واقعے میں چار افراد شدید زخمی ہوئے۔ ایک خاتون نے اپنے بچے کو آگ سے بچانے کے لیے کھڑکی سے باہر پھینکا جسے نیچے موجود شہریوں نے تھام لیا۔بعد ازاں خاتون نے خود بھی کھڑکی سے چھلانگ لگائی لیکن وہ گر کر ہلاک ہوگئی۔
٭…قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن فرانس اور فیوریٹ ارجنٹینا کے درمیان کانٹے کے مقابلہ کے بعد فرانس کو پنالٹیز پر شکست دے کر ارجنٹینا تیسری مرتبہ فٹبال کا عالمی چیمپئن بن گیا۔دونوں ٹیموں نے ابتدا سے ہی جارحانہ حکمت عملی اپنائی رکھی جہاں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی گول بنانے کی کوششیں کرتے رہے۔ ارجنٹینا کو 23 ویں منٹ میں پنالٹی ملی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کپتان لیونل میسی نے گیند کو جال میں پہنچا کر 0-1 کی برتری حاصل کی۔ میچ کے 36 ویں منٹ میں شاندار پاسنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹینا کے ڈی اینجل ماریہ نے گول کرکے برتری 0-2کردی۔دوسرے ہاف میں 80 ویں منٹ میں امباپے نے پنالٹی کک پر پہلا گول کیا جبکہ اگلے ہی منٹ میں انہوں نے ایک اور گول کر کے اسکور 2-2 سے برابر کردیا۔ مقررہ 90 منٹ کے ساتھ ساتھ دونوں ٹیموں کے درمیان اضافی وقت کا پہلا ہاف بھی انتہائی دلچسپ رہا، لیکن دونوں ٹیموں کے کھلاڑی گیند جال کو پہنچانے میں ناکام رہے اور میچ 2-2 سے برابر رہا۔اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں ارجنٹینا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 109ویں منٹ میں لیونل میسی نے عمدہ ٹچ کے ساتھ گول کرکے 2-3 کی برتری حاصل کی۔ارجنٹینا کے ڈیفینڈر کا ہاتھ گیند پر لگ جانے کی وجہ سے فرانس کو پنالٹی کک ملا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے امباپے نے آخری لمحات میں فرانس کا تیسرا گول کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔پنالٹی ککس پر ارجنٹینا 2-4 سے کامیابی حاصل کرکے فٹبال کا عالمی چیمپئن بن گیا۔ واضح رہے کہ ارجنٹینا نے 1986کے بعد دو مرتبہ فائنلز میں شکست کے بعد اب ورلڈکپ اپنے نام کیا ہے۔خیال رہے کہ فرانس اور ارجنٹینا دو دو مرتبہ ورلڈکپ جیت چکی ہیں، لیکن ورلڈکپ 2022ءکا فائنل ارجنٹینا کا پانچواں اور فرانس کا چوتھا فائنل مقابلہ ہے۔