امریکہ (رپورٹس)دورہ امریکہ ستمبر؍اکتوبر 2022ء

دورۂ امریکہ کا بائیسواں روز 17؍اکتوبر 2022ء بروز سوموار

(رپورٹ:عبدالماجد طاہر۔ایڈیشنل وکیل التبشیر اسلام آباد)

٭…حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے کامیاب اور تاریخی دورۂ امریکہ سے واپسی اور اسلام آباد ورودِ مسعود

حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے صبح چھ بج کر پندرہ منٹ پر ’’مسجد بیت الرحمٰن‘‘ میں تشریف لا کر نمازِ فجر پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔

صبح حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دفتری ڈاک ملاحظہ فرمائی اور ہدایات سے نوازا اورحضورِانور مختلف دفتری امور کی انجام دہی میں مصروف رہے۔

پروگرام کے مطابق بارہ بج کر 45 منٹ پر حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائشگاہ سے باہر تشریف لائے۔ رہائشگاہ کے باہر کھلے میدان میں مجلس انصاراللہ اور مجلس خدام الاحمدیہ نے تیراندازی (Archery) اور ایئررائفل (Shooting) کا مقابلہ رکھاہوا تھا۔ حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ازراہِ شفقت اس جگہ تشریف لے آئے۔ حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے سامنے ان دونوں مقابلوں میں حصہ لینے والے آزمائشی مقابلوں کے فائنلسٹس تھے۔ خدام کی طرف سے دو فائنلسٹس اور انصاراللہ کی طرف سے دو فائنلسٹ نے حصہ لیا۔

حضور انور مجلس انصاراللہ اور مجلس خدام الاحمدیہ کے مقابلہ جات ملاحظہ فرما رہے ہیں

مجلس خدام الاحمدیہ ساؤتھ ورجینیا کے معیذگل صاحب نے تیراندازی کا مقابلہ جیتا اور مجلس انصاراللہ نارتھ ورجینیا کے سلیمان چودھری صاحب نے ایئررائفل شوٹنگ کا مقابلہ جیتا۔

بعدازاں ایک بجے حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد بیت الرحمٰن تشریف لا کر نمازِظہروعصر جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائشگاہ پرتشریف لے گئے۔

حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی روانگی کا وقت قریب آرہا تھا۔ مسجد بیت الرحمٰن کے بیرونی احاطہ میں امریکہ کی مختلف جماعتوں سے آنے والے احباب، مردوخواتین کی ایک بڑی تعداد اپنے پیارے آقا کو الوداع کہنے کے لیے جمع ہوچکی تھی۔ یہ تعداد دوہزار نو صد سے زائد تھی۔

پروگرام کے مطابق اڑھائی بجے حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائشگاہ سے باہر تشریف لائے۔ حضورِانور کے چہرۂ مبارک پر نظرپڑتے ہی احبابِ جماعت نے بڑے جوش اور ولولہ کے ساتھ نعرے بلند کیے۔ ایک طرف مسلسل نعرے بلند کیے جارہے تھے۔ دوسری طرف بچیاں گروپ کی شکل میں الوداعی نظمیں پڑھ رہی تھیں۔ خواتین اپنے ہاتھ ہلاتے ہوئے شرف زیارت سے فیضیاب ہورہی تھیں۔ ہرطرف سے السلام علیکم حضور! کی آوازیں بلند ہورہی تھیں۔ حضورِانور اپنے عشاق کے پاس سے گزرتے ہوئے اپنا ہاتھ بلند کرکے والہانہ نعروں اور سلام کا جواب دے رہے تھے۔ حضورِانور کچھ دیر کے لیے احباب میں رونق افروز رہے۔ اِنِّی مَعَکَ یَا مَسْرُوْر کی صدائیں بھی بلند ہورہی تھیں۔ یہ الوداعی مناظر بڑے رقّت آمیز تھے۔ احباب وخواتین یہاں تک کہ بچوں، بچیوں کی آنکھوں میں بھی آنسو نظر آرہے تھے۔ ہرچھوٹا بڑا افسردہ تھا۔

بعدازاں حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دعا کروائی اور اپنا ہاتھ بلند کرکے سب کو ‘السلام علیکم ’کہا اور گاڑی میں تشریف فرماہوئے۔ جب حضورِانور کی گاڑی مسجد بیت الرحمٰن کے بیرونی احاطہ سے روانہ ہوئی تو احباب کے ہاتھ بلند تھے اور ہر طرف سے السلام علیکم، فی امان اللہ اور خدا حافظ کی آوازیں بلند ہورہی تھیں۔

قریباً تین بج کر پچاس منٹ پر حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی واشنگٹن کے انٹرنیشنل Dulles ایئرپورٹ پر تشریف آوری ہوئی۔

حضورِانور کی ایئرپورٹ پر آمد سے قبل ہی سامان کی بکنگ اور بورڈنگ پاس کے حصول کی کارروائی مکمل ہوچکی تھی۔ ایئرپورٹ پر ایک خصوصی انتظام کے تحت حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزایک سپیشل لاؤنج میں تشریف لے آئے۔پانچ بج کر پندرہ منٹ پر حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزجہاز میں سوار ہوئے۔ مکرم صاحبزادہ مرزا مغفور احمدصاحب امیرجماعت یوایس اے، محترمہ صاحبزادی امۃ المصور صاحبہ اہلیہ امیرصاحب امریکہ، مکرم ڈاکٹر نسیم رحمت اللہ صاحب نائب امیرجماعت امریکہ، مکرم ملک وسیم احمد صاحب نائب امیرامریکہ، مکرم مختار احمدملہی صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری جماعت امریکہ، مکرم خرم فواد صاحب حضورِانور کو الوداع کہنے کے لیے حضورِانور کے ساتھ ایئرپورٹ کے اندر تک آئے تھے۔ ان سبھی احباب نے بورڈنگ ایریا تک آکر جہاں سے جہاز پر سوار ہوجاتا ہے، حضورِانور کو الوداع کہا۔ صاحبزادی امۃ المصور صاحبہ نے حضرت بیگم صاحبہ مدظلہا العالی کو الوداع کہا۔ بعدازاں حضورِانور جہاز کے اندر تشریف لے گئے۔

یونائیٹڈ ایئرلائن کی پرواز UA918 چھ بج کر پندرہ منٹ پر واشنگٹن کے Dullas انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہیتھروایئرپورٹ لندن کے لیے روانہ ہوئی۔ قریباً سات گھنٹے کی مسلسل پرواز کے بعد برطانیہ کے مقامی وقت کے مطابق 18؍اکتوبر بروز منگل کی صبح چھ بج کر پندرہ منٹ پر جہاز ہیتھروایئرپورٹ لندن پر اُترا۔ جہاز کے دروازہ پر ایئرپورٹ کے ایک پروٹوکول آفیسر نے حضورِانور کو خوش آمدید کہا۔ بعدازاں حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ایک خصوصی انتظام کے تحت ایک سپیشل لاؤنج میں تشریف لے آئے۔ اسی لاؤنج میں مکرم رفیق احمدحیات صاحب امیرجماعت یوکے، مکرم صاحبزادہ مرزا وقاص احمدصاحب نائب صدر مجلس انصاراللہ یوکے، مکرم عبدالقدوس عارف صاحب صدرمجلس خدام الاحمدیہ یوکے اور مکرم میجرمحمود احمدصاحب افسر حفاظت خاص نے حضورِانور کو خوش آمدید کہا۔ اسی لاؤنج میں امیگریشن افسرنے آکر پاسپورٹ دیکھے۔ قریباً سات بجے ایئرپورٹ سے ’’اسلام آباد‘‘ (ٹلفورڈ،سرے) کے لیے روانگی ہوئی اور قریباً آٹھ بجے حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اسلام آباد تشریف آوری ہوئی۔ جہاں احباب جماعت مردوخواتین اور بچوں بچیوں نے بڑی تعداد میں اپنے پیارے آقا کا استقبال کیا اور خوش آمدید کہا۔

ایک داخلی راستہ پر گیٹ بھی بنایا گیا تھا جس پر ’’اھلاً وسھلاً ومرحباً‘‘ اور ’’جی آیا نوں‘‘ کے بینرز لگائے گئے تھے۔ اس کے علاوہ بجلی کے رنگ برنگے قمقموں سے چراغاں کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

احباب جماعت اپنے پیارے آقا کو خوش آمدید کہنے کے لیے صبح پونے چھ بجے سے ہی اسلام آباد آنا شروع ہوگئے تھے۔ آنے والوں میں مردوخواتین کے علاوہ بڑی تعداد میں بچے بھی شامل تھے۔ اسلام آباد کے اردگرد کی جماعتوں Aldershot، Ash، Farnham، Bordon اور Guildford کے علاوہ لندن اور بعض دوسری جماعتوں سے بھی ایک محتاط اندازے کے مطابق پانچ صد کے قریب احباب اپنے پیارے آقا کے استقبال کے لیے جمع ہوئے تھے۔ اس موقع پر بچے اور بچیاں اپنے ہاتھوں میں لیے ہوئے جھنڈے لہرا کر اپنے آقا کو خوش آمدید کہہ رہی تھیں۔

جونہی حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز گاڑی سے باہر تشریف لائے، احباب نے پرجوش انداز میں نعرے بلند کیے، دوسری طرف بچیوں کا گروپ استقبالیہ گیت ’’طَلَعَ الْبَدْرُ عَلَیْنَا مِنْ ثَنِیۃ الْوِدَاع‘‘ خوش الحانی سے پڑھ رہا تھا۔

اسلام آباد، ٹلفورڈ میں ورودِ مسعود

ایک بچے عزیزم منیف احمدیاسر ولدلقمان احمدیاسر کو حضورِانور کی خدمت میں پھولوں کا گلدستہ پیش کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔

حضورِانور ازراہِ شفقت دوحصوں میں کھڑے احباب اور خواتین کے پاس تشریف لے گئے اور اپنا بلند کرتے ہوئے ان کے نعروں اور سلام کا جواب دیا اور سب کو ‘السلام علیکم ’کہا اور اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔

سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے امریکہ کے اس سفر میں حضرت بیگم صاحبہ مدظلہا العالی کے علاوہ جن ممبران کو حضورِانور کے قافلہ میں شمولیت کی سعادت حاصل ہوئی ان کے اسماء حسب ذیل ہیں۔

مکرم منیراحمدجاوید صاحب (پرائیویٹ سیکرٹری)

مکرم مبارک احمدظفرصاحب (ایڈیشنل وکیل المال یوکے)

مکرم عابدوحیدخان صاحب (انچارج پریس اینڈمیڈیا آفس یوکے)

مکرم سخاوت علی باجوہ صاحب شعبہ حفاظت خاص

مکرم محمود احمدخان صاحب شعبہ حفاظت خاص

مکرم خواجہ عبدالقدوس صاحب شعبہ حفاظت خاص

مکرم مرزا لئیق احمدصاحب شعبہ حفاظت خاص

خاکسار عبدالماجد طاہر (ایڈیشنل وکیل التبشیر یوکے)

امریکہ سے ڈاکٹر مکرم تنویراحمدصاحب اس سارے سفر کے دوران بطور ڈیوٹی قافلہ کے ساتھ رہے۔ امیرصاحب امریکہ نے انہیں سفر کے آغاز سے دوروز قبل ہی یوکے بھجوا دیا تھا، جہاں سے یہ قافلہ کے ساتھ ہی روانہ ہوئے اور پھر واپس اسلام آباد یوکے پہنچنے تک سارے سفر میں قافلہ کے ساتھ رہے۔

امریکہ سے مکرم منعم نعیم صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ امریکہ اس سارے سفر کے دوران سفری انتظامات کے لیے بطور ڈیوٹی قافلہ کے ساتھ رہے۔ امیرصاحب امریکہ نے ان کو بھی سفر کے آغاز سے دوروز قبل یوکے بھجوایا تھا۔ جہاں سے یہ قافلہ کے ساتھ ہی روانہ ہوئے اور پھر واپس اسلام آباد یوکے پہنچنے تک قافلہ کے ساتھ رہے۔

درج ذیل خوش نصیب افراد کو امریکہ میں قیام کے دوران قافلہ میں شامل ہونے کی سعادت نصیب ہوئی۔ یہ احباب حضورِانور کے امریکہ پہنچنے سے دو تین روز قبل اپنے انتظام کے تحت امریکہ پہنچے تھے اور پھر وہاں سے حضورِانور کی ہدایت کے مطابق قافلہ میں شامل ہوئے۔

مکرم ڈاکٹر عبدالمومن جدران صاحب

مکرم محمداحمدصاحب

مکرم ندیدم احمدامینی صاحب

مکرم ملک سجاد احمدصاحب

ایم ٹی اے (MTA) انٹرنیشنل یوکے کے درج ذیل ممبران نے امریکہ سے بعض پروگراموں کی Live ٹرانسمیشن اور مختلف پروگراموں کی کوریج اور ریکارڈنگ کے لیے اس دورہ میں شمولیت کی توفیق پائی۔

مکرم منیرعودہ صاحب ڈائریکٹر MTA پروڈکشن، توقیراحمدمرزا صاحب، عدنان زاہد صاحب، ذکی اللہ احمدصاحب، کرنل شاہد احمدصاحب۔

MTA افریقہ کے تحت افریقن ممالک اور افریقن میڈیا میں اِس دورہ کی کوریج کے لیے مکرم عمر سفیر صاحب ڈائریکٹر MTA افریقہ نے شمولیت کی سعادت پائی۔

ریویو آف ریلیجنز کے تحت اس دورہ کی کوریج کے لیے مکرم عامر سفیر صاحب ایڈیٹر رسالہ ریویو آف ریلیجنز نے شمولیت کا شرف پایا۔

مرکزی شعبہ مخزن تصاویر سے مکرم عمیرعلیم صاحب انچارج شعبہ اور غدیراحمدصاحب نے شمولیت کی سعادت پائی اور مکرم عمیرعلیم صاحب بحیثیت ممبر قافلہ کے ساتھ رہے۔

علاوہ ازیں مکرم فرہاد احمدصاحب مربی سلسلہ (MTA News) نے شعبہ ’’پریس اینڈمیڈیا آفس یوکے‘‘ کے تحت اس دورہ میں شمولیت کی توفیق پائی۔اللہ تعالیٰ ان سب احباب کے لیے یہ سعادت مبارک فرمائے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button