مسجد بیت الاسلام کینیڈا کے 30 سال مکمل ہونے پرخصوصی تقریب شکرانہ اور یارک ریجن پولیس کا مسجد بیت الاسلام کا خیر سگالی دورہ
مورخہ28؍اکتوبر2022ءکو جماعت احمدیہ کینیڈا کی شمالی امریکہ میں سب سے بڑی مسجد، بیت الاسلام کے تیس سال مکمل ہونے پر ایک خصوصی تقریب شکرانہ منعقد ہوئی۔
یاد رہے کہ 30 سال قبل 16؍ اکتوبر 1992ء کو حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ نے اس مسجد کا جمعۃ المبارک کی نماز کی ادائیگی کے ساتھ باقاعدہ افتتاح فرمایا تھا۔
محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور رحمت سے ان تیس سالوں کے دوران ہزارہا غیر ازجماعت مسلم و غیر مسلم مهمانان گرامی اس مسجد کا وزٹ کرچکے ہیں۔ جن میں کینیڈا کے مختلف سرکردہ افراد (بشمول وزیراعظم کینیڈا و پریمیر اونٹاریو وغیره بھی) شامل ہیں۔
مورخہ 28؍اکتوبر2022ء کو حکومت کی طرف سے ’’اسلامی ثقافتی مہینہ‘‘ کے طور پر منانے کے سلسلہ میں مسجد بیت الاسلام میں بھی ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں کم و بیش 220 طلبہ اور 37 دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔
تمام مہمانوں کو مسجد کا گائیڈڈ دورہ کروایا گیا نیزان کا پیس ولیج اور وان کے مربی صاحبان کے ساتھ سوال و جواب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر جامعہ احمدیہ کینیڈا کے بعض طلبہ بھی موجود تھے۔
مہمانوں کو مسجد کی تاریخی تصاویر، معلومات اور حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے دورہ جات پر مبنی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔ جبکہ لجنہ اماء اللہ کی ٹیم نے مہمان خواتین کو مسجد کے لیڈیز ہال کا دورہ کروایا۔
آخر میں مہمانوں کی خدمت میں ریفریشمنٹس پیش کی گئیں۔ نیز مہمانوں کو مسجد کے تیس سال مکمل ہونے کے حوالہ سے خصوصی تحائف بھی پیش کیے گئے۔
اس تقریب کے انعقاد کی قبل از وقت، فیس بک اور انسٹاگرام وغیرہ جیسے ذرائع ابلاغ پر تشہیربھی کی گئی تھی۔ جس سے کثیر افراد تک رسائی ہوئی۔ بہت سے افراد نے اس خصوصی پروگرام کی تشہیر کو دیکھ کر، اس میں شمولیت اور مزید معلومات حاصل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
سات مدعو مہمانوں نے اسلام اور جماعت احمدیہ کے بارے میں کتب کا آرڈر بھی دیا۔ جن میں قرآن حکیم مع انگریزی ترجمہ، اسلامی اصول کی فلاسفی، مذہب کے نام پر خون، اسلام اور ہیومن رائٹس اور عیسائیت کے بارے میں کتب وغیرہ شامل تھیں۔
مہمانوں کے تاثرات
مسجد کا دورہ کرنے والے مہمانوں نے دورہ کے بارے میں مسرت کا اظہار کیا اور جماعت احمدیہ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
ایک جوڑے نے بتایا کہ وہ اس مسجد سے صرف پانچ منٹ کی مسافت پر، گذشتہ 25 سال سے رہائش پذیر ہیں۔ وہ اس مسجد میں آنے کے خواہشمند تھے۔ لیکن انہیں قبل ازیں یہ معلوم نہ تھا کہ ایسا کس طرح ممکن ہو سکتا ہے۔
نوبلٹن کے یونائیٹڈ چرچ سے تعلق رکھنے والے مہمان بھی آئے تھے جو کافی عرصہ تک مسجد میں ٹھہرے رہے اور جماعت کے مربیان کرام سے معلومات حاصل کرتے رہے۔
ایک مدعو مہمان نے اسلام قبول کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ ابھی اس بارے میں کچھ مزید تحقیق کرنا چاہتے ہیں۔ مربی صاحب نے ان سے دوبارہ ملنے کے عزم کا اظہار کیا۔
یارک ریجن پولیس کا مسجد بیت الاسلام کا خیر سگالی دورہ
مورخہ 3؍نومبر2022ء کو یارک ریجن (جس میں بیت الاسلام مسجد بھی واقع ہے) کے 60 سے زائد آفیسرز، پولیس کی خصوصی بس میں مسجد پہنچے اور خیرسگالی دورہ کیا۔
مکرم مربی صاحب پیس ولیج و دیگر عہدیداران نے پولیس افسران کو مسجد کا خصوصی دورہ کرایا، نیز اسلام و احمدیت کا تفصیلی تعارف بھی پیش کیا۔ دورہ کے اختتام پر پولیس افسران نے کافی دلچسپی کا اظہار کیا اور جماعت احمدیہ سے متعلق مختلف سوالات پوچھے جن کے انہیں تسلی بخش جوابات دیے گئے۔
آخر میں مہمانوں کی ریفریشمنٹس سے تواضع کی گئی۔ مزید برآں مہمانوں کو ایک ایک گفٹ پیک بھی دیا گیا جس میں اسلام سے متعلق معلوماتی فلائرز اور دیگر تحائف شامل تھے۔ الحمدللہ یہ ان کے لیےایک نہایت کامیاب و معلوماتی دورہ تھا۔
ایم ٹی اے کینیڈا نے بھی اس دورہ کی ریکارڈنگ کی۔ اس موقع پر ایک انسپکٹر آف پولیس (یارک ریجن) کا خصوصی انٹرویو بھی ریکارڈ کیا گیا۔ تمام مہمان آفیسرز اس دورہ کے تجربہ سے کافی متاثر نظرآ رہے تھے۔
(رپورٹ: ناصراحمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)