ایک احمدی مسلمان کا اعزاز
ہز ایکسیلنسی ڈاکٹر سر افتخار ایاز صاحب کو چند سال قبل ملکہ برطانیہ کی طرف سے نائٹ کمانڈر آف دی موسٹ ایکسیلنٹ آرڈر آف دی برٹش ایمپائر کا اعزاز آپ کی کامن ویلتھ کی ترقی پذیر ممالک کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا تھا۔ اب آپ کو کامن ویلتھ اور یو این ہیومن رائٹس کونسل کا ایمبیسڈر مقرر کیا گیا ہے۔ آپ ایک عرصہ سے کامن ویلتھ کے ساتھ منسلک ہیں۔ آپ شروع میں کامن ویلتھ انسٹی ٹیوٹ میں بطور فیلو فار افریقہ خدمات بجا لاتے رہے۔ پھر آپ کو کامن ویلتھ کے فیلڈ ایکسپرٹ کی حیثیت سےطوالو اور دیگر پیسفک جزائر میں خدمات کی توفیق ملی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ کو طوالومیں جماعت کے قیام، مسجد اور مشن ہاؤس کی تعمیر اور طوالو زبان میں ترجمہ کے ساتھ قرآن کریم کی اشاعت کی بھی توفیق ملی۔ بعدہٗ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت تعلیمی میدان میں ممتاز خدمات سرانجام دینے پر آپ کو برطانیہ کا اعلیٰ سول ایوارڈ OBE دیا گیا یعنی آفیسر آف دی موسٹ ایکسیلنٹ آرڈر آف دی برٹش ایمپائر۔ اس کے علاوہ متعدّد ایوارڈ مل چکے ہیں جن میں الفرڈ آئن سٹائس پیس ایوارڈ، لائف اچیومنٹ ایوارڈ، ایمبیسڈر آف پیس، انٹرنیشنل پیس پرائز، ہیومن رائٹس مَین آف دی ایئر اور دیگر سول اور سرکاری اعزازات شامل ہیں۔
آپ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیٹی کے چیئر مین، طاہر فاؤنڈیشن اور ورلڈ میڈیا فورم کے ڈائریکٹر، اور ایم ٹی اے کے بورڈ ممبر کی صورت میں بھی خدمات سرانجام دینے کی توفیق پا رہے ہیں۔ حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے زیر ہدایت آپ مختلف ممالک میں مقیم مہاجرین اور مصیبت زدگان کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں سفر کر چکے ہیں نیز بہت سے ممالک میں بطور نمائندہ پیس سمپوزیمز اور دیگر اجتماعات میں شامل ہو چکے ہیں۔
اللہ تعالیٰ یہ نئے اعزازات جماعت احمدیہ کے لیے اور ان کے لیے مبارک کرے اوران کو خلافتِ احمدیہ کے زیرِ سایہ انسانیت کی بہترین رنگ میں خدمت کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین