ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا کے زیر اہتمام گلوبل ٹیلی تھون
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ۵؍نومبر ۲۰۲۲ء بروز ہفتہ ’’ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا‘‘ کو ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل کی گلوبل ٹیلی تھون میں شرکت کی سعادت حاصل ہوئی۔ چوبیس گھنٹے کی اس ٹیلی تھون میں حصہ لینے والے دس ممالک میں سے ایک ہونے کے ناطے، ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا کا پروگرام ٹورانٹو کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر بارہ بجے سے رات آٹھ بجے تک، صوبہ اونٹاریو کے شہر Concord میں واقع اس کے ہیڈ کوارٹر سے براہ راست نشر کیا گیا۔ اس سال ٹیلی تھون کا تھیم Responding to the Climate Crisis: Alleviating hunger and extreme suffering through sustainable programs تھا۔
ٹیلی تھون پروگرام کا آغاز قرآن پاک اوراحادیثِ مبارکہ کے ارشادات کی روشنی میں کیا گیا کہ بنی نوع انسان کی ہمدردی اور مدد کے لیے ہمارے فرائض کیا ہیں۔
چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل محترم احمد یحییٰ صاحب بھی اس پروگرام میں شامل ہوئے۔
ٹیلی تھون کے دوران مہمان خصوصی
اس پروگرام میں بہت سے معزز مہمانانِ گرامی شرکت کرتے رہے جن میں امیر جماعت احمدیہ کینیڈا مکرم لال خان ملک صاحب، مشنری انچارج کینیڈا مکرم عبدالرشید انور صاحب اور نائب امیر کینیڈا مکرم ہادی علی چودھری صاحب بھی شامل تھے۔
ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا میں ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر آف ڈیزاسٹر ریلیف ڈاکٹر محمود قریشی صاحب نے بھی شرکت کی، ہیومینٹی فرسٹ کی ڈیزاسٹر ریلیف سرگرمیوں پر بات کرتے ہوئے ہیومینٹی فرسٹ ہیلتھ کیئر کے محترم ماجد خان صاحب نے آئیوری کوسٹ ہسپتال کے منصوبے پر بات کی جو اس وقت جاری ہے۔ نیز ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل کے محترم فضل احمد صاحب نے اس سال کے ٹیلی تھون تھیم کی مطابقت سے موسمیاتی تبدیلی سے آنے والی آفات کے پھیلاؤ پر اظہار خیال کیا۔
پروگرام کے دوران ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا کے ٹیلی تھون میں شامل ہونے والے دیگر مہمانوں میں اونٹاریو کے وزیر تعلیم جناب Stephen Lecce، ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا ڈیزاسٹر ریلیف کے ٹیم لیڈر Brian Wilson بھی شامل تھے۔
اس موقع پر محترم حمید وڑائچ صاحب صدر مجلس انصار اللہ کینیڈا، مکرم غلام مصباح بلوچ صاحب نائب صدر انصار اللہ کینیڈا اورمکرم منیرچودھری صاحب مجلس انصار اللہ کینیڈانےمجلس انصار اللہ کینیڈا کی طرف سے ہیومینٹی فرسٹ کودس ہزار ڈالرز کا چیک پیش کیا۔
اس موقع پر ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا میں یونیورسٹیز لیول پر کام کرنے والے طلبہ نیز خواتین کے ذریعہ چلائے جانے والے پروگرام مثلاً ’’کینیڈا فوڈ بنک‘‘، ’’امداد یتامیٰ‘‘ اور’’پہلے بزرگ‘‘ جیسے پروگراموں کے بارہ میں خصوصی تعارف پیش کیا گیا۔
اس ٹیلی تھون میں نئے آنے والے مہاجرین کی آبادکاری کے بارہ میں بھی ایک پروگرام مختص کیا گیا تھا جس میں شعبہ ضیافت سے محترم ممتاز علی صاحب، مکرم معتز قزق صاحب پروفیسر جامعہ احمدیہ نیز کینیڈا میں نئے آنے والے مکرم عبدالحکیم صاحب نے، نئے آنے والے ریفیوجیز کی آبادکاری کے بارہ میں بڑی مفصل اور معلوماتی گفتگو کی۔ اس موقع پر ناظرین کے لیے کوئز مقابلہ بھی ہوا اور جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
گلوبل ٹیلی تھون کے دوران، رضاکاروں کی ایک ٹیم ان عطیہ دہندگان کی کالیں لینے کے لیے تیار تھی جنہوں نے انسانی ہمدردی کے مختلف پروگراموں کے لیے وعدے کیے تھے۔ بہت سے عطیہ دہندگان ہیومینٹی فرسٹ کی ویب سائٹ کے ذریعے عطیات دینے کے لیے آن لائن گئے۔ پروگرام میں فون کرنے والوں نے اپنے خیالات و جذبات کو ناظرین سے براہ راست شیئر کیا۔ یادرہے کہ ٹیلی تھون کے دوران جمع ہونے والے فنڈز کو ۲۰۲۳ء میں انسانی ہمدردی کے مختلف منصوبوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ انشاء اللہ
اس ایونٹ کی ایک نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ پروگرام کی ڈیویلپمنٹ، اسٹوڈیو سیٹ اپ، ٹیکنیکل سپورٹ، آڈیو اور ویڈیو سمیت پورے پروگرام کا انتظام ہیومینٹی فرسٹ کے رضاکاروں نے کیا۔
الحمدللہ ۲۰۲۲ء گلوبل ٹیلی تھون ایک معلوماتی اور حوصلہ افزا پروگرام تھا جسے احبابِ جماعت اور عام ناظرین نے خوب پذیرائی بخشی۔
(رپورٹ محمد سلطان ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)