خطبہ نکاح

خطبہ نکاح

فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 27 مارچ 2016ء بروز اتوار مسجد فضل لندن میں درج ذیل نکاحوں کا اعلان فرمایا۔

خطبہ مسنونہ کی تلاوت کےبعدحضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا۔

اس وقت مَیں تین نکاحوں کے اعلان کروں گا۔ دو نکاح تو واقفین زندگی مربیان کے ہیں اور ایک واقفِ نو اور واقفۂ نو کاہے۔ واقفین زندگی مربیان خاص طور پر، انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ ان کی ذمہ داریاں جس طرح باہر اپنے نمونے دکھانے کے لئے ہیں اسی طرح اپنے گھرمیں اور اپنے عائلی معاملات میں بھی ہیں۔ پس اس بات کو ہمیشہ سامنے رکھیں تا کہ آپ کے گھروں میں ہمیشہ سکون اور امن رہے ۔ اسی طرح واقفین زندگی سے بیاہنے والی لڑکیوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے کہ واقفِ زندگی کو جہاں بھی بھیجا جائے اور جتنا بھی اس کا الاؤنس ہواسی میں انہوں نے گزارا کرناہےاورقناعت پیدا کرنی ہے۔اگریہ قناعت پیدا ہو جائے تو اللہ تعالیٰ کے فضل سے گھروں میں امن اور سکون رہتا ہے اور آئندہ نسلیں بھی نیکی کو سامنے رکھتے ہوئے پروان چڑھتی ہیں۔اللہ کرےیہ قائم ہونے والے رشتے ان باتوں کا خیال رکھنے والے ہوں۔ اب مَیں نکاح کا اعلان کرتا ہوں۔

پہلا نکاح عزیزہ آصفہ نوید بھٹی بنت مکرم نوید احمد بھٹی صاحب امریکہ کا ہے جو عزیزم سفیر احمد زرتشت خان مبلغ سلسلہ یُوکے کے ساتھ جو زرتشت منیر خان صاحب امیر جماعت ناروے کے بیٹے ہیں، تین ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے ۔

حضور انور نے فریقین میں ایجاب و قبول کروایا اور فرمایا۔

اگلا نکاح عزیز ہ نائلہ کوثر طاہر بنت مکرم عزیز احمد طاہر صاحب کا ہے جو جرمنی کے ہیں ۔ یہ عزیزم نبیل احمد ناصر جو درجہ شاہد جامعہ میں پڑھ رہے ہیں۔ اس سال انشاءاللہ مربی بن جائیں گے، کے ساتھ تین ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے ۔

حضور انور نے فریقین میں ایجاب و قبول کروایا اور فرمایا۔

اگلا نکاح عزیزہ صباحت نصیر واقفۂ نو کا ہےجو نصیر احمد صاحب کی بیٹی ہیں اور یہ عزیزم طاہر احمد خان واقف نو کے ساتھ جو کلیم اللہ خان صاحب جرمنی کے بیٹے ہیں سات ہزار یورو حق مہر پر طے پایا ہے ۔

حضور انور نے فریقین میں ایجاب و قبول کروایا اور فرمایا۔

ان رشتوں کے بابرکت ہونے کے لئے دعا کر لیں۔

(مرتبہ۔ظہیر احمد خان مربی سلسلہ۔انچارج شعبہ ریکارڈ دفتر پی ایس لندن)

٭…٭…٭ؕ

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button