کانگو برازاویل میں مسجد بیت الحمید کا افتتاح
مکرم یوسف بوکولا صاحب معلم سلسلہ جماعت انکائی لکھتے ہیں کہ مورخہ ۳۰؍دسمبر ۲۰۲۲ء کو ہمیں جماعت احمدیہ انکائی کےحلقے کے ایک گاؤں کیمپامبو میں ایک نئی تعمیر کردہ مسجد کا افتتاح کرنے کی توفیق ملی۔ بفضلہ تعالیٰ یہ اس حلقے کی پانچویں مسجد ہے۔ الحمدللہ
گاؤں نیشنل ہائی وے نمبر 1 پر واقع ہے۔ اور اس کی آبادی پانچ صد نفوس سے زائد ہے۔ یہ گاؤں ڈسٹرک کائی کی KIMPAMBOU حدود میں آتا ہے۔ مقامی لوگ زیادہ تر کھیتی باڑی کرتے ہیں۔ اس گاؤں میں دو چرچ تھے اور لوگوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے پادری چرچز کو چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
اس گاؤں میں پہلی دفعہ اسلام کاپیغام جماعت احمدیہ کی بدولت پہنچا۔ دسمبر ۲۰۱۹ء میں خاکسار (یوسف بوکولا معلم سلسلہ) نے اس گاؤں میں تبلیغ کی غرض سے رابطہ کیا اور لوگوں کو کافی کھلے دل کا مالک پایا۔ جنوری ۲۰۲۰ء میں خاکسار نے گاؤں کے نمبر دار سے رابطہ کیا اور اس کو جماعت کا پیغام پہنچایا اور اس سے گاؤں میں عام تبلیغ کرنے کی درخواست کی جس پر بڑی خوشی سے اس نے اپنے گاؤں میں تبلیغ کرنے کی اجازت دے دی۔ چنانچہ خاکسار نے ایک اتوار کو نمبردار کے احاطے میں ہی مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا اور سب گاؤں والوں کو اس میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ چنانچہ اکثریت ہماری دعوت نامے پر حاضر ہوئی۔ اس دن ایک شخص مسٹر بوسانایک نے اپنی فیملی سمیت اسلام احمدیت کو قبول کر لیا۔ اس طرح اس گاؤں میں جماعت کا پہلا پودا لگ گیا۔ پھر اس نومبائع کی مدد سے پورا سال اس گاؤں میں تبلیغ کی گئی اور بفضلہ تعالیٰ ڈیڑھ صد کے قریب بیعتیں ہوگئیں۔ الحمدللہ
احمدی احباب کی تعلیم و تربیت کے لیے مسجد کی ضرورت تھی۔ جس کے لیے گاؤں کی انتظامیہ سے بات کی گئی۔ نمبر دار نے جماعت کو اپنی مسجد بنانے کے لیے ۲۵۰۰ مربع میٹرجگہ تحفۃً دے دی جو بالکل نیشنل ہائی وے کے پاس ہے۔
مسجد کی تعمیر کا اجازت نامہ ملنے پر اپریل ۲۰۲۲ء میں مسجد کی تعمیر کا باقاعدہ کام شروع ہوگیا۔ مقامی احمدی مردو خواتین اور بچوں سب نے مسجد کی تعمیر میں حصہ لیا۔ اور چند ماہ میں بفضلہ تعالیٰ خوبصورت مسجد کی تعمیر مکمل ہوگئی۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت مسجد کا نام بیت الحمید رکھنے کی منظوری عطا فرمائی۔ الحمدللہ
ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا کی مدد سے ہمیں یہ مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔ اللہ تعالیٰ ان تمام احباب و خواتین کو جزائے خیر عطا فرمائے جنہوں نے اس مسجد کی تعمیر میں حصہ لیا۔ آمین
مسجد کا مسقف حصہ ۱۴۴ مربع میٹر ہے اور دو سو سے زائد افراد نماز پڑھ سکتے ہیں۔ نیشنل ہائی وے نمبر1 برازاویل اور پوائنٹ نوار دو مین شہروں کو ملاتی ہے۔روزانہ ہزاروں لوگ یہاں سے گزرتے ہیں اور ہر آنے جانے والی نظر ایک دفعہ ضرور اس مسجد پر پڑتی ہے اورجماعت احمدیہ کا نام بار بار ان کی آنکھوں کے سامنے سے گزرتا ہے۔ اس طرح ہماری کئی مساجد جو مین شاہراہوں پر واقع ہیں، مستقل تبلیغ کا ذریعہ بن رہی ہیں۔ الحمدللہ
مورخہ ۳۰ دسمبر۲۰۲۲ء کو خاکسار (نیشنل صدر و مشنری انچارج کونگو برازاویل) کو مسجد کے افتتاح کے لیے برازاویل سے ایک وفد کے ساتھ انکائی حاضر ہونے کی توفیق ملی۔ ساڑھے بارہ بجے جمعہ کا وقت مقرر کیا گیاتھا جس کے ساتھ ہی مسجد کا افتتاح ہونا تھا۔
بفضلہ تعالیٰ قریب کی آٹھ جماعتوں سے اس موقع پر نمائندگان آئے تھے ۔ چار دیہات کے نمبر دار بھی اس تقریب میں شامل ہوئے۔ اسی طرح ضلع کے کمشنر کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔علاوہ ازیں کچھ سرکردہ عیسائی افراد نےبھی شرکت کی۔لوکل نمبردار اپنی کابینہ کے ساتھ حاضر تھا۔اس موقع پر دوسرے دیہات سے آئے ہوئےنمبرداروں نے کہا کہ جماعت ہمارے گاؤں میں بھی آکر مسجد بنائے۔اور انہوں نے کہا کہ جس طرح کی تعلیمات یہاں آکر ہمیں سننے کا موقع ملا ہے۔اس طرح کی تعلیمات ہم سب کے لیے بہت ضروری ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے کُل حاضری ۲۰۷رہی۔ پروگرام کے آخر پر لوگوں میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ بچے بوڑھے جوان سب بہت خوش تھے ۔اور بار بار اس بات کا اظہار کر رہے تھے کہ اس طرح کے پروگرامز ہوتے رہنے چاہئیں۔ ایک بزرگ نے کہا کہ آج پہلی دفعہ روحانی ماحول محسوس ہوا جس سے واقعی روح کو سکون ملا۔ الحمدللہ
آخر پر دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ یہ مسجد اس علاقے کے لیے نہایت بابرکت فرمائے۔اور پیارے آقا کی نہایت قیمتی نصائح پر عمل کرتے ہوئے احمدی اپنی عبادات کا حق ادا کرنے والے ہوں ۔ آمین