جماعت احمدیہ ساؤتومے کے نویں جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے مورخہ ۱۷؍دسمبر۲۰۲۲ء کو جماعت احمدیہ ساؤتومے کو گوادالوپ (Guadeloupe) شہر کے سکول کے فٹ بال گراؤنڈ میں اپنا نواں ایک روزہ جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمد للہ علیٰ ذالک۔
۲۰۲۰ء اور۲۰۲۱ء میں کورونا وائرس کی وجہ سے جلسہ سالانہ منعقد نہیں ہو سکا تھاتاہم ۲۱؍مئی ۲۰۲۲ءکوپرنسپ جزیرہ پر اور ۱۷؍دسمبر کو ساؤتومے میں جلسہ سالانہ منعقد کیا گیا۔
۱۷؍دسمبر کی صبح آٹھ بجے تک احباب جماعت فٹ بال گراؤنڈ میں جمع ہو گئےتھے۔ جلسہ کا عنوان تھا ’’خلافت احمدیہ امن، بھائی چارےکی ضمانت ہے‘‘ گراؤنڈ کو مختلف جماعتی بینرز سے سجایا گیا تھا۔
جلسہ سالانہ میں کل سات تقاریر کی گئیں۔ جن کے عناوین یوں ہیں ۱: خلافت احمدیہ امن اور بھائی چارے کی ضمانت ہے۔ ۲: مساجد کی اہمیت اور آداب مساجد۔ ۳: نکاح کو رواج دینا۔ ۴: رسول اللہ ﷺ کے بارے بائیبل کی پیش گوئیاں۔ ۵:سیرت النبیﷺ۔ ۶: شراب اورخنزیر کے گوشت کی ممانعت ازروئے قرآن و بائیبل اور سائنسی نقطہ نگاہ میں۔ ۷: مالی قربانی کی اہمیت و برکات۔
جلسہ کے پہلے اجلاس کا آغاز ۹ بج کر ۳۰ منٹ پر ہوا۔ پہلے اجلاس میں تلاوت اور نظم کے بعد تین تقاریر ہوئیں۔ دونوں اجلاسات کے درمیان نومبائعین نے اپنے احمدیت قبول کرنے کے واقعات سنائے اور سوال و جواب بھی ہوئے۔ دوپہر بارہ بجے وقفہ کیا گیا۔ دوران وقفہ ریفریشمنٹ کروائی گئی اور نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ پھر دوسرے اجلاس میں چار تقاریر ہوئیں۔ جلسہ کے اختتام پردعا ہوئی۔ بعد ازاں احباب جماعت نے جماعتی نظمیں اور ترانے پڑھے۔
اس کے بعد احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ شام پانچ بجے تک تمام احباب جماعت بخیریت اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔ جلسہ سالانہ میں الحمد للہ ۳۰جماعتوں سے ۴۱۰؍ احباب جماعت اور غیر مسلم احباب نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ اس میں برکت دےآمین۔ مقامی ریڈیو نے جلسہ کی خبر نشر کی۔
تاثرات
ضلع لوباتا کے میئر صاحب جلسہ میں شریک ہوئے تھے۔ کہنے لگے کہ میں جماعت احمدیہ کو بڑے عرصہ سے جانتا ہوں۔ یہ بہت پرامن جماعت ہے۔ہمارے ملک میں اگر تمام مذاہب اسی طرح امن کی تعلیم دیں تو بہت حسین معاشرہ تشکیل پائے گا۔ جماعت احمدیہ پورے ملک میں عوام الناس کے اندر ایک تبدیلی پیدا کر رہی ہے۔ جماعت کی طرف سے ہمیشہ امن کا پیغام ملا ہے۔ وقار عمل بھی جماعت کا طرہ امتیاز ہے۔ میں خدام سے اپیل کرتا ہوں کہ نئے سال کے موقع پر ہماری مدد کریں۔ اس پر خدام الاحمدیہ ساؤتومے نے ملک بھر میں وقار عمل کے کئی پروگرام کیے۔
اس جلسہ میں بہت سارے نومبائعین بھی شریک ہوئے۔ جلسہ میں ان کی ملاقاتیں اپنے خاندان والوں سے ہوئیں جو پہلے سے احمدی تھےیا نئے احمدی ہوئے تھے۔ نومبائعین اور پرانے احمدی اپنے خاندانوں کو جماعت میں دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔ بار بار اپنےخوشی کےجذبات کا اظہار کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے کہ اس نے ہمارے خاندانوں کو حقیقت کا راستہ دکھایا۔
(رپورٹ: انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)