ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کے تحت فری میڈیکل کیمپ و عطیہ خون کا پروگرام
ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے شروع کیے گئے مختلف فلاحی کاموں کے سلسلے کی ایک کڑی گلوبل ہیلتھ کے تحت میڈیکل کی سہولیات سے محروم علاقوں میں وہاں کے مقامی افراد کی سہولت کے لیے فری میڈیل کیمپس کا انعقاد بھی ہے۔ اس سلسلہ میں محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کو امسال اپنا پہلا فری میڈیکل کیمپ مورخہ ۱۲؍فروری ۲۰۲۳ء بروز اتوار آئیوری کوسٹ کے ریجن نڈوسی (N‘Douci)کے گاؤں بوسوئے/بناؤ (Boussoué/Binao) میں منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ یہ گاؤں آئیوری کوسٹ کے معاشی دارالحکومت آبی جان شہر سے تقریباً ایک سو کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔
اس گاؤں کے نوجوانوں کے صدر مکرم ودراگو الحسن صاحب (Ouedragou Allassane) جو جماعت احمدیہ بناؤ کے صدرجماعت بھی ہیں، انہوں نے گاؤں کی یوتھ کے سربراہ ہونے کی حیثیت سے ماہ دسمبر۲۰۲۲ء میں ہیومینٹی فرسٹ سے اس گاؤں میں میڈیکل کیمپ لگانے کی درخواست کی، جس کو ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے منظور کر لیا گیا۔ خاکسار (ریجنل مبلغ سلسلہ) اور معلم سلسلہ مکرم شمس الدین صاحب نے گذشتہ ماہ دورہ کے دوران جب انہیں میڈیکل کیمپ کی منظوری کی اطلاع دی تو وہاں کے مقامی افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، الحمدللہ۔ خاکسار نے ان سے درخواست کی کہ میڈیکل کیمپ والے دن عطیہ خون کا بھی پروگرام کیا جائے، جسے وہاں کے مقامی افراد خصوصاً نوجوانوں نے بخوشی قبول کیا۔ جس پر خاکسار نے متعلقہ سرکاری عطیہ خون سینٹر (National Blood Transfusion Center) علاقہ آبوویل(Agboville)سے رابطہ کیا اور انہیں ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے لگائے جانے والے میڈیکل کیمپ کے انعقاد کی اطلاع کے ساتھ اس سے گاؤں میں آکر عطیہ خون کیمپ لگائے کی درخواست بھی کی اور انہوں نے اس پروگرام میں شرکت کی حامی بھرلی۔
اس سلسلہ میں ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کے چیئرمین مکرم وترا یحیٰ صاحب (Ouattara Yaya)نے وزارت صحت سے تین سال کے لیے میڈیکل کیمپ منعقد کرنے کا اجازت نامہ دوبارہ حاصل کیا۔ اس سلسلہ میں سال ۲۰۲۳ء کا پہلا میڈیکل کیمپ متعلقہ گاؤں (بوسوئے) میں ہوا اس کی اطلاع ڈسٹرکٹ ڈائیریکٹر شعبہ صحت چیاسالے(Tiassalé)، گبولوویل (Gbolouville)علاقہ کے گورنر اوربوسوئے(Boussoué) گاؤں کے چیف صاحبان کو دی گئی۔
چنانچہ ۱۲؍فروری کی صبح سات بجے سے میڈیکل کیمپ کے لیے چئیرمین ہیومینٹی فرسٹ، احمدی ڈاکٹر احمد کولیبالی صاحب(Dr.Ahmed Coulibaly) ماہر امراض جگر و معدہ نیز انچارج میڈیکل کیمپ اور ان کی ٹیم جس میں احمدیہ ہسپتال آبیجان کے میڈیکل سٹاف کے ۳؍افراد کے علاوہ ۲؍ مزید ڈاکٹر ز اور باقی ۵؍رضاکار ممبران سینٹرل مشن ہاؤس میں جمع ہوئے،اور سفر نیز کیمپ کے انعقاد کی تیاری شروع کی گئی۔ ۷ بج کر ۴۵ منٹ پرامیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب نے دعا کے ساتھ قافلہ کو الوداع کیا۔ ۱۰۰کلومیٹر کا یہ فاصلہ جماعتی گاڑی(mini bus) میں تقریباً دوگھنٹے میں طے کرکے ۱۰ بجے سے پہلے بروقت گورنمنٹ پرائمری سکول بوسوئے گاؤں پہنچے جہاں پر موجود خدام کی مدد سے مختصر وقت میں ایک عارضی ہسپتال قائم کیا گیا۔ پروگرام کے آغاز میں مکرم یحیٰ وترا صاحب نے ہیومینٹی فرسٹ کا تعارف اور اس کے فلاحی کاموں کا کچھ خاکہ پیش کیا اور مقامی معلم صاحب نے اس کا جولا زبان میں ترجمہ کیا اور آخر پر خاکسار نے دعا کروائی جس کے ساتھ ہی اس فری میڈیکل کیمپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے صبح دس بجے سے لےکر تین بجے سہ پہر تک کیمپ میں موجود ڈاکٹر صاحبان نے تقریباً ۲۱۵؍سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا اور ان کو ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے فری ادویات فراہم کی گئیں۔ اس کیمپ میں ہیپاٹائیٹس بی اور سی(Hepatitis B & C) کے فری ٹیسٹ کے علاوہ ذیابیطس کے ٹیسٹ کی بھی سہولت تھی جس کا عوام الناس کو بھرپور فائدہ ہوا۔ جبکہ دوسری جانب عطیہ خون کی ٹیم نے بھی بروقت پہنچ کر کام شروع کردیا تھا۔ اس گاؤں میں پہلی مرتبہ جماعت احمدیہ کی بدولت عطیہ خون کا انتظام کیا گیا جس میں مقامی احباب نے چونتیس(۳۴) خون کی بوتلیں عطیہ کیں جس پر موجود ٹیم نے جماعت احمدیہ اور ہیومینٹی فرسٹ کا شکریہ ادا کیا جس کی بدولت یہاں کے افراد نے بھی اس کار خیر میں حصہ لیا۔میڈیکل کیمپ میں موجود مریضوں اور مقامی اٹھارٹیز نے ہیومینٹی فرسٹ اور جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور ڈاکٹرز کی کاوشوں کو سراہا اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ گاؤں کے نوجوانوں نے عطیہ خون اور ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم کے لیے بہترین کھانے کا انتظام کیا ہوا تھا۔ اللہ تعالیٰ انہیں جزائے حسنہ سے نوازے۔ میڈیکل کیمپ کے آخر پر ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم کی جانب سے مقامی صاحب اختیار افراد کا شکریہ ادا کیا، باجماعت نمازوں کی ادائیگی کے بعد کیمپ کا اختتا م ہوا اور دوبارہ سے تمام سامان گاڑی میں لوڈ کرکے واپسی کا سفر شروع کیا گیا اور تقریباً شام چھ بجے سینٹرل مشن ہاؤس آبی جان پہنچے،جہاں محترم امیر صاحب نے قافلے کا استقبال کیا جس کے بعد انھیں کیمپ کے کامیاب انعقاد کی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے لگائے جانے والے اس میڈیکل کیمپ کی رپورٹ ایک مقامی اخبارAIP میں مورخہ ۱۴؍ فروری کوشائع ہوئی اور ایک ٹی وی چینل کےمقامی نمائندہ نے بھی اس کی کووریج کی نیز سوشل میڈیا کے ذریعے بھی اس کیمپ کی رپورٹ کی اشاعت کی گئی۔ الحمدللہ
اللہ تعالیٰ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ میڈیکل کیمپ اور عطیہ خون کی ٹیمز اور تمام معاونین کو جزاء حسنہ سے نوازے، اور مریضوں کو شفاء کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے نیز ہیومینٹی فرسٹ کے خدمت انسانیت کے اس سلسلہ کو ہمیشہ اسی جوش وجذبے کے ساتھ جاری رکھنے کی توفیق عطا کرے۔ آمین
(رپورٹ: رافع احمد تبسم۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)