پاکستان، برکینا فاسو اور الجزائر میں بسنے والے احمدیوں کے لیے دعاؤں اور صدقات کی تازہ تحریک
(اسلام آباد، ٹلفورڈ، یوکے۔ ۲۴؍ فروری ۲۰۲۳ء) امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبۂ جمعہ میں مخالفانہ حالات کے پیشِ نظر پاکستان، برکینافاسو اور الجزائر میں بسنے والے احمدیوں کے لیے دعائیں کرنے اور صدقات پر زور دینے کی تحریک فرمائی۔ حضورِانور نے فرمایا:
ایک تو میں پاکستان کے احمدیوں کے لیے دعا کے لیے کہنا چاہتا ہوں۔ دعا کریں اللہ تعالیٰ ان پہ جو سخت حالات ہیں وہاں آسانیاں پیدا کرے اور اللہ تعالیٰ انصاف کرنے والوں، قانون نافذ کرنے والوں اور خدا اور اس کے رسول کے نام پر ظلم کرنے والوں کو عقل دے یا ان کے پکڑ کے سامان کرے۔
دوسرے برکینافاسو کے لیے بھی دعا کریں۔ وہاں بھی ابھی سختیاں ہیں اور جو دہشت گرد ہیں، شدت پسند ہیں ان کے وہی عمل ہیں۔ اللہ اور رسولؐ کے نام پر ظلم کر رہے ہیں۔
پھر الجزائر کے لوگوں کے لیے بھی [دعا کریں]۔ وہاں بھی بعض حکومتی کارندے یا عدالتیں احمدیوں سےغلط قسم کے ظلم روا رکھ رہی ہیں۔ اللہ تعالیٰ سب کو اپنی حفاظت میں رکھے۔ خاص طور پر دعاؤں اور صدقات پر بہت زیادہ زور دیں ۔ اللہ تعالیٰ مخالفین کے شر سے ہر ایک کو بچائے۔(آمین)