ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل (ناک کے متعلق قسط 1) (قسط15)
(حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی کتاب ’’ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل ‘‘کی ریپرٹری یعنی ادویہ کی ترتیب بلحاظ علامات تیار کردہ THHRI)
ایڈرینالین
Adrenalin
(Epinephrin)
٭…ہومیوپیتھی طریق علاج میں یہ دوا ہر قسم کے سیلان خون کو روکنے میں مدد دیتی ہے۔ پھیپھڑوں، ناک، انتڑیوں، رحم یا کہیں اور سے خون جاری ہو جائے اور اسے روکنے کے لیے کسی دو ا کی واضح علامتیں نہ ہوں تو ایڈرینالین کو بھی فوری ضرورت کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ خصوصاً نکسیر میں اسے بہت مفید پایا گیا ہے۔کئی سرجن آپریشن سے پہلے اس کا استعمال کرتے ہیں تاکہ خون ضائع نہ ہو۔ (صفحہ19)
ایتھوزا سائی نپیم
Aethusa Cynapium
(Fools Parsley)
٭…ناک گاڑھی رطوبت کی وجہ سے بند ہو جاتا ہے، ناک کی نوک پر چھیلنے کا احساس اور چھینکنے کی بے سود کوشش ایتھوزا کی علامات میں سے ہے۔ (صفحہ26-27)
ایگنس کاسٹس
Agnus castus
(The Chaste Tree)
٭…حیض میں کمی آ جاتی ہے۔ بانجھ پن پیدا ہو جا تا ہے اور ازدواجی تعلقات سے نفرت ہونے لگتی ہے۔ زردی مائل لیکوریا کا اخراج ہو تا ہے۔ مریضہ میں بے چینی، خوف اور مایوسی کے آثار ظاہر ہونے لگتے ہیں۔ وہ ہر وقت غمگین رہتی ہے اور بعض اوقات ہسٹیریائی علامات پیدا ہو جاتی ہیں۔ رحم میں سوزش ہوتی ہے۔ ناک سے خون بہتا ہے۔ ایگنس کاسٹس ان سب علامات میں مفید ہے۔(صفحہ35)
٭…ایگنس کاسٹس میں ناک کی ہڈی میں درد ہوتاہے جسے دبانے سے آرام آتا ہے۔ بعض قسم کی خوشبوؤں سے زودحسی ہوتی ہے، رخساروں پر خارش اور چیونٹیاں رینگنے کا احساس بھی ایگنس کاسٹس کی خاص علامت ہے۔ (صفحہ 36)
ایلیم سیپا
Allium cepa
(Red Onion)
٭…ایلیم سیپا سرخ پیاز سے تیار کی جانے والی دوا ہے جو سردی کے موسم میں ہونے والے نزلہ زکام میں بہت مفید ثابت ہوتی ہے۔ پیاز چھیلنے سے جو علامات ظاہر ہوتی ہیں وہی اس کے نزلہ میں بھی پائی جاتی ہیں۔ گلا بیٹھ جاتا ہے، ناک سے پتلی رطوبت بہتی ہے جس میں تیزابیت ہوتی ہے، آنکھوں سے بکثرت پانی بہتا ہے لیکن اس میں تیزی نہیں ہو تی اور وہ آنکھوں میں سرخی نہیں پیدا کرتا۔ یہ ایلیم سیپا کی امتیازی علامت ہے جو اسے یو فریز یا (Euphrasia) سے الگ کرتی ہے۔ (صفحہ37)
٭…ایلیم سیپا میں آرام سے تکلیف بڑھتی ہے اور حرکت سے کم ہو جاتی ہے۔ رات کو لیٹنے سے بھی تکلیف میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ مرطوب اور سرد موسم میں نزلہ شروع ہو جاتا ہے لیکن کھلی ہوا سے افاقہ ہوتا ہے۔ زکام کے ساتھ سر میں درد ہوتا ہے جو خصوصاً داہنی کنپٹی میں شدت سے محسوس ہوتا ہے اور پیشانی تک پھیل جاتا ہے۔ ایلیم سیپا میں زکام بائیں نتھنے سے شروع ہو کر دائیں طرف منتقل ہونے کا رجحان رکھتا ہے۔ (صفحہ 38)
ایلو
Aloe
(Socotrine – Aloes)
٭…بعض اوقات صبح اٹھتے ہی ایلو کے مریض کے ناک سے خون جاری ہو جاتا ہے۔ مریض کا منہ کڑوا ہو جاتا ہے۔(صفحہ42)
الیومینا
Alumina
(Oxide of Aluminum – Argilla)
٭…کبھی الیومینا کا اثر کھانااور پانی نگلنے والے عضلات پر پڑتا ہے اور چیز نگلنے میں رفتہ رفتہ دقت ہونے لگتی ہے۔ کبھی ان عضلات کی کمزوری سے کھانا سانس کی نالی میں یا اوپر ناک کی نالی میں چلا جاتا ہے۔ (صفحہ52)
٭…نزلاتی اور جلدی علامات بکثرت ملتی ہیں۔ نزلہ ناک میں مستقل اڈہ بنا بیٹھتا ہے۔ ناک ہر وقت خشک مواد سے بھرا رہتا ہے جو بسا اوقات لمبے خشک ہوئے ہوئے ’’ چوہوں‘‘ کی شکل میں ناک کو بھر دیتے ہیں۔ (صفحہ53)
٭… نزلاتی جھلیوں کی طرح جلد بھی ہر قسم کی بیماریوں کا شکار رہتی ہے۔ کھجلا کر جگہ جگہ سے موٹی کھال کی طرح ہو جاتی ہے۔ زخم بھی بنتے ہیں اور ناسور بھی۔ سلفر کی طرح بستر کی گرمی سے خارش بہت بڑھ جاتی ہے۔ چہرے پر یوں لگتا ہے جیسے جالا سا تنا گیا ہو یا انڈے کی سفیدی لگانے کے بعد خشک ہو گئی ہو۔ ناک کی چونچ میں کٹاؤ پڑ جاتا ہے۔ آنکھوں پر سوزش اور بعض دفعہ ککرے بن جاتے ہیں۔(صفحہ53)
ایمبرا گریسا
Ambra grisea
Ambergis-A Morbid Secretion of the Whale
٭…سر کی بیرونی علامتوں میں بالوں کا تیزی سے جھڑنا شامل ہے۔ ایسے مریض کی نکسیر پھوٹے تو بہت زیادہ پھوٹتی ہے اور دانتوں سے جریان خون ہو تو بہت زیادہ ہوتا ہے۔(صفحہ55)
امونیم کارب
Ammonium carb
(Carbonate of Ammonia)
٭…ناک، منہ، گلے، معدے اور انتڑیوں وغیرہ سے خون رسنے لگتا ہے۔ اگر یہ سیاہ رنگ کا ہو اور کچھ پتلا ہو تو امونیم کارب اس کی بہترین دوا ہے۔(صفحہ57)
انتھرا کوکلی
Anthrakokali
٭…ناک کے نتھنے اور ناخنوں کے کندرے پھٹنے لگیں اور زخم بن جائیں تو انتھراکوکلی مفید ثابت ہوتی ہے۔ (صفحہ63)
اینٹی مونیم کروڈ
Antimonium crudum
(سرمہ)
٭…اس کی علامات میں معدے کی خرابی، متلی، پھیپھڑوں پر اثر، ناخنوں اور ناک کے کناروں پر اثر، ناک کے کنارے اور ہونٹ کے کنارے چھل جانا اور خشک ایگزیما شامل ہیں۔(صفحہ 66)
ارجنٹم میٹیلیکم
Argentum metallicum
(Metallic Silver)
٭… ارجنٹم میٹیلیکم کا سب سے زیادہ اثر کرکری ہڈیوں پر ہو تا ہے یعنی وہ ہڈیاں جن میں لچک پائی جاتی ہے اور وہ بآسانی مڑ جاتی ہیں۔ یہ ہڈیاں موٹی اور سخت ہونے لگتی ہیں، ناک کی ہڈی موٹی ہو جانے کے باعث سانس لینے میں دقت ہوتی ہے۔ اس طرح کان کی ہڈیوں میں چھوٹی چھوٹی گانٹھیں سی پڑ جاتی ہیں اور وہ سوج کر موٹی ہونے لگتی ہیں۔ یہی علامتیں بڑھ کر ان ہڈیوں کے کینسر میں بھی تبدیل ہو سکتی ہیں۔(صفحہ71)
آرسینک البم
Arsenicum album
(Arsenious acid)
٭…ناک میں سوزش ہو جائے، خارش محسوس ہو، چھینکیں آنے کا رجحان ہو، ناک سے پانی کی طرح پتلی رطوبت بہے اور گلے کےگلینڈز سوج جائیں تو ان علامتوں سے بھی آرسینک کی نشاندہی ہوتی ہے۔ (صفحہ 96)
٭…کانوں کے اندر جلن اور دکھن کا احساس ہو، بدبودار مواد خارج ہو جس سے خراش پیدا ہوتی ہو، ناک میں بھی جلن ہو، آنکھوں سے بھی جلن اور خراش پیدا کرنے والا پانی بہے تو آرسینک سے فائدہ ہو سکتاہے۔ (صفحہ100)
آرسینک آئیوڈائیڈ
یا
(آرسینیکم آئیوڈیٹم )
Arsenicum iodatum
(Iodide of arsenic)
٭…آرسینک آئیوڈائیڈ بہت وسیع الاثر دوا ہے۔ اس کے تمام اخراجات کاٹنے اور چھیلنے والے ہوتے ہیں۔ جس مخرج سے بھی گزریں وہاں سرخی، جلن اور سوزش پیدا کر دیتے ہیں۔ ناک کی اندرونی سطح متورم اور سخت ہو جاتی ہے، حلق اور کان کے درمیان سوزش کی وجہ سے بہرہ پن بھی پیدا ہو جاتا ہے۔(صفحہ101-102)