دنیائے احمدیت، پاکستان، برکینا فاسو اور بنگلہ دیش کے احمدیوں نیز دنیا کے تباہی سے بچنے کے لیے دعا کی تحریک
(اسلام آباد،۲۴؍مارچ۲۰۲۳ء)امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ الودود بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ ۲۴؍ مارچ ۲۰۲۳ء میں پاکستان اور دیگر ممالک میں بسنے والے احمدیوں کے لیے دعا کی تحریک فرمائی۔
حضورِ انور نے فرمایا: رمضان کے مہینے میں احمدی جہاں اپنے لیے دعا کریں، جماعت کے ہر قسم کے فتنے سے بچنے کے لیے بھی دعا کریں، وہاں مسلم اُمہ کے لیے بھی دعا کریں ۔ اللہ تعالیٰ ان کی آنکھیں کھولے، انہیں اندھیروں سے نکالے اور انہیں اس بات کا ادراک حاصل ہوجائے کہ مقامِ ختم نبوت کو حقیقی طور پر جاننے والے حضرت مرزا غلام احمد قادیانی مسیح موعود اور مہدی معہود اور آپ کی جماعت ہی ہیں۔
پاکستان کے احمدیوں کو خاص طور پر اپنے ملک کے لیے بھی دعا کرنی چاہیے اور پاکستانی احمدیوں کے لیے بھی دعا کرنی چاہیے۔
اللہ تعالیٰ فتنہ پردازوں اور شرپسند اور خود غرض عناصر اور لیڈروں سے ملک کو بچائے۔
اسی طرح برکینافاسو کے احمدیوں کے لیے دعا کریں۔
اللہ تعالیٰ انہیں ہر شر سے محفوظ رکھے ۔
بنگلہ دیش کے احمدیوں کو خاص طور پر دعاؤں میں یاد رکھیں،
وہاں بھی ہر جمعے کوئی نہ کوئی خطرہ رہتا ہے۔
دنیائے احمدیت کے لیے بھی دعا کریں۔
اللہ تعالیٰ ہر شر سے ہر احمدی کو محفوظ رکھے۔ اور ہر احمدی کو ثبات قدم عطا فرمائے اور ایمان اور یقین میں بڑھائے۔
دنیا کے تباہی سے بچنے کے لیے بھی دعا کریں۔
آج کل جو حالا ت ہیں، دنیا آگ کے دہانے پر کھڑی ہے۔ ظاہری جنگوں کی طرف بھی بڑھ رہی ہے، اس کی وجہ سے بھی تباہی آنی ہے اور اخلاقی برائیاں بھی انتہا کو پہنچ چکی ہیں۔ اور یہ لوگ اللہ تعالیٰ کو جس طرح چھوڑ رہے ہیں، یہ اللہ تعالیٰ کے غضب کو بھڑکانے والے نہ بن جائیں اور اس کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کا عذاب نہ ان پر نازل ہو۔
اللہ تعالیٰ احمدیوں کو ہر شر سے بچائے۔ احمدیوں کو اپنا فرض اور حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اور ہر قسم کی آفات سے بچاتے ہوئے اپنی حفاظت اور پناہ میں لے لے۔ (آمین)
٭…٭…٭