افریقہ (رپورٹس)

تنزانیہ کے ریجن موروگورو میں جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد

(عبدالناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تنزانیہ)

مکرم کریم الدین شمس صاحب ریجنل مبلغ موروگورو ریجن تحریر کرتے ہیں:موروگورو میں مورخہ ۱۹؍مارچ۲۰۲۳ءکو جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد کیا گیا۔

اس جلسہ میں تنزانیہ کے امیر و مشنری انچارج مولانا طاہر محمود چودھری صاحب، ڈسٹرکٹ کمشنر اور کئی اہم سرکاری و غیر سرکاری نیز اہم مذہبی شخصیات نے شرکت کی اور مختصر تقاریر کیں۔

تیاری جلسہ

جلسہ کے لیے ۱۹؍ مارچ بروز اتوار کا دن طے پایا۔ جلسہ کی کامیابی کے لیے موروگورو شہر کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مختلف شعبے تشکیل دیے گئے ۔ شہر میں موجود سرکاری و غیرسرکاری اور مختلف مذاہب کے اہم سربراہان و ائمہ کو اس جلسہ میں شرکت کے لیے انفرادی ملاقاتیں کرکے دعوت نامے دیے گئے۔ اسی طرح الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کو بھی پروگرام کی نشر و اشاعت کے لیے مدعو کیا گیا۔

اس مبارک جلسہ کے لیے مسجد نصرت موروگورو کے صحن کو خوبصورت بینرز اور خیمہ جات سے مزین کیا گیا۔ جلسہ کے لیے ایک خوبصورت سٹیج مکرم عبد الناصر باجوہ صاحب استاد جامعہ احمدیہ موروگورو اور ان کی ٹیم نے بڑی محنت سے تیار کیا۔

جلسہ کا وقت شام چار بجے مقرر تھا جس کے لیے موروگورو شہر کے مہمانان تین بجے ہی پہنچنے شروع ہو گئے تھے۔

آغاز جلسہ

جلسہ کا باقاعدہ آغاز شام ساڑھے چار بجے تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم عابد محمود بھٹی صاحب نائب امیر تنزانیہ نے مکرم امیر صاحب کی اجازت سے جلسہ کی کارروائی کا آغاز کیا اور تلاوت و نظم کے بعد مہمانان کا مختصر تعارف کروایا۔ گورنمنٹ کی جانب سے ریجنل کمشنر موروگورو مہمان خصوصی تھے جو شہر سے باہر ایک سرکاری میٹنگ کی وجہ سے نہ آسکے مگر انہوں نے ڈسٹرکٹ کمشنر آف کلوسا کو اپنی نمائندگی میں بھجوایا۔ مہمانو ں کے تعارف کے بعد خاکسار (ریجنل مبلغ موروگورو) نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے تعارف اور سیرت ِ مبارکہ پر تقریر کی اور آپؑ کی ہمدردیٴ خلق سے کچھ حصہ بیان کیا۔

اس تقریر کے بعد نمائندگا ن کی مختصر تقاریر تھیں۔ سب سے پہلے موروگورو کی ریجنل امن کمیٹی کے چیئرمین نے اپنی تقریر میں جلسہ کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد کے بعد کہاکہ’’جماعت کے پاس علم کا بہت وسیع خزانہ اور بہترین اساتذہ ہیں۔ جماعت کی تعلیمات عالمی اور سب کائنات کے لیے ہیں۔‘‘

آپ کے بعد ریجنل اصلاحی کمیٹی کے چیئرمین مکرم جمعہ یحییٰ صاحب نے اس خوبصورت جلسہ کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی اور ایسے پروگراموں کی اہمیت و ضرورت و افادیت بیان کی۔

پھرداودی بوہرا جماعت کے ریجنل امام صاحب جو ایک وفد کے ہمراہ موجود تھے، سٹیج پر تشریف لائے۔ آپ نے جماعت کے ۱۳۴؍ ویں یوم تاسیس پر مبارک باد دی اور جماعت کو بنی نوع سے ہمدردی رکھنے والی اور امن سے محبت کرنے والی جماعت قرار دیا۔

بوہر ا جماعت کے امام صاحب کے بعد اہل سنت کے امام صاحب نے اپنے خیالات کا اظہارکیا اور کہا کہ گورنمنٹ اور مذہبی راہنماؤں اور قبائلی سرداروں کے درمیان تعاون باہمی جو یہاں نظر آرہا ہے تنزانیہ میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے میں ایک بڑا کردار ادا کرسکتا ہے۔

اسی طرح موروگورو ریجن میں پائے جانے والے قبائل کے سردار مکرم چیف کنگالو صاحب نے بھی باہمی تعاون اور رواداری کے اس خوبصورت منظر کی تعریف کی جو انہوں نے اس جلسہ میں مشاہدہ کیا۔

نمائندہ ریجنل پولیس کمانڈر مکرم عمر صاحب نے کہا کہ جماعت اور پولیس قیامِ ا من اور معاشرے میں جرائم کو کم کرنے کے لیے ایک ہی طرح کی خدمات ادا کررہے ہیں۔

گورنمنٹ کی جانب سے مہمان خصوصی ، ریجنل کمشنر کے نمائندہ اور ڈسٹرکٹ کمشنر کلوسا مکرم SHAKA HAMDU SHAKA صاحب نے ریجنل کمشنر موروگورو کی طرف سے کہا کہ ’’جماعت کا یہ جلسہ مختلف مذاہب ، فرقوں اور خیالات کے لوگوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنے کا بہترین موقع ہے۔ اسی طرح مل جل کر کام کرنے سے ایک انقلاب پیدا کیا جاسکتا ہے۔‘‘

آخری تقریر مکرم امیر و مشنری انچارج تنزانیہ کی تھی۔ آپ نے اسلامی تعلیمات، دین میں جبر نہیں، اللہ تعالیٰ کے انبیائےکرام کے درمیان کوئی تفریق نہیں اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کی غرض و غایت مختصراً پیش کیں۔ آپ کی تقریر کے بعد سرکاری و غیر سرکاری نمائندگان میں جماعتی کتب بطور تحفہ پیش کی گئیں جبکہ مہمان خصوصی کو قرآن کریم کا سواحیلی ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔

اس جلسہ کی کل حاضری ۳۷۵؍ رہی جن میں ۶۰؍ غیر ازجماعت مہمان بھی شامل تھے۔

قارئین الفضل کی خدمت میں دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے دور رس اثرات ظاہر فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button