فٹبال ٹورنامنٹ مجلس خدام الاحمدیہ ریجن گراں لاؤو، آئیوری کوسٹ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ ریجن گراں لاؤو (Grand Lahou)، آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۱۱؍فروری ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ فٹبال ٹورنامنٹ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ٹورنامنٹ کے لیے خدام کی آمد کا سلسلہ مورخہ ۱۰؍فروری بروز جمعہ کی شام سے شروع ہوگیا تھا۔ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز مورخہ ۱۱؍فروری بروز ہفتہ صبح نو بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ تلاوت کی سعادت عزیزم صبور احمد کو حاصل ہوئی ۔اس کے بعد خاکسار(مبلغ سلسلہ ریجن گراں لاؤو) نے خدام کو چند نصائح کیں جس میں علمی میدان میں آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ ورزشی مقابلہ جات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی نصائح شامل تھیں۔ اس کے بعد دعا ہوئی۔
اس ٹورنامنٹ میں مختلف مجالس سے آئے ہوئے خدام کی چھ ٹیمیں بنائی گئیں اور ان چھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ ہر ٹیم چھ چھ کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔ گروپ میچز کے بعد چار ٹیموں نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ سیمی فائنل کے مقابلہ جات کے بعد فائنل میں پہنچنے والی ٹیمیں مجلس خدام الاحمدیہ ناندی بو اور مجلس خدام الاحمدیہ گبوییو تھیں۔ ایک دلچسپ مقابلہ کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ ناندی بو نے ٹورنامنٹ کا فائنل میچ جیت کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
شام پانچ بجے اختتامی تقریب منعقد کی گئی جس کا آغاز جماعتی روایات کے مطابق تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد فاتح ٹیم کو ٹرافی سے نوازا گیا۔ پھر خاکسارنے ’’ایک خادم کی ذمہ داری‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اور دعا کروائی جس کے ساتھ اس ٹورنامنٹ کا اختتام ہوا۔ٹورنامنٹ میں ریجن گراں لاؤو کی نو مجالس سے ۶۲؍ خدام نے شرکت کی۔نماز مغرب وعشاء کے بعد ٹورنامنٹ میں شریک خدام کے ساتھ مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا۔ طعام کا انتظام بھی اس پروگرام کا حصہ تھا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس پروگرام کے نیک ثمرات پیدا فرمائے۔آمین
(رپورٹ: لقمان فرید احمد۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)
٭…٭…٭