عالمی خبریں

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔سعودی عرب کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ پیر کو کورونا کے ۲۸۰؍نئے کیسز اور دو اموات کی تصدیق ہوئی۔ ریاض میں ۱۰۲، جدہ میں بتیس،دمام میں پندرہ ،طائف میں گیارہ اور دیگر شہروں میں دس سے کم کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔جن میں سے ۶۸؍کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ۱۲۳؍مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

٭…پرتگال کے دارالحکومت لزبن کے ایک اسماعیلی کمیونٹی سینٹر میں ایک حملہ آور نےایک بڑے چاقو سے حملہ کرکے دو خواتین کو ہلاک کر دیا۔ یہ خواتین مرکز میں پرتگالی عملے کی رکن تھیں۔حملہ آور کو حملہ روکنے کا حکم دیا گیا تھا تا ہم اس نےہاتھ میں چاقو کے ساتھ پولیس کی طرف پیش قدمی کی۔ سنگین خطرے کا سامنا کرتے ہوئے، پولیس اہل کاروں نے اس شخص پرگولی چلادی۔حملہ آور کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ پولیس کی حراست میں ہے۔

٭…فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ دوبارہ صدر منتخب ہوگئے تو روسی اور یوکرینی صدور کے درمیان آسان مذاکرات کے ذریعے ۲۴؍گھنٹوں میں جنگ ختم کروا سکتے ہیں۔جنگ اگلے سال کے اختتام تک بھی ختم نہیں ہوگی، یہ بھی ممکن ہے کہ ہم جنگ عظیم سوم میں چلے جائیں۔جوہری عالمی جنگ بھی چھڑ سکتی ہے جس کے نتیجے میں جنگ عظیم اول اور دوم بہت معمولی معلوم ہوں گی۔ اگر ۲۰۲۰ء میں وہ دوبارہ صدر منتخب ہوجاتے تو کبھی بھی جنگ نہیں ہوتی۔

٭…یوکرین جنگ کے دوران روس کے دفاعی نظام نے پہلی بار امریکی گائیڈڈ میزائل مار گرایا۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ امریکی میزائل روس کی حدود میں مار گرایا ہے۔ ایئر ڈیفنس سسٹم نے پورے دن ۱۸؍راکٹ اور ایک گائیڈڈ میزائل کو روکنے کی کوشش کی۔

٭…مغربی افریقہ کے قریب کھلے سمندر میں بحری قذاقوں نے ڈنمارک کی ملکیت ایک مال بردار بحری جہاز پر حملہ کرکے اسے مغربی افریقہ کی خلیج گنی سے اغوا کرلیا۔ قذاقوں نے ڈینش بحری جہاز پر سولہ رکنی عملے کو بھی یرغمال بنا لیا ہے، جبکہ جہاز سے رابطے کے تمام ذرائع بند کردیے ہیں۔

٭…امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ محکمۂ خارجہ کے سربراہ چائنا ہاوس رک واٹرز نے بیجنگ، شنگھائی اور ہانگ کانگ کا دورہ کیا۔اور چینی ہم منصبوں اور چین میں تعینات امریکی ملازمین سے ملاقات کی۔ واضح رہے کہ دو ماہ قبل چینی غباروں کی آمد کے بعد امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے چین کا دورہ اچانک منسوخ کر دیا تھا۔

٭…یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں سیکیورٹی فورسز نے اسرائیلی اہداف پر حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ یونانی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی عمریں ستائیس اور انتیس سال ہیں، ملزمان ایتھنز کے وسطی علاقے میں اسرائیلیوں کے اکثریتی علاقوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ اسرائیل نے حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام ایران پر لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے بیرون ملک اسرائیل اور یہودی اہداف کے خلاف دہشت گردی کی کوشش کی۔

٭…امریکی نائب صدر کامیلا ہیرس نے گھانا کے شہر اکرا میں ہزاروں نوجوانوں کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے، ڈیجیٹل معیشت کو ترقی دینے اور جمہوریت کی حمایت کے لیے امریکہ اور افریقہ کے درمیان شراکت داری کے ایک نئے دور کا وعدہ کیا۔کامیلا نے زور دے کر کہا کہ وہ تین افریقی ملکوں کے دورے میں مغربی افریقہ کے لیے ۱۳۹؍ملین ڈالر کی امریکی امداد کا وعدہ کر رہی ہیں ، جس کا زیادہ تر حصہ ساحل کے علاقے میں تنازعات پر کنٹرول کے لیے ہو گا، جہاں اسلام پسند انتہاپسندوں نے اپنے قدم جمائے ہوئے ہیں۔پیر کے روز کامیلا ہیرس نے کہا کہ انہوں نے گھانا کے صدر نانا اکوفواڈو کے ساتھ دو طرفہ بات چیت میں انسانی حقوق کے مسائل کو اٹھایا ہے۔

٭…پاکستان کی وفاقی کابینہ نے عدالتی اصلاحات کے ترمیمی بل کا مسودہ منظور کر لیا ہے جس کے تحت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے اختیارات محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ قومی اسمبلی میں بھی ایک قرار داد منظور کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایوان سیاسی معاملات میں عدلیہ کی ’بے جا مداخلت‘ کو سیاسی عدم استحکام کا باعث سمجھتا ہے۔ کابینہ سے منظور شدہ مسودے کے مطابق کسی بھی معاملے پر از خود نوٹس لینے کا فیصلہ سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین ججز کریں گے۔ترمیمی بل میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی آئینی تشریح کے لیے کمیٹی پانچ رُکنی بینچ تشکیل دے گی۔ آرٹیکل ۱۸۴؍کے تحت کوئی بھی معاملہ پہلے ججز کی کمیٹی کے سامنے آئے گا۔حکومت کی جانب سے عدالتی اصلاحات کی اطلاعات پر حزبِ اختلاف کی بڑی جماعت تحریکِ انصاف پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ حکومت اس عمل کے ذریعے سپریم کورٹ کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ ایسے وقت میں عدالتی اصلاحات کی باتیں کرنا جب الیکشن کا کیس زیرِ سماعت ہے، یہ حکومت کی بدنیتی ظاہر کرتا ہے۔

٭…شمالی میکسیکو میں ایک امیگریشن حراستی مرکز میں ملک بدری سے خوفزدہ تارکین وطن نے گدوں کو آگ لگا دی، جس سے کم از کم چالیس افراد ہلاک ہو گئے۔ میکسیکو کے صدر آندرس مینوئل لوپیز اوبراڈور نے اسےمیکسیکو کے امیگریشن لاک اپ میں اب تک کے سب سے ہلاکت خیز واقعات میں سے ایک سے تعبیر کیا۔اور کہا کہ یہ آگ تارکین وطن نےاس وقت احتجاجاً لگانی شروع کی تھی جب انہیں یہ پتا چلاکہ انہیں ملک بدر کر دیا جائے گا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button