اداریہ

بعض تراجم و تفاسیرِ القرآن

(حافظ محمد ظفر اللہ عاجزؔ)

علیمؔ صاحب کہتے ہیں:

ایک ساقی ہے کہ اُس کی آنکھ ہے میخانہ خیز

دم بہ دم اک تازہ دم الہام، پیمانے کا نام

حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ہر جمعہ تازہ دم راہنمائی پر مشتمل شیریں جام اپنے چاہنے والوں کے سامنے رکھتے ہیں تاکہ پیاسی روحیں علم و عرفان سے سیراب ہوکراپنی دنیا و آخرت سنوار سکیں۔ خطبہ جمعہ۳۱؍ مارچ میں حضورِ انور نے ہمیں رمضان کی مناسبت سے قرآنِ کریم کو پڑھنے، سننے، سمجھنے، اس کی تفسیر کو پڑھنے، اس پر غور کرنےاور اس کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنے کی تلقین فرمائی۔ چنانچہ ذیل میں جماعتِ احمدیہ کی جانب سے پیش کردہ ایسے تراجم و تفاسیر قرآنِ کریم کا ایک مختصر تعارف احبابِ جماعت کی خدمت میں پیش ہے جو ہماری دسترس میں ہیں تا ہر فرد حسبِ استطاعت ان میں غوطہ زَن ہو کراپنے علم و عمل میں بہتری لائے اور اطاعتِ امامِ وقت بجا لاکردوہرے ثواب کا مستحق ٹھہرے۔

تفسیر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام:آٹھ جلدوں اور ساڑھے تین ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل یہ سیٹ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی اردو، عربی و فارسی کتب و ملفوظات میں جابجا بیان فرمودہ قرآنی آیات کی تفاسیر کو یکجا کر کے ترتیب دیا گیا ہے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے ۷؍ مارچ ۱۹۸۰ء کو یہ تحریک فرمائی تھی کہ ہر احمدی گھرانہ میں اس تفسیر کا ایک سیٹ ضرور موجود ہونا چاہیے۔

حقائق الفرقان: دو ہزار صفحات اور چار جلدوں پر مشتمل یہ مختصر مگر جامع تفسیر حضرت خلیفۃ المسیح الاوّل رضی اللہ عنہ کے دروس القرآن، خطابات اور تصانیف سے آیاتِ کریمہ کی تشریحات کو اکٹھا کر کے تیار کی گئی ہے۔

تفسیرِ کبیر:علومِ ظاہری و باطنی سے پُر کیے جانے والے حضرت خلیفۃ المسیح الثانی المصلح الموعود رضی اللہ عنہ کی خدمتِ قرآن کا عظیم الشان شاہکار تفسیرِ کبیر کی صورت میں ہمارے سے چند کلک کی دوری پر موجود ہے۔ دس جلدوں اور چھ ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل یہ بے مثال تفسیر قرآنِ کریم کے معارف و نکات کا بیش بہا خزانہ ہے۔ آسان فہم اردو میں ایک تسلسل سے لکھی جانے والی یہ تصنیف دورِ حاضر میں قرآنِ کریم کی تعلیمات کے مؤثر ہونے کو روزِ روشن کی طرح ثابت کرتی ہے۔ حضرت مصلح موعودؓ نے اس کی بابت فرمایا کہ ’اس تفسیر کا بہت سا مضمون میرے غور کا نتیجہ نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کا عطیہ ہے‘۔

تفسیرِ صغیر: حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے قلمِ مبارک سے حیزِ تحریر میں لایا جانے والا بامحاورہ اردو ترجمہ مع مختصر تفسیری نوٹس جو پہلی مرتبہ ۱۹۵۷ء میں شائع ہوا اپنی مثال آپ ہے۔

انوارالقرآن: حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ کے ارشاد پر حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ کے خطبات و خطابات میں بیان فرمودہ تفسیری نکات کو اکٹھا کر کے اٹھارہ سو کے قریب صفحات(تین جلدوں) پر ترتیب دیا گیا ہے۔

ترجمۃ القرآن از حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ:ایم ٹی اے کے اجراکے بعد خلیفۂ وقت کی تازہ ترجمۃ القرآن کلاس کا پوری دنیا میں نشر ہونا ایک نعمتِ غیر مترقبہ سے کم نہ تھا۔ مذکورہ بالا ترجمۃ القرآن سالہاسال تک جاری رہنے والی اس قرآن کلاس کے بعد منصہ شہود پر آنے والا سلیس، رواں لیکن لفظی ترجمۃ القرآن ہے جس میں مختصر تفسیری نوٹس کے ساتھ ساتھ قرآنِ کریم کی سورتوں کے تفصیلی تعارف شامل ہیں۔

ترجمۃ القرآن از حضرت میر محمد اسحاق صاحبؓ:حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے جلیل القدر صحابی حضرت میرمحمد اسحاق صاحبؓ کی جانب سے کیے جانے والے اس مقبولِ عام ترجمے میں عربی اور اردو اسلوب، ترتیب، محاوروں اور دیگر باریکیوں کا خاص اہتمام کیا گیا ہے،ہر عربی لفظ کے نیچے اردو ترجمہ درج ہونے سے قارئین کو مفہوم سمجھنے میں غیر معمولی سہولت ہو جاتی ہے۔

اس کے علاوہ انگریزی زبان میں مطالعے کے شوقین احباب ترجمۃ القرآن انگریزی از حضرت مولوی شیر علی صاحبؓ، ایک جلد پر مشتمل شارٹ کمنٹری از حضرت ملک غلام فرید صاحبؓ اور فائیو والیم کمنٹری نیز دیگر علماء و بزرگانِ سلسلہ کی کتب سے بھی استفادہ کر سکتے ہیں۔

مزید برآں ایم ٹی اے کی ویب سائیٹ، الاسلام ویب سائیٹ اور یوٹیوب پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دروس رمضان المبارک اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کی ترجمۃ القرآن کلاسز، دروس القرآن اور دروس رمضان بصورت ویڈیو موجود ہیں جنہیں احبابِ جماعت بسہولت سن اور دیکھ سکتے ہیں۔ نیز مذکورہ بالاتمام تفاسیر و تراجمِ قرآن جماعتِ احمدیہ کی مرکزی ویب سائیٹ www.alislam.org/quran سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے پیارے امام کے ارشادات کی روشنی میں قرآنِ کریم کو پڑھنے، سننے، سمجھنے، اس پر غور کرنے اور اس کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button