پہلی سیکنڈےنیوین سپورٹس ریلی
(زیرِ اہتمام مجلس انصار اللہ ناروے)
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ ناروے کو امسال سویڈن، ڈنمارک،فن لینڈاورناروے کی پہلی سپورٹس ریلی مورخہ۱۸؍مارچ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ بمقام نانےستاد، ناروےمنعقد کرنے کی توفیق ملی۔ حضور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب صدر مجلس انصارا للہ ناروے کی درخواست پر از راہ شفقت ریلی کے انعقاد کی منظوری عطا فرمائی۔ صدر صاحب مجلس نے مہمان ممالک کے صدرانِ مجالس کو ریلی میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ قائد صاحب صحت جسمانی و ذہانت مجلس انصار اللہ ناروے راناطاہرمحمود صاحب کی نگرانی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ریلی کو کامیاب کرنے کے لیے بھرپورمساعی کی۔انہوں نے اس سلسلہ میں ایک وٹس ایپ گروپ بھی بنایا تاکہ اطلاعات آسانی سے اور بروقت پہنچ سکیں۔ اراکین مجلس عاملہ انصاراللہ ناروے اور زعمائے مجالس کو بھی مختلف انتظامی ڈیوٹیاں سپردکی گئیں۔ مہمانان کے لیے رہائش، ٹرانسپورٹ، ضیافت اور ریلی کے انعقاد کے لیے ہال کے انتظامات کے لیے الگ الگ ٹیمیں بنائی گئیں۔ سپورٹس ریلی کے انعقاد کے لیے مسجد بیت النصر اوسلو سے تقریباً چالیس منٹ کی مسافت پرنانے ستاد شہر میں ایک بڑا سپورٹس ہال کرائے پر لیا گیا تھا۔ ریلی میں حصہ لینے والے انصارکے نام پہلے سے ہی منگوا لیے گئے تھے۔
پہلی سکینڈےنیوین سپورٹس ریلی میں بنیادی طور پر تین کھیلیں بیڈمنٹن،ڈاٹس اور والی بال شامل تھیں۔ اس ریلی کی افتتاحی اور اختتامی تقاریب سپورٹس ہال میں ہی منعقد ہوئیں۔اسی طرح نماز ظہر اور عصر کی ادائیگی اور لنچ بھی ہال میں پیش کیا گیا۔ اس پروگرام کے دوران تمام شاملین کے لیےریفریشمنٹ میں مختلف جوسز، لذیذ سکنجبین اور پھلوں کا انتظام تھا۔ ریلی کے تمام پروگرامز کو Youtubeکے ذریعہ براہ راست نشر کیا گیا۔ مہمانوں کی رہائش کا انتظام مسجد کے مین ہال میں کیا گیا تھا ۔ فرخ اسلام صاحب صدر مجلس انصاراللہ فن لینڈ اپنے انصار کے ساتھ ایک دن قبل جمعہ کو تشریف لائے جبکہ انور رشید صاحب صدر مجلس انصاراللہ سویڈن اپنے انصار کے ساتھ اور محمد اکرم محمود صاحب صدر مجلس انصاراللہ ڈنمارک اپنے انصار کے ساتھ ہفتہ والے دن اپنی اپنی گاڑیوں پر براہ راست سپورٹس ہال میں تشریف لائے۔
افتتاحی تقریب
مورخہ ۱۸؍مارچ ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ صبح ساڑھے گیارہ بجے سپورٹس ریلی کا باقاعدہ آغاز نانے ستاد ہال میں ہوا۔ صدر مجلس انصاراللہ ناروے نے افتتاحی تقریب کے لیے امیر ناروے ظہور احمد چودھری صاحب، نائب امیر و مشنری انچارچ شاہد محمود کاہلوں صاحب اور تینوں مہمان ممالک کے صدور انصاراللہ کو سٹیج پر آنے کی دعوت دی۔ سٹیج کے پیچھے ریلی کے بارے میں ایک لائیو بینر کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ سپورٹس ریلی کا افتتاح تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ صداقت احمدبشارت صاحب نے سورت فاتحہ کی تلاوت کی اور اس کا اُردو اور نارویجین ترجمہ بھی پیش کیا۔ ڈاکٹراحمدرضوان صادق صاحب صدر مجلس انصار اللہ ناروے نے انصاراللہ کا عہد دہرایا۔عہد کے بعد صدرصاحب مجلس انصار اللہ ناروے نے اپنے افتتاحی تقریر میں بتایاکہ آج اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ ناروےکو پہلی سکینڈے نیوین سپورٹس ریلی منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ آپ نے منتظمین ریلی اورشاملین کا بھی شکریہ ادا کیا اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی نصیحت کی۔ صدر صاحب نے آخر میں تمام حاضرین کو سانس کی ایک چھوٹی سی ایکسرسائز بھی کروائی اور اسے روزانہ کا معمول بنانے کے لیے کہا۔ آخر میں آپ نے ریلی کے انعقاد کے سلسلہ میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکاخط بھی پڑھ کر سنایا۔ جس میں حضور نے ریلی کے کامیاب انعقاد کی دعا دی اور انصار کو جسمانی اور روحانی طور پر اس سے مستفید ہونے کی نصیحت فرمائی ہے۔
آخر میں ظہور احمد چودھری صاحب امیر جماعت ناروے نے دعا کروائی۔
دعاکے بعد رانا طاہر محمود صاحب منتظم اعلیٰ ریلی نے انتظامات کے متعلق ہدایات دیں۔ بیڈمنٹن کے انچارج رائے طارق صاحب، ڈاٹس کے انچارج عبدالرحمن قریشی صاحب اور والی بال کے انچارج سیدشان احمد صاحب تھے۔
سپورٹس
افتتاحی تقریب کے بعد سپورٹس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔سب سے پہلے بیڈمنٹن کے مقابلہ جات ہوئے۔ جس میں کل سولہ ٹیمیں شریک ہوئیں۔ بتیس انصار نے بیڈمنٹن میں حصہ لیا۔پہلی پوزیشن ناروے سے نعمان ماجد صاحب اور بابررشید صاحب نے حاصل کی۔ دوسری پوزیشن سویڈن سے بابرشمس صاحب اور نصیرالدین بابر صاحب نے حاصل کی۔ تیسری پوزیشن ناروے سے قاسم انورصاحب اور وسیم وڑائچ صاحب نے حاصل کی۔
بیڈمنٹن کے ساتھ ساتھ ڈاٹس کے مقابلے بھی جاری رہے جس میں کل ۴۳؍ انصار نے حصہ لیا۔ جس میں تینوں پوزیشنز فن لینڈ کے انصار نے حاصل کیں۔
ساڑھے تین بجے سپورٹس ہال میں ہی نماز ظہر وعصر کا انتظام کیا گیا۔ جہاں نمازوں کے بعد کھانا تقسیم کیا گیا۔ کھانے کے وقفہ کے بعد بیڈمنٹن کے بقیہ مقابلے ہوئے اور آخر میں والی بال کے کانٹے دارمقابلے ہوئے جس کو تمام حاضرین نےبہت پسند کیا۔والی بال مقابلوں میں پہلی تینوں پوزیشنز ناروے نے حاصل کیں۔
تقسیم انعامات
ساڑھے سات بجے شام سپورٹس ریلی کی اختتامی تقریب زیرصدارت مکرم امیر جماعت ناروےمنعقد ہوئی۔ عامر مقبول صاحب نے سورۃ البقرہ آیت ۲۴۸ کی تلاوت اور اس کا ترجمہ پیش کیا۔ بعد ازاںامیرصاحب جماعت ناروے نے مختصر تقریر میں فرمایا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا فضل ہوتا ہے جس کو چاہتا ہے نوازتا ہے۔ ہماری نظر اُس کے فضلوں پر ہونی چاہیے۔ آخر میں آپ نے تمام جیتنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔ صدران مجالس انصار اللہ سویڈن، ڈنمارک، فن لینڈ اور ناروے کو یادگاری شیلڈز بھی دی گئیں۔ دعا کے ساتھ یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ رات کے کھانے کا انتظام مسجد بیت النصر اوسلو میں کیا گیا تھا۔ کھانے کے بعد نماز مغرب وعشا ادا کی گئیں۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام انتظامات بہت ہی احسن رنگ میں مکمل ہوئے۔تمام انصار نے یہ پروگرام بہت پسند کیا۔ کل حاضری ۷۵رہی۔الحمدللہ۔ سویڈن کے انصار نے کھانے کے بعد واپسی کا سفر اختیا ر کیا۔ ڈنمارک کا قافلہ اتوار کی صبح ناشتے کے بعد روانہ ہوا۔جبکہ فن لینڈ کا قافلہ پیر کی صبح کو روانہ ہوا۔
(رپورٹ: عامرمحمود قائداشاعت مجلس انصار اللہ ناروے)
٭…٭…٭