امریکہ (رپورٹس)

کینیڈین پارلیمنٹ میں ساتویں سالانہ افطار ڈنر کا اہتمام

(محمد سلطان ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیڈا)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سےمورخہ ۲۷؍مارچ ۲۰۲۳ء بروز پیر، شعبہ امورِ خارجیہ کینیڈا اورParliamentary Friends Association of Ahmadiyya Muslim Jama’at Canadaکے تحت کینیڈین پارلیمنٹ میں ساتویں سالانہ افطار ڈنر کا نہایت کامیاب اہتمام کیا گیا۔

پروگرام کاآغاز شام سوا چھ بجے تلاوت قرآن کریم اور اس کے انگریزی و فرانسیسی تراجم کے ساتھ کیا گیا۔ مکرم فہیم عَفان صاحب ڈائریکٹر Parliamentary Friends Association نے احمدیہ مسلم جماعت اور ایسوسی ایشن کا تعارف کروایا۔ ممبر پارلیمنٹ Francesco Sorbara نےافتتاحی تقریر کی جبکہ ممبر پارلیمنٹ Lindsay Mathyssenنے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ پروگرام کے اختتام پر ممبر پارلیمنٹ Kyle Seeback نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ مذکورہ تینوں ممبران پارلیمنٹ تین مختلف سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھتے ہیں اور Parliamentary Friends Association کے شریک چیئرپرسن ہیں۔

اس پروگرام میں ۲۵۰ سے زائد مہمانانِ گرامی شریک ہوئے جن میں کینیڈین کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ عزت مآب Pierre Poilievre (اپوزیشن لیڈر)، نیوڈیموکریٹک پارٹی (حکومت کی اتحادی پارٹی) کے سربراہ عزت مآب Jagmeet Singh اورگرین پارٹی آف کینیڈا کی سربراہ عزت مآب Elizabeth May بھی شامل تھیں۔ پانچ وفاقی وزرا بشمول عزت مآب احمد حسین اس پروگرام میں شریک ہوئے نیز آٹھ پارلیمنٹری سیکرٹریز نےبھی اس پروگرام میں شرکت کی۔

کینیڈا میں انڈیا کے ہائی کمشنر عزت مآب سجنے کمار ورما کے علاوہ بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، قزاخستان کے ہائی کمشنرز جبکہ عراق، ترکیہ، سویڈن، میکسیکو، سری لنکا اورنیدرلینڈکے ڈپلومیٹس نے اس افطار میں شمولیت کی۔ ان کے علاوہ کینیڈا کے مختلف حصوں اور مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے ۵۰ سے زائد ممبران پارلیمنٹ، پانچ سینیٹرز، چار بیوروکریٹس، تین سٹی کونسلرز، صوبائی اسمبلی کے ایک ممبر، نیز پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

چند دوسرے اسلامی فرقوں نیز یہودیوں اور عیسائی مذاہب کے نمائندوں اور راہنماؤں نےبھی اس افطار پارٹی میں شرکت کی۔

اس موقع پر Find out why Muslims look forward to Ramadan اور Social media tips/strategies on the topic of Ramadan کے موضوع پر آصف خان صاحب سیکرٹری امورِ خارجیہ جماعت کینیڈا اور صفوان چودھری صاحب (انچارج میڈیا ریلیشنز) نے اظہارِ خیال کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزرا اور سیاسی پارٹیوں کے سربراہوں سمیت چنیدہ مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس پروگرام کو یوٹیوب پر بھی براہ راست دکھایا گیا جو مندرجہ ذیل لنک پر دیکھا جاسکتا ہے۔

https://www.youtube.com/live/7uVqS10o6sA?feature=share

کئی غیرمسلم مہمانوں نے بھی اس دن کی مناسبت سے روزہ رکھا ہوا تھا اور افطار کے وقت سب روزہ داروں نے روزہ افطار کیا جس کے بعد نماز مغرب ادا کی گئی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد تمام مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ یہ پروگرام رات نو بجے اختتام پذیر ہوا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button