خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…۱۷؍اپریل ۲۰۲۳ء کو رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں ضلع سرگودھا کی تحصیل بھیرہ کے گاؤں گھوگھیاٹ میں مشتعل ہجوم نے ۱۹۰۵ء میں تعمیر کی گئی احمدیہ مسجد پر دھاوا بول کر اس کے مینار اور گنبد شہید کر دیے ہیں۔مجمع میں موجود چند نوجوان تیزی سے مسجد کے میناروں کے اوپر چڑھے اور ہتھوڑوں کی مدد سے مسجد کے گنبد گرانا شروع کردیے جبکہ اس دوران باقی لوگ سڑک پر نعرہ بازی میں مصروف رہے۔ واقعے کے وقت مقامی تھانے کی پولیس بھی وہاں موجود تھی تاہم پولیس اہلکاروں نے مشتعل ہجوم کو روکنے کی کوشش نہ کی۔
ترجمان جماعت احمدیہ نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ سرگودھا کی گھوگھیاٹ میں واقع عبادت گاہ کے باہر پولیس نے پہلے ہی ایک معاہدے کے تحت آہنی بورڈ لگا دیا تھا جس پر تحریر تھا ’’یہ مسلمانوں کی مسجد نہیں بلکہ قادیانی جماعت کی عبادت گاہ ہے‘‘، پولیس کے اس عمل پر ہم نے احتجاج بھی کیا تھا کہ پولیس کو ایسا کرنے کا کوئی آئینی اور قانونی اختیار حاصل نہیں، اس کے باوجود پولیس کی نگرانی میں شرپسندوں نے ہماری عبادت گاہ پر حملہ کرکے اس کی بے حرمتی کی اور توڑ پھوڑ کی۔ سرگودھا پولیس کو احمدی کمیونٹی کے خلاف جو درخواست دی گئی اس میں یہ الزام لگایا گیا کہ عبادت گاہ کے اندر معلم بچوں کو قرآن پڑھا رہا تھا۔
واضح رہے کہ رواں برس کے دوران پاکستان میں اس قسم کے واقعات میں تیزی آ گئی ہے اور ملک کے مختلف شہروں میں احمدیہ مساجد پر حملے ہوئے ہیں۔
٭…رمضان المبارک میں مسجد الحرام میں لوگوں کی غیر معمولی تعداد عبادت کے لیے آئی۔رمضان المبارک کے پہلے ۲۰؍روز ۲۱؍ملین افراد کی آمد نوٹ کی گئی۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران مسجد الحرام (مکہ مکرمہ) میں اب تک دس لاکھ سے زیادہ معتمرین و زائرین کی آمد کا منفرد ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔
٭…روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کے ریجن خیرسون میں ملٹری ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ہے اور وہاں ہونے والی ملٹری کمانڈ میٹنگ میں شرکت کی۔ روسی صدر نے لوہانسک ریجن میں نیشنل گارڈز ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا۔ فضائی افواج اور سینئر افسران نے صدر پیوٹن کو خیرسون اور زپوریزہیا ریجن کی صورت حال پر بریفنگ دی۔ یوکرین کے خیرسون اور زپوریزہیا ریجن روس سے الحاق کر چکے ہیں۔
٭…پاکستان اور افغانستان کے درمیان مصروف ترین سرحدی گزرگاہ طورخم کے قریب منگل کی صبح شدید طوفان اور گرج چمک کے دوران پہاڑی تودہ ایکسپورٹ روڈ پر گر گیا جس کے باعث سامان سے لدے کم از کم ۲۰؍سے ۲۵؍ کنٹینر ملبے تلے دب گئے۔ واقعے میں کم ازکم دو افغان شہریوں کی اموات کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اب بھی کچھ افراد ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں جنہیں نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
٭…یوکرین کے وزیر خارجہ دمیترو کلیبا سفارتی حمایت حاصل کرنے کےلیے عراق پہنچ گئے۔ پچھلے سال روس کے یوکرین پر حملے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ یوکرینی وزیر خارجہ عراق پہنچے ہیں۔وہ مشرق ِ وسطیٰ ممالک سے سفارتی حمایت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ عراقی وزیر خارجہ فواد حسین کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے یوکرینی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم یقیناً عراق کو ایسے ملک کے طور پر دیکھتے ہیں جو خلیج دور کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر عراقی وزیر خارجہ نے یوکرین میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف فروری میں عراق آئے تھے، ان سے بھی یہی مطالبہ کیا تھا۔ جنگیں مذاکرات سے ختم ہوتی ہیں، اس لیے ہم بات چیت کے عمل پر یقین رکھتے ہیں۔
٭…جاپان میں ہونے والے اجلاس میں دنیا کے امیر ترین جمہوری ممالک پر مشتمل جی سیون گروپ نے چین کی جانب سے تائیوان کے لیے بڑھتے ہوئے خطرات اور شمالی کوریا کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے جاری تجربات پر سخت موقف اپنانے کا عہد کیا ہے۔ سفارت کاروں نے یوکرین کے لیے اپنی حمایت بڑھانے اور روس کو اس کے حملے کی سزا دینے کی کوششوں کو تقویت دینے کا بھی اعادہ کیا۔ واضح رہے کہ امریکی وفد کے لیے جی سیون سفارت کاروں کی یہ ملاقات ایسے وقت میں ہورہی ہے جو روس کے یوکرین پر حملے اور چین سے نمٹنے کی کوششوں کے سلسلے میں بہت اہم ہے۔
٭…سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دو سعودی خلابازوں کے بین الاقوامی خلائی سائنسی مشن پر روانگی سے قبل سعودی خلابازوں سے ملاقات کی ہے۔ کوالیفکیشن پروگرام کو کامیابی کے ساتھ پاس کرنے پر خلابازوں کو مبارکباد پیش کی گئی۔ شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ اس مشن سےخلائی شعبہ میں سعودی عرب کا کردار بڑھنے میں مدد ملے گی، سائنس اور انسانیت کی خدمت کے لیے خلائی تحقیق میں سعودی کردار بھی سامنے آئے گا۔ واضح رہے کہ اس ٹیم میں موجود ریانہ برناوی پہلی عرب اور مسلم خاتون خلا باز ہیں جبکہ علی القرنی پہلے سعودی خلاباز ہیں جو بین الاقوامی خلائی سٹیشن پرجائیں گے۔ دونوں سعودی خلا باز اگلے ماہ مئی میں مشن پر روانہ ہوں گے۔
٭…ایشیا کے درجن بھر ممالک کو ہیٹ ویو نے لپیٹ میں لے لیا۔ ۱۴؍اپریل کو تھائی لینڈ کی تاریخ میں پہلی بار درجہ حرارت ۴۵؍ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ ترکمانستان میں ۱۳؍اپریل کو ۴۲.۲ ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ اپریل میں گرمی کا نیا قومی ریکارڈ بن گیا۔ زیادہ شدید گرمی افغانستان، پاکستان، بھارت اور جنوب مشرقی ایشیا میں ہے، ایشیائی ممالک میں دن گرم ہونے کے ساتھ راتیں بھی معمول سے زائد گرم رہی ہیں۔